حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(یکم فروری۔09:00 GMT)

کل مریض: 103,558,430

صحت یاب ہونے والے: 75,182,923

وفات یافتگان: 2,238,609

٭… میانمار (برما) کی فوج نے برسر اقتدار جماعت نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کی رہنما آنگ سان سوچی اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد ملک کا کنٹرول سنبھالنے کى تصدیق کر دی ہے۔یہ بغاوت انتخابات کے بعد سویلین حکومت اور فوج کے مابین کشیدگی کے نتیجے میں ہوئی ہے۔آنگ سان سوچی اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کے چند گھنٹے بعد میانمار کی فوج نے ٹی وی پر اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ایک سال کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے کمانڈر ان چیف من آنگ ہلاینگ کو اختیارات سونپ رہی ہے۔ آنگ سان سوچی کی جماعت کے ترجمان نے جمعرات کی صبح روئٹرز کو بتایا کہ آنگ سان سوچی، صدر ون مائنٹ اور دیگر رہنماؤں کو صبح سویرے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ میں اپنے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ عجلت میں ردعمل کا اظہار نہ کریں اور میں چاہتا ہوں کہ وہ قانون کی پاسداری کریں۔ملک کے اہم شہروں میں ٹیلیفون اور انٹرنیٹ سروس منقطع کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ میانمار میں 2011ء تک فوج کی حکومت رہی ہے۔

٭…عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے یورپی ممالک پر کورونا وائرس کی ویکسین کی یورپی حدود سے باہر برآمد پر پابندیاں عائد کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے وبا پر قابو پانے میں طویل عرصہ لگ سکتا ہے۔

٭…امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے اپنا عہدے سنبھالنے کے ایک دن بعد ہی تصدیق کی ہے کہ صدر جو بائیڈن اپنے پیش رو صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ ختم کیے جانے والے جوہری معاہدے کی بحالی کے خواہاں ہیں مگر انہوں نے کہا کہ وہ ایران کی طرف سے اس دباؤ کو مسترد کرتے ہیں جس میں امریکہ سے پہل کرنے کا کہا گیا۔امریکہ کےجوہری معاہدے میں واپسی کو ایران کے جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری سے مشروط کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیاں اٹھائے جانے سے قبل جوہری اقدامات واپس نہیں لیں گے، ایسا نہیں ہوگا۔ امریکہ نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئےایرانی عوام پرخوراک، دوائیں بلاک کیںجبکہ ایران جوہری معاہدے کی پاسداری کرتا رہا، ایران نے مستقبل سے متعلق احتیاطی طور پر اقدامات کیے ہیں۔ دوسری جانب ایران جنوری میں یورینیم افزودگی کی شرح 20 فیصد تک بڑھانے کا اعلان کرچکا ہےجبکہ عالمی جوہری معاہدے کے تحت ایران پر یورینیم افزودگی کی شرح کی حد 3.67 مقرر ہے۔خیال رہے کہ امریکہ نے 2015ء میں ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ایران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے پر آمادہ ہو گیا تھا۔ تاہم سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوباما انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے اس معاہدے کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے ایران پر دوبارہ سخت پابندیاں عائد کر دیںتھیں۔

٭…فرانس کے صدر عمانویل میکراں نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات میں سعودی عرب کو ضرور شامل کیا جانا چاہیے۔ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر مذاکرات بہت سخت ہوں گے۔ تہران کے ساتھ 2015ء کے معاہدے میں علاقائی طاقتوں سے رجوع کیے بغیر جو غلطیاں ہوئیں ان سے گریز کرنا ہو گا۔جبکہ نیا فریق شامل کرنے کا امکان مسترد کر تے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے کہا کہ ’جوہری معاہدہ ایک کثیر الجہتی بین الاقوامی معاہدہ ہے جس کی منظوری اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد 2231 کے تحت دی گئی، اس میں ردّوبدل ممکن نہیں اور اس معاہدے کے فریق واضح ہیں جن میں تبدیلی نہیں ہو سکتی۔‘

٭…بھارت اسرائیل تعلقات کی 29ویں سالگرہ کے موقع پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکے کے نتیجے میں قریب کھڑی 4 سے 5 گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ موقعہ واردات سے چند کلو میٹر کی مسافت پر بھارت کے صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائڈو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے آخری سلسلے ’بیٹنگ رٹریٹ‘ میں موجود تھے۔ دھماکے میں ہائی گریڈ ملٹری دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ دھماکے کی تحقیقات اسرائیلی خفیہ ایجنسی ’موساد‘ کرے گی۔مبینہ طور پر اس واردات سے ایران کے تعلق کے شبہے کی وجہ سے دہلی پولیس دارالحکومت میں موجود تمام ایرانیوں کی تفصیلات جمع کر رہی ہے۔ حتی کہ ایران جانے والی ایک پرواز کے تمام مسافروں کی جانچ کے سبب تاخیر بھی ہوئی۔

٭…چین نے خبردار کیا ہے کہ تائیوان کی طرف سے آزادی حاصل کرنے کی کوششوں کا مطلب کھلی جنگ ہوگا۔ چین کی طرف سے یہ دھمکی تائیوان کی حمایت جاری رکھنے اور ایشیا میں امریکی پالیسی کو واضح کرنے، تائیوان کے قریب اپنی فوجی سرگرمیوں اور جنگی جہازوں پروازوں میں تیزی لانے کے چند دن بعد دی گئی ہے۔

٭…اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا فوجی حل نہیں ہے، پاک بھارت فوجی تصادم نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ دنیا کے لیے تباہی ہوگا۔ انتونیو گوٹریس نے سنجیدہ مذاکرات کے لئے پاکستان اور بھارت پر زور دیا اور ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔

٭… 31؍ جنوری کو روس کے سو سے زائد شہروں میں الیکسی ناوالنی کی حراست کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ اب تک ان مظاہروں میں شریک ستائیس سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ یہ مظاہرے روس کی حالیہ تاریخ کے سب سے بڑے مظاہرے ہیں۔

٭…امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوین نے کہا ہے کہ امریکہ کی خارجہ پالیسی ہی داخلہ پالیسی ہے اور داخلہ پالیسی ہی خارجہ پالیسی ہے۔ اس وقت امریکہ کو جس سب سے بڑے قومی سلامتی کے مسئلے کا سامنا ہے وہ اپنے اندرونی معاملات کو بہتر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اس وقت درحقیقت یہ کیس بنا رہا ہے کہ چین کا نظام، امریکی نظام سے بہتر ہے۔ انہوں نے سابقہ انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے نکل کر ایران کو ایک خطرہ بنایا۔ گزشتہ چند برس میں ایران کا جوہری پروگرام کافی آگے بڑھا ہے اور وہ اس وقت ماضی کے مقابلے میں جوہری ہتھیار بنانے کے زیادہ قریب ہے۔

٭…امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی نے امریکہ بھر میں حکومت مخالف انتہا پسندوں کی جانب سے دہشت گردی کے حملوں کے احتمال پر کہا ہے کہ نو منتخب عہدیداروں اور سرکاری تنصیبات پر حملے کئے جاسکتے ہیں۔محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کا کہنا ہے کہ حملوں کا خدشہ آئندہ کئی ہفتوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔

٭…الجزائر کی ایک عدالت نے جمعرات کے روز معزول صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے بیس سالہ دور صدارت میں وزرائے اعظم کے طور پر ذمہ داریاں نبھانے والے احمد اویحیی کو پندرہ برس اور عبدالمالک سلال کو بارہ برس قید کی سزاؤں کی توثیق کردی۔ انہیں 2019ء میں بدعنوانی کے لیے قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے سابق وزیر توانائی یوسف یوسفی کی سزا ئے قید کی مدت پانچ برس سے گھٹا کر تین برس کردی جبکہ سابق وزیر سیاحت یمینہ زرہونی کو بری کردیا، نچلی عدالت نے انہیں دو برس کی سزا سنائی تھی۔

٭…منگل 26؍ جنوری کو دلی میں انڈیا کے یوم جمہوریہ کی پریڈ کے بعد ’ٹریکٹر ریلی‘ کے دوران مشتعل ہجوم میں شامل کچھ افراد لال قلعے میں داخل ہوئے اور زعفرانی اور پیلے رنگ کے مذہبی جھنڈے لہرائے جسے نشان صاحب پرچم کہا جاتا ہے۔ ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر اسے خالصتان تحریک کاپرچم کہا گیا۔ سوشل میڈیا پر خبروں کی تفتیش کرنے والی ویب سائٹ الٹ نیوز کی تحقیقات اور بی بی سی کے مطابق ’’مظاہرین کہیں بھی انڈین پرچم ہٹاتے یا اسے اتارتے ہوئے نظر نہیں آئے۔ درحقیقت جب وہ لال قلعے کے اطراف پر چڑھے تھے تو انہوں نے بہت سی جگہوں پر زعفرانی رنگ کے مذہبی پرچم اور کسان پرچم (جن کا کسی سیاسی تحریک سے کوئی واسطہ نہیں ہے) لہرائے۔‘‘یہ مظاہرین گذشتہ دو ماہ سے زائد عرصے سے نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والی کسان تنظیموں سے وابستہ ہیں جبکہ 31؍ جنوری کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ریڈیو پر اپنے خطاب میں یوم جمہوریہ کے موقعے پر لال قلعے پر کسانوں کے دھاوے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت 26؍جنوری کو دہلی میں ترنگے (بھارتی پرچم) کی توہین پر مغموم ہے۔ کسان بھارت کی توہین کا باعث بن رہے ہیں۔

٭…اماراتی نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے متحدہ عرب امارات کی شہریت کے لیے قوانین میں ترمیم کے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ سرمایہ کار، سائنس دان، انجینئرز، ڈاکٹرز، فنکار، مصنفین وغیرہ متحدہ عرب امارات کی شہریت لےسکیں گے۔ نیا شہریت قانون اماراتی پاسپورٹ فراہم کرے گا جبکہ شہری اپنی موجودہ شہریت بھی برقرار رکھ سکیں گے۔

٭…شام کے شمالی شہر عفرین کے صنعتی زون میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق شامی شہر عفرین پر ترک فوج کا قبضہ ہے۔

٭…چین نے مکمل طور پر مقامی طور پر تیار کردہ تھرڈ جنریشن نیوکلیئر پاور پلانٹ سے بجلی کی پیدوار شروع کردی ہے۔چین کے نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ چین کا تھرڈ جنریشن نیوکلیئر ٹیکنالوجی پر مبنی پہلا پلانٹ ہے جس میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی، جوہری ری ایکٹر ریسرچ، ڈیزائن، مینوفیکچرنگ، تعمیرات اور آپریشن سے متعلق لوازمات چین میں تیار ہوئیں۔

٭…روسی ایپ سٹور پر شائع کردہ ٹیلیگرام اپ ڈیٹ کی تفصیل میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ٹیلیگرام اب اپنے صارفین کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل چیٹ ہسٹری کو دیگر ایپس جیسے واٹس ایپ، لائن اور کاکا ٹاک سے ٹیلی گرام میسنجر میں منتقل کرنے کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔

٭…چین میں موجود عالمی ادارہ صحت (WHO) کی ٹیم نے ووہان کے اس ہسپتال کے دورے پر طبی عملے سے ملاقات کی جس میں نومبر 2019ء میں کورونا وائرس کے ابتدئی کیسز کا علاج کیا گیا تھا۔ ٭…عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) کے مطابق جنوبی افریقہ میں کورونا کی نئی قسم سے افریقہ میں کورونا کی دوسری لہر طویل ہوسکتی ہے۔ ڈبلیوایچ او نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں موجود کورونا کی نئی قسم دیگر ممالک میں بھی موجود ہوسکتی ہے ۔

٭…سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور زمینی سرحدی چوکیوں سے آمد و رفت کے حوالے سے مکمل سفری پابندیوں کے خاتمے کی تاریخ میں 17؍مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔

٭…کورونا وائرس کی نئی قسم کی روک تھام کے لیے غیر یورپی یونین ممالک کے لیے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فرانسیسی وزیراعظم جین کاسٹکس نے کہا کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آنے والا نئی قسم کا وائرس خطرناک ہے۔

٭…کورونا وائرس کی ابتداء کی ٹھوس، شفاف اور عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ترجمان وائٹ ہاؤس Jen Psaki نے کہا کہ لازمی ہے کہ ہم اس بات کی تہ تک پہنچیں کہ کورونا وائرس کس طرح ظاہر ہوا اور پوری دنیا میں پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ حقائق جاننے کےلیے بائیڈن انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر انحصار نہیں کیا جائے گا۔

٭…کراچی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فواد عالم کو سنچری سکور کرنے پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، پاکستان نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 4؍فروری سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button