حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(25؍جنوری۔09:00 GMT)

کل مریض: 99,815,194

صحت یاب ہونے والے: 71,815,369

وفات یافتگان: 2,140,100

٭…امریکی صدر جوبائیڈن نے صدارت کا منصب سنبھالتے ہی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں پر لگائی گئیں سفری پابندیوں کے خاتمے اور میکسیکو سرحدی دیوار کی تعمیر روکنے سمیت 17 احکامات پر دستخط کردیے۔ جو بائیڈن نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام وفاقی دفاتر میں ماسک کی پابندی کو بھی لازمی اور عالمی ادارہ صحت سے امریکہ کے نکلنے کے عمل کو بھی روک دیا۔ تارکین وطن کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ جو بائیڈن نے پیرس معاہدے میں دوبارہ شمولیت اور ماحولیات سے متعلق سابق صدر ٹرمپ کے سو سے زائد اقدامات پر نظرثانی کرنے اور انہیں روکنے کے حکمنامے پر بھی دستخط کیے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کاکہنا ہے کہ صدر نے سفارتکاری کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام اور دیگر خدشات دور کرنے کا کہا ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں ایران دوبارہ جوہری معاہدے میں شامل ہو۔

٭…ایرانی صدر حسن روحانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت ختم ہونے پر کہا کہ ٹرمپ کی ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی مکمل ناکام ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ظالم دور کا خاتمہ ہوا۔ ٹرمپ دور میں امریکیوں سمیت دنیا بھر کے عوام کو ناانصافی، کرپشن، مسائل کے سوا کچھ نہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے سے متعلق بال اب امریکہ کے کورٹ میں ہے، امریکہ جوہری معاہدے پر واپس آتا ہے تواپنے وعدوں کا پورا احترام کریں گے۔

٭…روس کے دارالحکومت ماسکو میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے سیاسی مخالف اور حزب مخالف کے رہنما الیکسی ناوالنی کو جرمنی سے پانچ ماہ بعد روس واپسی پر ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تو ان کےحق میں سرد موسم اور کورونا سے متعلقہ پابندی کے باوجود بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر شہر میں پولیس تعینات رہی، پولیس نے ریلی سے پہلے ہی الیکسی ناوالنی کے کم ازکم 100 حامیوں کو حراست میں لے لیا۔ ناوالنی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے رہنما کی رہائی تک روس کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔روسی وزارت داخلہ کے مطابق احتجاجی ریلی میں کم از کم چار ہزار افراد شریک ہوئے۔ کووڈ انفو پروٹیسٹ مانیٹر گروپ کے مطابق کم از کم ایک ہزار 614 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

٭…امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ایملی ہورنی نے بتایا کہ قومی سلامتی کے نومنتخب مشیر جیب سلیوان نے اپنے افغان ہم منصب حمد اللہ محب سے بات کی اور معاہدے پر نظرثانی سے متعلق امریکہ کے ارادے کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر واشنگٹن یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ طالبان ’دہشت گرد گروہوں سے تعلقات منقطع، افغانستان میں تشدد کو کم کرنے اور افغان حکومت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامقصد مذاکرات میں حصہ لینے کے وعدوں پر عمل پیرا ہیں‘۔

٭…برطانیہ سے سکاٹ لینڈ کی آزادی کے لیے سکاٹش نیشنل پارٹی نے یکطرفہ طور پر دوسرا ریفرنڈم کرانے کا اعلان کردیا۔ مئی میں ہونے والے انتخابات میں سکاٹش نیشنل پارٹی جیتی تو یہ ریفرنڈم کرایا جائے جس کی قانونی حیثیت ہو گی۔

٭…اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مذہبی مقامات کے تحفظ کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ مذکورہ قرارداد پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت او آئی سی میں شامل تمام ممالک کی جانب سے پیش کی گئی۔ پاکستان اور بھارت کے مندوبین نے کشمیر، بابری مسجد اور پشاور میں مندر جلائے جانے پر ایک دوسرے کو نشانے پر رکھتے ہوئے خوب بحث کی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مذہبی شخصیات اور مقامات کی بے حرمتی، دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی اور عدم رواداری کے حالیہ واقعات کے پس منظر میں اس قرارداد کا مقصد اس طرح کے منفی رجحانات کو روکنا ہے۔ قرارداد میں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر ہر طرح کے تشدد، امتیازی سلوک، عدم برداشت، مذہبی منافرت اور مذہبی مقامات پر حملوں اور مذہب کی جبری تبدیلی کی مذمت کی گئی ہے۔

٭…کینیڈین گورنر جنرل ملازمین کو ہراساں کرنے پر مستعفی ہو گئیں۔ ملکہ برطانیہ کی نمائندگی کرنے والی جولی پے ایٹ (Julie Payette) پر ملازمین کو برا بھلا کہنے اور انہیں تنگ کرنے کی تحقیقات کی گئی تھیں۔ اعلیٰ عہدیدار پر الزام سے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

٭…چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کی اعلیٰ ترین قانون ساز باڈی، نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی نے کوسٹ گارڈ قانون کی منظوری دی۔ اس قانون کی منظوری سے کوسٹ گارڈ کو دیگر ممالک کے ماہی گیروں اور کشتیوں کا پیچھا کرکے انہیں نشانہ بنانے کی اجازت ہوگی۔ اس اقدام سے چین کے اطراف میں متنازع پانیوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ بحیرۂ مشرقی چین میں جاپان اور جنوب میں متعدد جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے چین کے ساتھ سمندری خود مختاری کے تنازعات ہیں۔ بل میں ان حالات کی بھی وضاحت کی گئی ہے جن میں مختلف اقسام کے ہتھیار استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

٭…سابق فرانسیسی وزیراعظم ایڈورڈ بیلاڈور اور سابق وزیر دفاع فرانکوئز لیوٹارڈ کو 90 کی دہائی میں پاکستان اور سعودی عرب کو آبدوزوں کی فروخت کے معاہدے میں مبینہ طور پر رشوت لینے کے نام سے معروف سکینڈل ’کراچی افیئر‘ پر مقدمے کا سامنا ہے۔

٭…ایک تشویشناک نئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایریزونا میں ہوور ڈیم سے لے کر جارجیا میں انگوری ڈیم تک دنیا کے بہت سے مشہور ترین ڈیموں کے ٹوٹنے کا خطرہ ہے۔ دنیا بھر میں 58 ہزار 700 بڑے ڈیموں میں سے زیادہ تر 1930ء اور 1970ء کے درمیان تعمیر کئے گئے تھے جو 50 سے 90 سال تک پرانے ہوچکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر 50 تا 100 سالہ مدت کے لیے ہی تیار کئے گئے تھے جس کا مطلب ہے کہ ان کی میعاد مکمل ہونے والی ہے۔ پریشان کن بات یہ ہے کہ اگر یہ ڈیم ٹوٹ جاتے ہیں تو یہ 8 ہزار 300 کیوبک کلومیٹرز پانی خارج کریں گے جو گرینڈ کینیون (Grand Canyon) کو دو مرتبہ بھردینے کے لیے کافی ہوگا۔

٭…عراق میں داعش کے حملے میں رضا کار فورس حشدالشعبی کے 11 ارکان جاں بحق ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک گروپ نے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع صوبہ صلاح الدین میں حملہ کیا۔ واضح رہے کہ عراق میں کچھ روز پہلے بھی خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں 32 افراد مارے گئے تھے۔

٭…ارجنٹائن میں سائنسدانوں نے تقریباً 10کروڑ سال پرانے ڈائینوسارز کی باقیات دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ڈائنوسارز کے دریافت ہونے والی باقیات میں سے یہ اب تک کی سب سے بڑے باقیات ہیں۔ اب تک ڈائنوسارکی آدھی سے زیادہ دم اور بہت سی ہپ بونز (Hip Bones)نکالی گئی ہیں جبکہ مزید اعضاء کی تلاش کے لیے پہاڑوں میں مزید کچھ سال کھدائی کرنا ہوگی۔

٭…ناروے میں امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کی کورونا ویکسین کے ٹیکے لگنے سے ہلاکتوں کے باوجود ویکسینیشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چند روز قبل ویکسین کے ٹیکے لگنے کے بعد 23 معمر افراد نرسنگ ہومز میں انتقال کرگئے تھے۔ناروے کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی ڈائریکٹر کیملا اسٹولٹن برگ نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک 13 ہلاکتوں کے تفصیلی تجزیے سے ثابت ہوا ہے کہ یہ افراد معمر، کمزور اور شدید بیماریوں میں مبتلا تھے۔ ان کی وجہ ویکسین کے ٹیکے لگنا ثابت نہیں ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان تجزیوں کی روشنی میں اموات کے بعد فائزر-بائیوٹیک کی کورونا ویکسین کے استعمال کے بارے میں ناروے نے اپنی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے تاہم طبی عملے کو معمر، کمزور اور دیگر پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد کو ویکسین نہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

٭…طبی جریدے اینالز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ایک تحقیق میں نومبر 2020ء تک دنیا بھر میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا۔ اسکریپپس ریسرچ کی اس تحقیق میں 18 لاکھ سے زیادہ افراد پر ہونے والی 61 طبی تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کرنے کے بعد دریافت کیا گیا کہ کووڈ 19 سے متاثر کم از کم ہر 3 میں سے ایک فرد میں کسی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ یعنی ٹیسٹوں میں وائرس کی موجودگی کے باوجود ایک تہائی کو کبھی علامات کا سامنا نہیں ہوا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ڈیٹا سے بغیر علامات والے مریضوں کی ٹیسٹنگ کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔

اس سے قبل جنوری 2021ء میں امریکہ کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کی ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے لگ بھگ 60 فیصد کیسز ایسے افراد کے نتیجے میں پھیلتے ہیں جن میں اس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

٭…عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم 60 سے زیادہ اقوام میں بھی پھیل چکی ہے۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ برطانیہ میں حالیہ مہینوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم زیادہ مہلک اور متعدی ثابت ہو رہی ہے۔ وائرس کے زیادہ تیزی سے پھیلنے کے علاوہ اب یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس میں نئی تبدیلی کی وجہ سے شرح اموات زیادہ ہو رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی وجہ سے سنگین صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

٭…لندن میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لندن کی دو مسافر بسوں کی سیٹیں اتار کر آکسیجن سمیت دیگر طبی آلات نصب کردیے گئے۔ ایک بس میں دو کورونا مریضوں کو منتقل کیا جاسکے گا، ایمبولینس سروس کورونا کی وجہ سے شدید دباؤ میں ہے جس کے تحت بسوں کو ایمبولینس میں تبدیل کر کے کمپنی کی جانب سے دو ڈرائیور بھی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) انتظامیہ کو دئیے گئے ہیں۔

٭…کورونا وبا سے نمٹنے میں ناکامی پر منگولیا کے وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ منگولیا میں کورونا سے متاثرہ خاتون اور ان کے نومولود بچے کو مناسب سہولیات نہ ملنے پر گذشتہ روز لوگوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ احتجاج کے بعد نائب وزیراعظم اور وزیر صحت نے فوری ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔ وزیراعظم منگولیا نے عوام کے حکومت مخالف احتجاج کے بعد پارلیمنٹ میں اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ منگولیا میں کورونا کیسز کی تعداد 1584 اور اموات صرف 2 ہیں۔

٭…میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کے لیے تعینات 200 نیشنل گارڈز عالمی وبائی مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے شہریوں کے ماسک پہننے کو اپنے دور حکومت کا پہلا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے اقتدار کے پہلے 100 دن کے چیلنجز میں شہریوں کا ماسک پہننا بھی شامل ہے۔

٭…دبئی میں سیاحت اور کامرس مارکیٹنگ کے محکمے دبئی ٹور ازم کی جانب سے ہوٹلوں اور ریستورانوں میں تاحکم ثانی تفریحی سرگرمیوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ محکمے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تفریحی سرگرمیوں کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہورہا تھا اس وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

٭…انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باک نے کہا ہے کہ وائرس کی وجہ سے التوا کا شکار ٹوکیو اولمپکس کے حوالے سے کوئی پلان بی نہیں اور اس سال جولائی میں ایونٹ شیڈول کے مطابق منعقد ہوگا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button