پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد یوکے

18-11-2020

پیارے احباب جماعت احمدیہ سویٹزرلینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

جماعت احمدیہ سویٹزرلینڈ اپنا ایک روزہ جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق پارہی ہے۔ آپ نے پیغام بھجوانے کی درخواست کی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور جلسہ کے مقاصد کو سمجھتے ہوئے اس سے پوری طرح استفادہ کی توفیق بخشے۔

اس جلسہ پر میرا آپ کے لئے یہ پیغام ہے کہ اپنے مقصد حیات کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ آپ کے پیدا کرنے سے خدا تعالیٰ کی غرض یہ ہے اس کی عبادت کرو اور اس کے لئے بن جاؤ۔ دنیا آپ کی مقصود بالذّات نہ ہو بلکہ خدا تعالیٰ کی رضا مندی کا حصول ہمیشہ پیش نظر ہو۔

آپ نے ہجرت اس لئے کی ہے کہ آپ کو خدا کی عبادت سے روکا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس ملک میں آزادی سے عبادت کرنے کا حق دیا ہے۔ اس لئے اپنے مقصود حیات کو یاد رکھیں۔ یہ نہ ہو کہ دنیا میں ڈوب جائیں اور اپنے مقصد سے دور ہٹ جائیں۔ جس اعلیٰ مقصد کے لئے ہجرت کی ہے اس کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھیں۔ خدا تعالیٰ کی عبادت کا حق ادا کریں۔ ایسے اعمال بجا لائیں جو خدا تعالیٰ کے پیار کے حصول کا ذریعہ ہوں۔ ایسا کرنے سے ہی آپ کے اموال و نفوس میں برکت پڑے گی۔ اور ہجرت سے وابستہ برکات کے آپ وارث بنیں گے۔

سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:

’’خدا تعالیٰ کی عظمت اپنے دلوں میں بٹھاؤ اور اس کے جلال کو اپنی آنکھوں کے سامنے رکھو … دنیا کی خوشحالی کی شرطوں سے خدا تعالیٰ کی عبادت مت کرو کہ ایسے خیال کے لئے گڑھا درپیش ہے۔ بلکہ تم اس لئے اس کی پرستش کرو کہ پرستش ایک حق خالق کا تم پر ہے۔ چاہئے پرستش ہی تمہاری زندگی ہو جاوے اور تمہاری نیکیوں کی فقط یہی غرض ہو کہ وہ محبوب حقیقی اور محسن حقیقی راضی ہوجاوے کیونکہ جو اس سے کمتر خیال ہے وہ ٹھوکر کی جگہ ہے۔ خدا بڑی دولت ہے۔ اس کے پانے کے لئے مصیبتوں کے لئے تیار ہوجاؤ۔ وہ بڑی مراد ہے اس کے حاصل کرنے کے لئے جانوں کو فدا کرو۔ خدا تعالیٰ کے حکموں کو بے قدری سے نہ دیکھو۔ موجودہ فلسفہ کی زہر تم پر اثر نہ کرے۔ ایک بچے کی طرح بن کر اس کے حکموں کے نیچے چلو۔ نماز پڑھو۔ نماز پڑھو کہ وہ تمام سعادتوں کی کنجی ہے … نماز میں بہت دعا کرو اور رونا اور گڑ گڑانا اپنی عادت کرلو تا تم پر رحم کیا جائے۔

(ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد3 صفحہ 548-549)

خدا کرے کہ آپ سب اللہ تعالیٰ سے ذاتی تعلق پیدا کرنے اور اس کی عبادت کا حق ادا کرنے کی توفیق پانے والے ہوں۔ آپ وہ خوش نصیب لوگ ہیں جن کو اس زمانہ کے امام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو ماننے کی توفیق ملی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے آپ پر بڑا احسان فرمایا کہ آپ کو خلافت کی نعمت سے نوازا ہے جس کے ذریعہ آپ کے تزکیہ نفس کے سامان پیدا کئے ہیں۔ پس اس عظیم نعمت کی قدر کریں اور خلافت کے ساتھ ہمیشہ وفا اور اخلاص کا تعلق قائم رکھیں اور دین کو دنیا پر غالب کرنے کا جو عہد کیا ہوا ہے اس عہد کو نبھائیں۔ اور اپنی اولاد در اولاد کو ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے اور اس کی برکات سے مستفیض ہونے کی تلقین کرتے رہیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔ آپ کو تقویٰ کی راہوں پر قدم مارنے کی توفیق بخشے اور اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین

والسلام۔ خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

مزید دیکھیں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

For security, use of Google's reCAPTCHA service is required which is subject to the Google Privacy Policy and Terms of Use.

I agree to these terms.

Back to top button
Close