سیرالیون کے دارو ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح اور تبلیغی نشست
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو مورخہ 2؍جنوری 2021ء دارو ریجن کی ایک جماعت Mombama، Pejeh Bongre میں ایک نئی تعمیر شدہ مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ افتتاح کی تقریب سے قبل ایک تبلیغی نشست بھی ہوئی۔ اس تبلیغی نشست، پروگرام اور مسجد کا تعارف پیش خدمت ہے۔
Mombama Pejeh Bongre ایک پرانی جماعت ہے اور اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ 1945ء میں ہوا تھا۔ اس علاقہ میں جماعت کی مسجد موجود تھی لیکن خانہ جنگی کے دوران اس مسجد کو کافی نقصان پہنچا تھا اور عمارت کی حالت کافی خستہ تھی۔ مکرم حافظ صلاح الدین صاحب کا جب یہاں تقرر ہوا تو انہوں نے مکرم امیرصاحب کی اجازت سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں مسجد کی از سرِ نو تعمیر کی درخواست کی جسے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت قبول فرمالیا۔ مسجد کی تعمیر کے 30 فیصد اخراجات لوکل جماعت نے برداشت کیے اور باقی خرچ مرکز کی طرف سے مہیا کیا گیا۔ علاقہ کے لوگوں نے مسجد کی تعمیر میں وقارِ عمل کرکے بہت سے اخراجات بچانے میں مدد کی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔
اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 40*60 فٹ ہے اور اس میں قریبا ً400؍افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔
مختلف غیر از جماعت تنظیموں اور فرقوں کی طرف سے علاقہ کے لوگوں کو مسجد تعمیر کرنے کی پیش کش کی گئی تھی لیکن مقامی جماعت نے ہر حال میں جماعت کو فوقیت دی اور ثابت قدم رہے۔
مسجد کا سنگِ بنیاد 7؍دسمبر 2017ء کو مکرم منیر حسین صاحب ریجنل مبلغ کینیما نے ایک سادہ تقریب میں رکھا اور آپ کو اور حافظ صلاح الدین صاحب کو اس مسجد کی تعمیر کی نگرانی کی سعادت حاصل ہوئی۔
افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز 2؍جنوری کو دن کے گیارہ بجے مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تقریب کا پہلا حصہ تبلیغی تھا جس میں مکرم امیرصاحب نے جماعت کا تعارف کروایا اور مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کی آمد کا مقصد بیان فرمایا اور آپ کے حقیقی مقام و مرتبہ سے لوگوں کو آگاہ کیا۔
اس کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اس بابرکت تقریب میں چار پیراماؤنٹ چیف، دو چیف امام، پرماننٹ سیکرٹری آف ایجوکیشن Mr. David W S Banya، ریجنل چیف امام ، چیئرمین یونائیٹڈ کونسل آف امام، لوکل ائمہ، سکولوں کے پرنسپل و ٹیچرز، کثیر تعداد میں غیر ازجماعت مردو خواتین و احباب جماعت سمیت کل 846 افراد نے شرکت کی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو حقیقی نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)