افتتاح مسجد بیت المالک، خاؤل، ریجن امبور، سینیگال
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 25 ستمبر 2020ء کو مسجد بیت المالک خاؤل، ریجن امبور، سینیگال کا افتتاح ہوا۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد 23 مارچ 2020ء کو رکھا گیا تھا۔
اس مسجد کے لیے ایک ایکڑ قطعہ زمین صدر جماعت خاؤل گاؤں محترم جوگو فائی نے عطیہ کیا تھا۔ مسجد کی تعمیر کے لیے ایک احمدی دوست محترم بیسن صاحب کو مسجد کا ٹھیکہ دیا گیاجو کہ اس سے قبل اسی ریجن میں دو مساجد جماعت کے لیے تیار کرچکے ہیں۔ اسی طرح مسجد کی تعمیر کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی جو کہ لوکل صدر جماعت،سیکرٹری مال،قائد مجلس خدام الاحمدیہ اور لوکل مشنری پر مشتمل تھی۔ مسجد کی تعمیر کے دوران پانی لانے کی ذمہ داری لجنہ اماء اللہ خاؤل نے ادا کی اور وہ دور دراز سے پانی لاتی رہیں اور پانی کی کمی نہیں ہونے دی۔تعمیر مسجد کا کام جو 23مارچ کو شروع ہوا تھا وہ 23 اگست کو مکمل ہوا۔
مسجد کے افتتاح کے لیے 25 ستمبر 2020ء بروز جمعة المبارک کی تاریخ طے کی گئی۔ افتتاح مسجد کی خوشی میں سارے گاؤں کے احمدیوں نے سب کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پورے گاؤں کو غریب دلہن کی طرح سجایا گیا۔ 27 دیہات کو مسجد کے افتتاح پر دعوت دی گئی۔ لیکن کورونا کی وجہ سے ہر گاؤں سے صرف ایک ڈیلگیشن شامل ہوسکا۔
افتتاحی تقریب کے دن محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ سینیگال اپنے وفد کے ساتھ تشریف لائے تھےجن کا مقامی جماعت نے بڑی گرم جوشی سے استقبال کیا ۔
نماز جمعہ سے قبل محترم امیر صاحب نے مسجد بیت المالک کا افتتاح کیا۔ اس وقت احباب جماعت
رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ
کے الفاظ بلند آواز سے دہرا رہے تھے۔
امیر صاحب نے خطبہ جمعہ میں مسجد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسجد کو پانچ وقت نمازیوں سے آباد کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
نماز جمعہ کے بعد سب احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جو کہ خاؤل گاؤں کی لجنہ اماء اللہ نے تیار کیا تھا۔ اس افتتاحی تقریب میں 16 گاؤں کے امام اور 19 گاؤں کے چیف شامل ہوئے۔ کل حاضری 1100 افراد رہی۔الحمد للہ
افتتاحی تقریب کو لوکل ریڈیو نے کور کیا اور اس پر ایک گھنٹہ کا خصوصی پروگرام بھی کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے فضل سے اس مسجد کو امن کاگہوارہ بنائے اور عبادت گزاروں کی عبادت قبول فرمائے۔ آمین
کوائف مسجد: یہ مسجد 15میٹر چوڑی اور گیارہ میٹر لمبی ہے اور چار صد افراد مسجد کی چھت کے نیچے نماز پڑھ سکتے ہیں۔ مسجد کے دو مینار ہیں جو کہ دائیں اور بائیں جانب ہیں۔ دونوں مینار مسجد اقصٰی ربوہ کے میناروں کے طرز پر بنائے گئے ہیں ۔ درمیان میں ایک خوبصورت گنبد ہے، گنبد میں خوبصورتی سے شیشہ لگایا گیاہے جس سے مسجد روشن رہتی ہے۔ اسی طرح مسجد کے اندر اللہ تعالیٰ کے ناموں کو خوبصورتی سے لکھا گیا ہے۔
(رپورٹ: ظفراقبال ۔مبلغ سلسلہ سینیگال)
٭…٭…٭