افریقہ (رپورٹس)

کونگو برازاویل کے ایک گاؤں Kimbimi میں مسجد کا افتتاح

(سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل کونگو برازاویل)

مکرم داؤد ماسامبا صاحب معلم سلسلہ جماعت میونزی، کونگو برازاویل لکھتے ہیں کہ ان کے حلقے کے ایک گاؤں Kimbimi میں 03؍جنوری 2021ء کو ایک نئی مسجد کا افتتاح ہوا۔ الحمد للہ

اس علاقے میں اسلام کا پیغام احمدیت ہی کی بدولت پہنچا۔ اس سے پہلے زیادہ تر لوگ عیسائیت یا وہاں کے مقامی مذہب سے منسلک تھے۔

مسجد کے افتتاح سے ایک روز قبل خاکسار (نیشنل صدر و مشنری انچارج کونگو برازاویل) کو شام سات تا آٹھ بجے لوکل ریڈیو پر لائیو پروگرام کرنے کی توفیق ملی جس میں مسجد کے افتتاح کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے تھے جن کے جوابات دینے کا موقع ملا۔ نیز اس پروگرام میں بتایا گیا کہ جماعت احمدیہ کی مساجد ہر اس فرد کے لیے کھلی ہیں جو اپنے پیدا کرنے والے خدائے واحدپر ایمان لاتا ہے اور اس کی عبادت کرنا چاہتا ہے ۔

اس مسجد کی بنیاد 28؍دسمبر 2019ء کو رکھی گئی تھی۔ لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے کام روکنا پڑا۔ مسجد کی تعمیر کے لیے گاؤں کی انتظامیہ نے ایک ایکڑ زمین تحفۃً دی تھی۔ اور پھر باقاعدہ لوکل نومبائعین نے وقار عمل کے ذریعے اس کی تعمیر میں حصہ لیا۔ یہ جگہ میونزی شہر سے تقریباً تیس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور اس کے ارد گرد بھی کئی دیہات ہیں جو اس مسجد سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ان شاء اللہ۔ ان دیہات کی طرف جانے والے رستے کچے ہیں اور بارشوں کے دنوں میں وہاں جانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ مسجد کا تعمیر شدہ احاطہ 10×8مربع میٹر ہے جبکہ ڈیڑھ صد افراد اس مسجد میں نماز پڑھ سکتے ہیں۔

مورخہ 3؍جنوری 2021ء کی صبح گیارہ بجے مسجد کے افتتاح کے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم داؤد صاحب معلم سلسلہ نے مسجد کی تعمیر کے بارے میں بتایا۔ پھر خاکسارنے مساجد کی اہمیت اور نماز باجماعت کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو بتایا۔ بعد ازاں دعا کروائی گئی۔ دعا کے بعد حاضرین کو ریفریشمنٹ دی گئی۔ اس دوران لوگوں کی طرف سے چند سوالات پوچھے گئے جن کے تسلی بخش جوابا ت دیے گئے۔

افتتاح کے موقع پر سات دیہات کے نمبر داروں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے آخر پر انہوں اس خواہش کا اظہار کیا کہ ان کے گاؤں میں بھی جماعت احمدیہ مساجد تعمیر کرے۔ اس مسجد کے افتتاح کی جھلکیاں اور ایک رپورٹ نیشنل ٹی وی کونگو پر بھی نشر ہوئی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہاں کے رہنے والے اس مسجد سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ اپنے پیدا کرنے والے سے مضبوط تعلق پیدا کرنے والے ہوں۔ اپنے امام حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کامل اطاعت کرنے والے ہوں۔ اور یہ مسجد اس سارے علاقے کے لیے اسلام احمدیت کی روشنی پھیلانے کا موجب بن جائے۔ آمین

(رپورٹ: سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button