افریقہ (رپورٹس)

عربی کیمپ۔ جامعۃ المبشرین گھانا

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

خدا تعالیٰ کے فضل و احسان سے جامعۃ المبشرین گھانا میں نئے چار سالہ کورس کا آغاز ہو چکا ہے۔ نئے چار سالہ کورس کے ابتدائی دو سالوں کی نصابی سر گرمیوں میں طلباء کو انگریزی، اردو اور عربی زبانوں میں مہارت حاصل کرنے کی طرف زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ اسی سلسلہ میں رواں سال میں پہلی مرتبہ 5؍تا 28 جنوری درجہ اولیٰ کے لیے عربی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا مقصد طلباء کو عربی زبان سے متعارف کروانا تھا تا کہ وہ دوران تعلیم بھی بہترین طور پر اسلامی علوم سے خود کو بہرہ ور کرسکیں اور میدان عمل میں بھی انہیں عربی تقریر و تحریر میں کسی قسم کی دقت نہ پیش آئے۔

عربی کیمپ سے متوقع نتائج کے حصول کے لیے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے شا ملین میں مکرم مبشر حسین صاحب(چیئرمین)،مکرم الحسن الحسن احمد صاحب، مکرم طاہر احمد ظفر صاحب، مکرم رضوان احمد کوثر صاحب، مکرم مبشر اقبال صاحب اور مکرم نواز احمد صاحب تھے۔

کیمپ کے انعقاد کے لیے مختلف شعبہ جات قائم کیے گئے جن کی نگرانی کمیٹی ممبرز کے سپرد کی گئی۔ ان شعبہ جات میں نظامت علیا، خوراک ، آڈیو ویڈیو، دروس و تقاریر، کھیل، مہمان نوازی، علمی و ورزشی مقابلہ جات، معاون خصوصی اور انعامات کا شعبہ شامل ہیں۔

عربی کیمپ کی نمایاں سرگرمیوں میں صبح ساڑھے سات بجے سے ڈیڑھ بجے تک تدریس تھی جس دوران طلباء کو عربی زبان میں گفتگو کے آداب اور قواعد سے آگاہی دلائی گئی۔ تدریسی اوقات کے دوران ایک پیریڈ (period)صرف و نحو کی تعلیم کے لیے مختص رہا اور روز مرہ مستعمل عربی زبان سے واقفیت کے لیے طلباء کو عربی زبان میں ویڈیوز بھی دکھائی گئیں اور رات کو لقاء مع العرب بھی دکھایا جاتا رہا۔

طلباء چھوٹی چھوٹی عربی کتب کا مطالعہ کرتے رہے اور ان کی مدد کے لیے انہیں عربی ڈکشنری استعمال کرنے کا طریق بھی سمجھایا گیا۔ طلباء سے عربی زبان میں حضور انور ایدہ للہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خطوط بھی لکھوائے گئے۔

روزانہ کی بنیاد پر بعد نماز عصر طلباء کھیل میں شامل ہوتے اور اختتامی دنوں میں طلباء کو دو گروپس ناصر اور طاہر میں تقسیم کر کے ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔

اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر رات کے کھانے پر مدعو مہمان کے ساتھ طلباء کاعربی زبان میں مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا جاتا رہا۔ جس سے طلباء کو روانی سے عربی بول چال کا موقع میسر آیا۔

باری کی بنیادپر طلباء اسمبلی کے دوران حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات میں سے منتخب حصوں کا عربی میں ترجمہ بھی پڑھ کر سناتے رہے۔ نیز نماز عصر کے بعد عربی زبان میں درس کا سلسلہ بھی جاری کیا گیا۔ کیمپ کے دوران آنے والے جمعہ کے دنوں میں طلباء عربی زبان میں خطبہ بھی دیتے رہے۔

مورخہ 30؍جنوری بروز ہفتہ عربی کیمپ کی اختتامی تقریب عمل میں لائی گئی جس کی صدارت خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا) کو کرنے کی سعادت ملی۔ اس تقریب کے دوران کیمپ کی سرگرمیوں پرمشتمل رپورٹ پیش کی گئی اور علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب میں جامعۃ المبشرین کے تمام اساتذہ اور طلباء شامل ہوئے۔

یہ کیمپ اللہ کے فضل سے ایک نیا اور کامیاب تجربہ تھا جو بے حد مفید رہا۔ تقریب کےآخر میں خاکسار نے جملہ اساتذہ اور طلباء کا شکریہ ادا کیا اور طلباء کو اس زبان کی اپنے طور پر بولنے کی مشق کی طرف توجہ دلائی۔ خاکسا ر نے بالخصوص مکرم الحسن الحسن صاحب عربی استاذ کا شکریہ اد اکیا جنہوں نے اس کیمپ کے لیے بے حد محنت کی۔ دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر خصوصی ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

خدا تعالیٰ اپنے فضل سے تمام اساتذہ کو بہترین جزا دے اور طلباء کی ذہنی ، روحانی اور جسمانی قابلیتوں کو بڑھائے اور انہیں نورِدین سے منور کرے۔ آمین

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نما ئندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button