افریقہ (رپورٹس)

میڈیکل کیمپس، ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ 2020ء

(عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ)

1995ء میں قائم ہونے والی فلاحی تنظیم ہیومینٹی فرسٹ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے دنیا کے چھ براعظموں میں خدمت انسانیت کے کاموں میں مصروف عمل ہے،خاص کر ان علاقوں میں جہاں غربت کے مارے لوگ اپنے علاج معالجے اور روزمرہ کی ضروریات تک پوری نہیں کر پاتے۔ ان کاموں میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی شامل ہے۔

ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو خداتعالیٰ کے فضل سے دسمبر 2020ء میں اپنے سالانہ پروگرام کے تحت دو مختلف مقامات پر فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ انہی میں سے ایک 6؍دسمبر 2020ء بروز اتوار اونو(ONO 14) ،بنوا ریجن بسم (Bassam) میں منعقد کیا گیا جو کہ آبی جان شہر سے 90 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک گاؤں ہے۔

کیمپ کے انعقاد سے قبل گاؤں کے چیف کو بھی اس سے آگاہ کیا گیا نیز کچھ روز قبل مقامی احمدی جماعت کے ذریعے مقامی رہائشی افراد میں منعقد ہونے والے کیمپ کے متعلق آگاہی مہم چلائی گئی۔ مورخہ 26؍نومبر کو مکرم یحییٰ وترا صاحب صدر ہیومینیٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کی قیادت میں ٹیم ہیومینٹی فرسٹ اور دو ڈاکٹرز آبی جان شہر سے اس گاؤں میں پہنچے جہاں ان کا استقبال ریجنل مشنری بسم مکرم مبشر احمد صاحب نے کیا۔ گاؤں پہنچتے ہی مقامی چیف سے ملاقات کر کے انہیں اپنے آنے کے مقصد سے آگاہ کیا گیا جس کے بعد کیمپ کی تیاری کی گئی۔ اس کیمپ میں مکرم ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب نیز مکرم ڈاکٹر جواہر ثاقب صاحب نے آنے والے مریضوں کا معائنہ کر کے انہیں ادویات تجویز کیں جبکہ ان کی مدد کے لیے دو نرسز بھی موقع پر موجود تھیں۔ نیز ساتھ ہی ساتھ رجسٹریشن کی ٹیم آنے والے مریضوں کی رجسٹریشن بھی کرتی جاتی تھی۔

کیمپ صبح گیارہ بجے شروع ہو کر دوپہر ساڑھے تین بجے تک جاری رہا ۔اس دوران 350سے زائد مردو زن اور بچوں کا معائنہ کیا گیا۔معائنہ کے ساتھ ساتھ مستحق مریضوں میں 842,735 فرانک سیفا رقم کی ادویات مفت تقسیم کی گئیں۔ مقامی افراد نے ہیومینیٹی فرسٹ کے اس کام کو سراہا کہ ایسے دور دراز علاقوں میں آکر ان کی مدد کی گئی نیز مقامی احباب اس علاج و ادویات سے مطمئن بھی تھے۔

ہیومینٹی فرسٹ کے تحت دوسرے میڈیکل کیمپ کا انعقاد مورخہ26؍دسمبر2020ء بروز ہفتہ آبی جان شہر سے500 کلومیٹر دور ایک گاؤں اورباں کاہا (Iourougbankaha) میں کیا گیا۔ یہاں بھی چیئر مین ہیومینٹیفرسٹ کی قیادت میں پانچ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل 15 رکنی ٹیم آبی جان سے 25؍دسمبرکو بواکے مشن ہاؤس پہنچی اور اگلے ہی روز مذکورہ گاؤں کے لیے روانہ ہو کر ساڑھے آٹھ بجے وہاں پہنچ گئی جہاں پر گاؤں کے چیف اور لوگوں نے ٹیم کا استقبال کیا۔کیمپ انسٹالیشن کے بعد نو بجے صبح کیمپ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ خدام الاحمدیہ بواکے کی ایک ٹیم نے رجسٹریشن کے فرائض سر انجام دیے۔

اس کیمپ میں مریضوں کے معائنہ کے لیے پانچ ڈاکٹرز موجود تھے جن میں مکرم ثاقب صاحب انچارج احمدیہ کلینک آبی جان، ڈاکٹر طورے محمد صاحب، ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب، کوکوڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹر پروفیسر ڈوکرے صاحب اور کچولا ڈیپارٹمنٹ کے انچارج ڈاکٹر صاحب شامل تھے۔ ان کی مدد کے لیے بواکے یونیورسٹی کے چار طلباء بھی موقع پر موجود تھے۔ دوپہرڈیڑھ بجےتک یہ پروگرام جاری رہا جس دوران مریضوں کا معائنہ کیا جاتا رہا۔ اس کیمپ کے دوران کل 428 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں 219 بالغان اور209 بچگان شامل ہیں۔ دوران کیمپ علاج ومعائنہ کے ساتھ ساتھ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بھی ممکن بنائی گئی جن کی مالیت 12 لاکھ فرانک سیفا ہے۔

اس کیمپ کی خاص بات یہ ہے کہ دوران کیمپ عطیہ خون کا انتظام بھی کیا گیا جس کے ذریعے 53 مردو خواتین نے خون کا عطیہ دیا۔ یوں یہ میڈیکل کیمپ دو دو ذرائع سے انسانی جانوں کے بچانے اور انسانیت کی خدمت کرنے کا موجب ہوا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان تمام مریضوں کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا کرے نیز تمام ڈاکٹرز،نرسز و ٹیم ہیومینٹی فرسٹ و رضاکاران کو اجر عظیم عطا کرے۔ نیز ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو آئندہ بھی زیادہ سے زیادہ خدمت انسانیت کے کام کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ:عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button