افریقہ (رپورٹس)

کوئز خطباتِ امام۔ جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں امامِ وقت کے خطبات کو غور سے سننے اور ان پر عمل کرنے کی روح پیدا کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ طلباء اس سلسلے میں جمعۃ المبارک کے روز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہِ راست خطبہ جمعہ سنتے ہیں اور عصر کی نماز کے بعد اپنی مقامی زبانوں یعنی انگریزی، عربی، فرنچ، سواحیلی، چوئی، یوروبا اور رشین وغیرہ میں اس کا ترجمہ سنتے ہیں۔ اسی طرح جامعہ کی کلاسز کے پہلے پیریڈ میں بھی رواں ہفتہ کےخطبہ جمعہ کا کچھ حصہ سنوایا جاتا ہے تاکہ اس کے اہم حصے اساتذہ کی نگرانی میں طلباء کو سمجھائے جا سکیں۔

خلیفہ وقت کے ارشادات و فرمودات یاد رکھنے کی غرض سے دورانِ سال خطباتِ امام پر مشتمل مقابلہ جات بھی منعقد کروائے جاتے ہیں۔ اس سلسلہ کا پہلا مقابلہ مورخہ 11؍نومبر بروز بدھ جامعہ کے سیمینار ہال میں منعقد کروایا گیا۔ جامعہ کے چار تعلیمی گروپس سے کل آٹھ ٹیموں نے اس مقابلہ میں شرکت کی۔ ہر ٹیم دو طلباء پر مشتمل تھی۔

اس مقابلے کے لئے مکرم شہود آصف صاحب اور مکرم عبدالرؤف اومویلے صاحب نے منصفین کے فرائض سرانجام دیئے جبکہ باقی اساتذہ بھی طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے مقابلہ کے دوران موجود رہے۔ مقابلے کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کے بعد قواعد پڑھ کر سنائے گئے ۔ مقابلہ کے نصاب میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دوخطبات کا اردو زبان میں مکمل متن شامل تھا۔ ٹیموں میں شامل تمام طلباء نے بھرپور تیاری کے ساتھ اس مقابلہ میں حصہ لیا۔ دو راؤنڈز پر مشتمل مقابلہ میں ہر ٹیم سے چار سوالات پوچھے گئے۔ مقابلہ کے اختتام پر تین ٹیموں نے برابر نمبر حاصل کیے اور پوزیشن کا فیصلہ کرنے کے لیے مزید دو راؤنڈز کروائے گئے۔

رزلٹ کے مطابق اوّل پوزیشن عزیزم لارٹے عبدالرفیق اور عبداللہ اکانبی (امانت گروپ) کی ٹیم نے حاصل کی۔ دوسری پوزیشن کی حقدار عزیزم حافظ عبدالتواب اور ناصر خلیل الرحمان (شفقت گروپ) کی ٹیم قرار پائی جبکہ تیسری پوزیشن عزیزم حافظ محمد الفیاض اور محمد بن آدم (قناعت گروپ)کے حصہ میں آئی۔ مکرم شہود آصف صاحب نے مقابلہ کے نتائج کا اعلان کیا اور پوزیشن لینے والے طلباء کو مبارک باد دی۔ مجلس کا اختتام دعا پر ہوا ۔ الحمدللہ

(رپورٹ: انتصار احمد۔ استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button