حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ارجنٹائن کے ڈیاگو میراڈونا 60برس کی عمر میں چل بسے۔میراڈونا کو گھر میں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا جبکہ دو ہفتے قبل ان کے دماغ کا کامیاب آپریشن بھی ہوا تھا۔

میرا ڈونا فیفا پلیئر آف دی سنچری کے جوائنٹ ونر کھلاڑی تھے۔ 17سالہ کیرئیر میں انہوں نے بارسلونا اور ناپولی کلب کی نمائندگی کی، وہ فیفا پلیئر آف دی سنچری کے جوائنٹ ونر فٹبالر بھی قرار پائے تھے۔ میرا ڈونا نے 4عالمی کپ میں ارجنٹائن کی نمائندگی کی اور ان ہی کی قیادت میں ارجنٹائن نے 1986ء کا ورلڈکپ جیتا۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی ہفتوں سے جاری ٹال مٹول کو انجام کو پہنچاتے ہوئے نو منتخب صدر جوبائیڈن انتظامیہ کو اختیارات منتقلی کی بالآخر منظوری دیدی۔ سربراہ جنرل سروس ایڈمنسٹریشن ایملی مرفی نے نومنتخب امریکی صدر کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے۔ صدر ٹرمپ کہتے ہیں کہ قانونی جنگ جاری رہے گی مگر انتظامیہ سے کہہ دیا ہے کہ جس چیز کی ضرورت ہے اسے انجام دیا جائے۔ امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے اقتدار کی پرامن منتقلی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

٭…پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو منگل کو ایک ڈوزیئر دیا ہے جس میں بھارت پر پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اس سے ایک روز قبل بھارت نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کچھ ارکان کو ایک ڈوزیئر دیا تھا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان میں مقیم شدت پسندوں نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں دہشت گرد حملہ کی کوشش کی۔ دونوں ممالک کی جانب سے اقدامات ایک ایسے وقت میں آئے ہیں جب یکم جنوری سے بھارت دو سال کے لیے 15 رکنی سلامتی کونسل کا حصہ بننے جا رہا ہے۔

٭…یورپی یونین نے اقوام متحدہ، فن لینڈ اور افغانستان کے تعاون سے جنیوا میں منعقد ہونے والی افغانستان کانفرنس 2020ء میں افغانستان کے لیے 1.2 ارب یورو امداد کا اعلان کیا ہے۔ آن لائن اجلاس میں یورپین یونین کی نمائندگی یورپین کمشنر برائے بین الاقوامی شراکت داری (انٹرنیشنل پارٹنر شپس) جوٹا ارپیلینین نے کی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کی جانب سے مالی امداد کا یہ اعلان اس بات کا اظہار ہے کہ ایک پر امن، جمہوری، خود مختار اور خوشحال افغانستان ہمارے لئے کتنا اہم ہے۔

٭…چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے صوبہ سنکیانگ میں شدید مشکلات کے شکار ایغور مسلمانوں کی حمایت میں مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی بیجنگ پر تنقید کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ پوپ فرانسس نے ایک نئی کتاب ’Let Us Dream: The Path to a Better Future میں کہا کہ ’میں اکثر ستائے ہوئے لوگوں روہنگیا، غریب ایغور اور یزیدی کے بارے میں سوچتا ہوں‘۔

٭…بھارتی حکومت نے علی بابا گروپ سمیت مزید 43چینی ایپس (apps)کو دفاعی اور سیکیورٹی خدشات کے سبب بھارت میں بند کردیا۔ بھارت میں اب تک ٹک ٹاک، پب جی گیم سمیت 220 ایپس بند کی جاچکی ہیں۔

٭… افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے دورے کے بعد اتوار 22؍ نومبرکو کم سزا والے یا جرمانہ نہ دے سکنے والے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔ صدارتی حکم نامے میں یہ کہا گیا ہے کہ یہ قدم آئین کے آرٹیکل 5کی دفعات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

٭…پاکستانی بحریہ کے سابق سربراہ اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق چیئرمین ایڈمرل فصیح بخاری اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

٭…متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے میں کردار ادا کرنے پر صہیونی ریاست کے وزیراعظم بنیامین ناتن یاہو اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔ ان دونوں لیڈروں کی نامزدگی سے قبل ناروے کی رکن پارلیمان کرسٹئین ٹائبرنگ جیڈی نے 9ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی اس معاہدے میں اہم کردار ادا کرنے پر نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔واضح رہے کہ 2021ء کے نوبل امن انعام جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان آئندہ سال اکتوبر میں کیا جائے گا۔

٭…سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جدہ کے شمالی علاقے میں آئل پلانٹ پر حوثیوں کی جانب سے ڈرون دہشت گرد حملے کے باعث آئل ڈسٹری بیوشن پلانٹ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ سعودی وزارت توانائی کے عہدیداروں کے مطابق حملے سے نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی تیل کی سپلائی متاثر ہوئی۔دوسری جانب اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

٭…افغانستان کے دارالحکومت کابل مسلسل دھماکوں اور دہشت گرد حملوں کی زد میں ہے۔ پولیس ڈسٹرکٹ 11 میں ہونے والے پہلے دھماکے میں ایک ٹیکسی کو نشانہ بنایا گیا جس میں 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس ڈسٹرکٹ 10 میں ہونے والے دوسرے دھماکے میں افغان فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل کابل ہی کے مختلف علاقوں میں 23 راکٹ فائر کیے گئے تھے جبکہ 2 دھماکے بھی ہوئے تھے۔

٭…پیرس: انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث رواں سال ایئرلائن کی آمدنی میں 60 فیصد تک کمی ہوگی جو صنعت کی بقا کے لیے خطرہ ہے۔ جبکہ ممکن ہے کہ سال 2020ء تاریخ کا بدترین سال ہو۔ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایئر لائنز ایک دن کی لاگت میں ایک ارب ڈالرز تک کمی کر رہی ہیں، بیڑوں کو گراؤنڈ کر رہی ہیں اور ملازمتوں میں کمی کی گئی ہے تاہم انہیں اب بھی ’غیر معمولی‘ اور بھاری نقصانات کا سامنا ہے۔

٭…اسرائیل میں ایک ہی دن اسرائیلی فضائیہ کا تربیتی طیارہ اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ تربیتی طیارہ شہر بیر شبا کے نزدیک گرنے سے اسرائیلی ایئر فورس کا انسٹرکٹر اور کیڈٹ ہلاک ہوگئے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

٭…امریکی سافٹ ویئرکمپنی مائیکرو سافٹ نے زوم (zoom)اور گوگل میٹ (googlemate)کے مقابلے میں اپنے پلیٹ فارم ٹیمز (teams)میں 24گھنٹے طویل مفت ویڈیو کال کی سہولت متعارف کرادی جس سے صارفین 300افراد کا تک گروپ بنا کر بھی مفت ویڈیو کال کرسکیں گے۔ کورونا کے دوران صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مائیکروسافٹ نے یہ پہلا قدم اٹھایا ہے۔

اس سے قبل مائیکرو سافٹ نے سکائپ (Skype)میں لاگ ان فری میٹنگ فیچر متعارف کرایا تھا۔ واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران ویڈیو چیٹ کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔

٭…اسرائیل نے سعودی عرب کا نام کورونا قرنطینہ کی احتیاطی لسٹ والے ملکوں سے نکال دیا۔ سعودی عرب کا نام وزیراعظم ناتن یاہو کے دورۂ سعودی عرب کی خبروں کے بعد نکالا گیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین ناتن یاہو اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان خفیہ ملاقات کا انکشاف ہوا تھا۔ بعدازاں ریاض سے جاری ایک بیان میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اس دورے کی تردید کی تھی تاہم اسرائیلی وزیراعظم بنیامین ناتن یاہو نے اپنے دورۂ سعودی عرب کی خبر پر تبصرے سے گریز کیا۔

٭…عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس ویکسین کے ٹرائلز کی کامیابی سے پُرامید ہیں کہ رواں برس کے آخر تک عالمی وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیاب ویکسین ٹرائلز سے وبا کے خاتمے کی امید جاگ اٹھی ہے۔ اس سائنسی کارنامے کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ تاریخ میں کوئی ویکسین اتنی تیزی سے تیار نہیں کی گئی۔ جیسے ویکسین تیار ہوئی ہے ویسے ہی منصفانہ طورپر تقسیم بھی ہونی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر حکومت اپنی عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتی ہے۔

٭…روس نےکورونا ویکسین کے دوسرے مرحلےکے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ ویکسین 95 فیصد تک موثر ہے۔ روسی وزارت صحت نے مزید بتایا ہے کہ کورونا ویکسین کے ٹرائلز کے دوران کوئی مضر صحت اثرات رپورٹ نہیں ہوئے۔ کورونا ویکسین روسی شہریوں کے لئے مفت فراہم کی جائے گی۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کے لیے 50 سے زائد ممالک سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں نیز یہ کہ کورونا ویکسین کی انٹرنیشنل ڈلیوریز جنوری 2021ء میں شروع ہوں گی۔

٭…بیلجیم کے وزیر اعظم الیگزینڈر دی کرو نے کہا ہے کہ بیلجیم میں سب سے پہلے ہسپتالوں میں کام کرنے والے عملے، 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور کم قوت مدافعت رکھنے والے افراد کو کورونا وائرس ویکسین لگائی جائے گی۔ ایسے افراد کی تعداد بیس لاکھ کے قریب ہے جوکہ مجموعی آبادی کا 20فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ سال مارچ، اپریل تک ویکسین دستیاب ہو سکے گی۔

٭…پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آتے ہی ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یوز) میں گنجائش ختم ہونے لگی ہے جبکہ حکام عوام کی جانب سے غیر سنجیدہ رویے کی شکایت کر رہے ہیں۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل قیصر سجاد نے کہا کہ اگلے دو ہفتے بہت اہم ہیں اور ہماری صورتحال خراب ہورہی ہے۔ ہسپتالوں میں تقریباً 95فیصد بستر بھر چکے ہیں۔ بیشتر ہسپتالوں میں بالکل گنجائش نہیں ہے اور وہ مزید مریض داخل کرنے سے انکار کر رہے ہیں‘۔

٭…نيوزی لينڈ کے گريگ بارکلے پاکستان کے عمران خواجہ کو شکست دے کر آئی سی سی کے چيئرمين منتخب ہوگئے۔ آئی سی سی کے 16رکنی بورڈ نے نئے چيئرمين آئی سی سی کا انتخاب کيا جس میں گريگ بارکلے نے 11ووٹس حاصل کیے۔بارکلے نے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی کرکٹ برادری کورونا وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہوگی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button