افریقہ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو

(محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینا فاسو)

محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقت سے مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو عالمی وبا COVID-19 کی وجہ سے موجود نامساعد حالات کے باوجود امسال بھی ماہ دسمبر میں اپنا اٹھارھواں سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذالک

ہر سال کی طرح امسال بھی سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ کے ساتھ ہی اطفال الاحمدیہ کا سالانہ اجتماع ایک ہی وقت میں الگ سے منعقد ہوا ۔

امسال ان حالات میں یہ اجتماع منعقد کرنا مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا کیونکہ تمام سال برکینافاسو میں بقیہ تمام افریقہ کی طرح COVID-19 کی وجہ سے کوئی اجتماعی پروگرام منعقد نہ ہو سکا جس کی وجہ سے ایک خلا سا محسوس ہو رہا تھا۔ ملک میں جب COVID-19 میں کمی ہوئی، حالات سازگار ہوئے اور حکومتی سطح پر جب بڑے بڑے جلسوں اور اجتماعات اور الیکشن کیمپینز عام طور پر منعقد کی جانے لگیں تو ایک امید کی کرن نظر آئی۔ چنانچہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں امسال اپنا خدام الاحمدیہ کا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی درخواست کی گئی جو حضور انور نے ازراہِ شفقت منظور فرمائی۔

چنانچہ جب اجازت عنایت ہوئی تو اجتماع میں ایک ماہ سے بھی کم کا عرصہ باقی تھا لیکن جیسا کہ نہ صرف ہمارا ایمان ہے بلکہ روز کا مشاہدہ اس بات کی تائید کرتا ہے کہ جب خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے منہ سے کوئی بات نکلے تو خدا اپنے فرشتے اس کام کو پورا کرنے کے لیے لگا دیتا ہے۔ بالکل ایسا ہی معاملہ یہاں بھی نظر آتا ہے۔ کیا حکومتی اجازتوں کے حصول میں اور کیا اجتماع منعقد کرنے کے لیے اخراجات مہیا ہونے میں، سب کام ایک ایک کر کے خود خدا تعالیٰ ایسے آسانی سے کرتا چلا گیا جو کہ ہم سب کے ایمانوں کے لیے تقویت کا باعث بنا۔ الحمد للہ

امسال بھی اس اجتماع کا انعقاد بستان مہدی جو کہ جماعت کا ایک قطعہ زمین ہے جس میں جامعۃ المبشرین برکینافاسو اور جلسہ گاہ بھی واقع ہے میں کیا گیا۔ اس اجتماع کی تیاری میں نچلی سطح کی قیادت سے لے کر ریجنل اور نیشنل سطح تک رابطہ رکھا گیا اور تمام امور باہم مشورہ سے سر انجام پائے۔

اس اجتماع کی افتتاحی تقریب 25؍دسمبر 2020ء کو بعد نماز جمعہ و عصر لوائے احمدیت اور لوائے خدام الاحمدیہ لہرا کر منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر و مشنری انچارج برکینا فاسو تھے۔

طلباء جامعۃ المبشرین برکینافاسو نے تلاوت اور نظم پیش کی۔ اس کے بعد صدر صاحب خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے عہد کے بعد اپنے افتتاحی خطاب میں اجتماع کا مقصد اور موجودہ حالات میں احتیاطی تدابیر کو ہر وقت ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایات دیں۔ اس کے بعد امیر صاحب نے خدام سے خطاب کیا اور کچھ دیر پہلے سنائے گئے براہ راست خطبہ جمعہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تربیت کے حوالہ سے کی گئی نصائح کو دہرایا۔ اس کے ساتھ خدام کو اس اجتماع میں بھرپور شمولیت کے ساتھ اس کو دعاؤں سے کامیاب اور یادگار بنانے کی نصائح کیں اور دعا سے اس اجتماع کا آغاز ہوا۔

امسال کے اجتماع میں COVID-19کی وجہ سے خاص احتیاطی تدابیر کو لاگو کیا گیا۔ آپس کے باہمی فاصلہ کو یقینی بنانے کے لیے خدام کی ٹیم ہر وقت اجتماع گاہ اور احاطہ میں موجود رہتی اور اس بات کا خیال رکھتی کہ سماجی فاصلہ اور فیس ماسک کی یاددہانی ہوتی رہے۔ اسی طرح خدام کی مختلف پوسٹیں بنائی گئی تھیں جوکہ ہاتھوں کو جراثیم کش رکھنے کے لیے ہینڈ سیناٹائزر تقسیم کرتی رہتی تھیں خصوصاً اجتماع گاہ کے داخلی دروازوں پر یہ ٹیم بڑی مستعدی سے کام سر انجام دیتی رہی اور ہر ایک سے یہ بھی گزارش تھی کہ اپنی انفرادی جائے نماز ساتھ لے کر آئیں۔ اسی سلسلہ میں اس اجتماع میں خصوصیت سے ایک درس بھی COVID-19سے بچاؤ اور احتیاط کےموضوع پر دیا گیا تھا۔

امسال سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کا موضوع ’’اطاعت خلافت اور خادم کی ذمہ داریاں‘‘ تھا۔ اس تین روزہ اجتماع کا آغاز ہر روز اجتماعی نماز تہجد سے ہوتا تھا، نماز فجر و نمازِ مغرب کے بعد درس بھی پنجوقتہ نمازوں کے ساتھ جاری رہے۔ سالانہ اجتماع میں کل 9علمی اور 9ورزشی مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔ ایک اور خاص بات یہ کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی دوسرے دن عطیہ خون کیمپ لگایا گیا اور 217 خدام نے خون کا عطیہ دیا۔ امسال سالانہ اجتماع کے دوسرے دن خدام الاحمدیہ کی ایک مجلس شوریٰ بھی منعقد کی گئی تھی۔

مجلس خدام الاحمدیہ کے ریجنز اپنے کاموں کی ماہانہ رپورٹس بھی مرکز بھجواتے ہیں اور مقابلہ علم انعامی نتیجہ میں اس کا ایک بڑا حصہ ان دوران سال کیے جانے والے کاموں کا ہوتا ہے اس سال بھی کام اور ان کی رپورٹ مرکز تک پہنچانے میں ریجنز کے مابین خاص مسابقت نظر آئی۔

خدام الاحمدیہ کا مقصد نوجوانوں کی تربیت اور اصلاح ہے اس لیے دوران سال ملکی سطح پر 148خدام اور 67اطفال نے پہلا قرآن کریم ناظرہ کا دور مکمل کیا،180اطفال نے قاعدہ یسرنا القرآن کا پہلا دور ختم کیا۔ 126 اجتماعی تہجد اور 77 دعائیہ خطوط لکھوانے اور بھجوانے کے پروگرام منعقد ہوئے۔ 53جماعتوں میں ریجنل سطح پر فضل عمر تربیتی کلاس منعقد ہوئی اور 575خدام اس سے مستفید ہوئے۔ اسی طرح 67 جماعتوں میں الگ سے اطفال کے لیے تربیتی کلاس منعقد ہوئی اور اس سے 1051 اطفال مستفید ہوئے۔ شعبہ امور طلباء کےتحت احمدی و غیر احمدی طلباء کی امتحانات کی تیاری کے لیے 114کلاسیں منعقد ہوئیں۔ تبلیغی سرگرمیوں میں 97تبلیغی نشستیں، 29بک سٹالز، 34تبلیغی دورہ جات برائے تقسیم پمفلٹ و فروخت کتب ،حکومتی اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ 45ملاقاتیں برائے فروغ رابطہ و جماعتی تعارف،397 وقار عمل کے پروگرام،557 خدمت خلق کے مختلف پروگرام جن میں ایک بڑا حصہ COVID-19کے سلسلہ میں خدمت خلق کےکاموں کا تھا اور دوران سال 7 ریجنز میں باقاعدہ عطیہ خون کے کیمپ منعقد ہوئے۔

صحت جسمانی کے تحت 173 مختلف میچز منعقد کروائے گئے اور 15 مختلف مواقع پر منعقدہ مقابلہ جات میں شرکت کی گئی۔

امسال مجموعی نتائج کے لحاظ سے تیسری پوزیشن ددگو ریجن نے حاصل کی، دوسری پوزیشن کایا ریجن کی رہی اور امسال اواگا ڈوگوریجن علم انعامی کا حقدار ٹھہرا۔

سالانہ اجتماع میں ملک بھر سے 1208سے زائد خدام نے حصہ لیا۔ اس اجتماع میں ہمسایہ ملک ٹوگو کے صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بھی شامل ہوئے۔

27؍دسمبر 2020ء کو سالانہ اجتماع کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب تھے۔ آپ نے خدام کو نماز با جماعت اور خطبہ جمعہ حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز براہ راست سننے کی بابت نصائح فرمائیں۔ تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے خدام میں مکرم امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے اور دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں مختلف انعام پانے والے گروپس، ریجنز اور مجالس عاملہ کے ساتھ تصاویر کا ایک سیشن منعقد ہوا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعدیہ اجتماع بخیرو خوبی اختتام پذیر ہوا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ ان شاملین کو اور خدام الاحمدیہ برکینافاسو کو حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشاء کے مطابق مقبول خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(محمد اظہار احمد راجہ۔ معاون صدر مجلس خدام الاحمدیہ و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینا فاسو)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button