ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ڈھاکہ، بنگلہ دیش کے صد سالہ جلسے کا انعقاد

(نوید احمد لیمون۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ڈھاکہ، بنگلہ دیش کا صد سالہ خصوصی جلسہ بخیر و عافیت مرکزی مسجد میں منعقدہوا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

یہ ایک روزہ جلسہ مورخہ 5؍دسمبر 2020ء بروز ہفتہ کو منعقد ہوا۔ دن کا آغاز با جماعت نماز تہجد و نماز فجر سے ہوا۔ جلسے کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا جو صبح سوا نو بجے ہوئی۔ مکرم عبد الاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے لوائے احمدیت اور امیر صاحب ڈھاکہ مکرم میر محمد علی صاحب نے قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں جلسہ کے اجلاس کا آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب بنگلہ دیش نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد امیر صاحب نے افتتاحی تقریر و دعا کروائی۔ بعد ازاں نظم پیش کی گئی۔

شاملین جلسہ کے لیے یہ بہت بڑی سعادت مندی تھی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس جلسہ کے لیے ایک خصوصی پیغام ارسال فرمایا تھا۔ چنانچہ یہ خصوصی پیغام اور اس کا ترجمہ شاملین جلسہ کو پڑھ کر سنایا گیا۔

حضور انور کے پیغام کے بعد اس جلسہ میں مختلف عناوین پر تقاریر ہوئیں۔ امیر صاحب ڈھاکہ نے مختصر تقریر کی اور سب کو خوش آمدید کہا۔ پھر مولانا محمد سلیمان صاحب نے قبولیت دعا اور ہستی باری تعالیٰ کے موضوع پر تقریر کی۔ پروفیسر محمد نجم الحق صاحب نے حسین معاشرہ قائم کرنے میں رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے قردار کے موضوع پر تقریر کی۔ پھر مولانا شاہ محمد نور الامین صاحب نے خلافت کی اہمیت و برکات کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد ایک قصیدہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مولانا راسل سرکار صاحب نے حضرت امام مہدیؑ کا عشق رسولؐ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم بشیر الدین احمد صاحب نے معاشی عدم مساوات اور جماعت احمدیہ کا کردار کے موضوع پر تقریر کی۔

اس جلسہ میں چند غیر از جماعت مہمانان نے بھی اپنے تاثرات کا ظہار کیا۔

اس کے بعد افسر صد سالہ جلسہ ڈھاکہ مکرم محمد تصدق حسین صاحب نے سب احباب کا شکریہ ادا کیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور اختتامی دعاؤں کے ساتھ ڈھاکہ جماعت کا صد سالہ ایک روزہ خصوصی جلسہ سہ پہر ساڑھے تین بجے اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور شاملین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس خصوصی جلسہ کو YouTube اورZoom پر براہ راست نشر کیا گیا جس کے ذریعہ بنگلہ دیش جماعت کے اکثر احباب و خواتین نے اس جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ موصول شدہ رپورٹ کے مطابق ڈھاکہ اور ارد گرد کی مساجد میں کل 1423افراد نے اس جلسہ کو دیکھا۔ 5قومی اخباروں نے اس کی رپورٹ شائع کی۔ 6؍دسمبر تک YouTube پر Viewers کی تعداد 8532 تھی۔

اس جلسہ میں قرآن کریم کی نمائش بھی لگائی گئی تھی۔ مولانا شاہ محمد نور الامین صاحب انچارج نمائش قرآن کریم نے اس کا انتظام کیا۔ اس نمائش میں 65زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم رکھے گئے تھے۔ زائرین میں غیر از جماعت مہمانان بھی شامل تھے۔ علاقائی کونسلر مکرم عمر بن عبد العزیز صاحب بھی شامل ہوئے۔ سرکاری کارکن، این ایس آئی، ایس پی، وو سی، اور دیگر مہمانان نے نمائش قرآن کریم کو دیکھا اور بہت خوشی کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کی بہت تعریف کی۔ ایک صاحب نے کہا کہ یہاں بہت سی زبانوں میں تراجم قرآن دیکھنے کی توفیق ملی جو پہلے کبھی نہ دیکھے تھے۔ بہت اچھا لگا۔ اللہ کا کلام دنیا کے سب لوگوں کے پاس پہنچا دینے کی یہ کوشش کامیاب ہو۔ مَیں اس نمائش کی کامیابی کے لیے دعا بھی کرتا ہوں۔

احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ یہ جلسہ ہر لحاظ سے مبارک ثابت ہو ۔آمین

( رپورٹ : نوید احمد لیمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button