افریقہ (رپورٹس)

حمدیہ محفل۔ جامعۃ المبشرین گھانا

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 12؍جنوری 2021ء بروز منگل جامعۃ المبشرین گھانا میں حمدیہ محفل کا انعقاد کیا گیا جوسالِ نو کا پہلا پروگرام تھا۔ یہ پروگرام مجلس ارشاد کے تحت منعقد کیا گیا۔ پروگرام سے قبل جامعہ ہال کو بینرزسے سجایا گیا اور سٹیج کے عقب کو پردوں سے زینت دی گئی۔ عقب میں بڑے سائز کا ٹی وی لگایا گیا۔ چنانچہ پروگرام کے حوالے سے 25 بینرز تیار کیے گئے جوٹی وی پر دورانِ پروگرام چلتے رہے۔

اس پروگرام کے مہمان خصوصی مکرم مولوی نواز احمد صاحب استاذ جامعۃ المبشرین تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا جو عزیزم عیسیٰ ایکوا (از گھانا) نے کی۔ گھانا کے ہی عزیزم لقمان اسماعیل نے حدیث پڑھی۔ عزیزم حسین بواٹِنگ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا پاکیزہ حمدیہ کلام ’’حمدو ثناء اسی کو‘‘ مترنم آواز میں سنایا اور اس کا انگریزی ترجمہ بھی پڑھا۔ ان کا تعلق بھی گھانا سے ہے۔

زمبابوے کے طالبعلم عزیزم پاٹسَم مَچیمہ نے حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کا اقتباس پڑھا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اقتباس عزیزم قاسم الیاسو نے پڑھا۔ عزیزم بابا ادریسو نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی المصلح الموعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اقتباس پیش کیا۔ دونوں کا تعلق بھی گھانا سے ہے۔ بعدازاں لائبیریا سے تعلق رکھنے والے عزیزان ابوبکر شریف،بشیرالدین سونی اور ابراہیم سیسی نے song of praise پیش کیا جو Mandingoزبان میں تھا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کا اقتباس عزیزم محمد احمد نے پیش کیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کااقتباس عزیزم عبد الرحمان ابان نے پیش کیا۔ یہ دونوں طلباء بھی گھانا سے ہیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اقتباس عزیزم موسیٰ بلدے نے پیش کیا جو گیمبیا سے ہیں۔ گھانا کے شمالی صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء عزیزان زِبلم عبد الفتاؤ، قاسم الیاسو، طاہر نورالدین اور محمد احمد نے Dagbani زبان میں songs of praiseکورس میں پیش کیا۔

آخر پر مہمانِ خصوصی نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے اقتباس کی روشنی میں نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔ اس پروگرام میں تمام اساتذہ کرام شامل ہوئے۔ پروگرام کے بعد اساتذہ کی خدمت میں ریفریشمنٹ بھی پیش کی گئی۔

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button