حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(12؍نومبر۔ 09:00 GMT)

کل مریض: 52,490,259

صحت یاب ہونے والے: 36,723,534

وفات یافتگان: 1,290,669

٭…امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیر دفاع مارک ایسپرکو عہدے سے ہٹانے کے دوسرے روز ہی پینٹاگون کے ایک اعلیٰ عہدیدار جیمز اینڈرسن مستعفی ہوگئے۔ وہ قائم مقام انڈر سیکریٹری آف ڈیفنس فارن پالیسی کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔ ٹرمپ کی جانب سے جان رُوڈ کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اینڈرسن نے فروری میں یہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

٭…عالمی طور پر تسلیم شدہ آذربائیجان کے علاقے نگورنو کاراباخ کے تنازع پر آذربائیجان اور آرمینیا میں گزشتہ 2 ماہ سے جاری جنگ اختتام کو پہنچ گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان روس کی معاونت سے امن معاہدہ طے پاگیا ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے جنگ بندی معاہدے کو اپنے ملک کی فتح قرار دیا ہے۔ معاہدے پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، آرمینیائی وزیر اعظم نکول پشنیان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دستخط کیے۔

صدر الہام علیوف کے فتح کے اعلان کے ساتھ ہی آذری قوم سڑکوں پر نکل آئی، آذربائیجان کے صدر نے دعویٰ کیا کہ آج تاریخی دن ہے، اب نگورنو کاراباخ کا تنازع اختتام کو پہنچ گیا۔

٭…امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں حدیث نبی اکرم ﷺ کے ذریعہ امریکی مسلم کمیونٹی سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو نصیحت بھرا پیغام دیا ہے۔ جو بائیڈن نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ’جو تم میں سے برائی کو دیکھے تو اس کو ہاتھ سے روکنے کی کوشش کرے اور اگر اس کی طاقت نہیں رکھتا تو اس کو زبان سے روکے اور اگر اس کی طاقت بھی نہیںرکھتا تو اس کو دل سے برا جانے۔‘جوبائیڈن کا یہ ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور مسلمان نو منتخب صدر کے اس اقدام پر انہیں سراہ رہے ہیں۔ نومنتخب صدر نے مزید کہا کہ ہم سب کو یہ دیکھنا چاہیے کہ اپنی فیملی، محلے داروں، رشتہ داروں اور ملک کےلیے بہترکیا ہے اور پھر اس پر عمل کرنا چاہیے۔

٭…جوبائیڈن کے مہم چلانے والے منتظمین کا کہنا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے جن چار ایگزیکٹو آرڈرز کو منسوخ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ان میں کچھ مسلم اکثریتی ممالک کے افراد کی امریکہ آمد پر پابندی کا آرڈر بھی شامل ہے۔ جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے منتظمین نے فوکس نیوز کو بتایا کہ ایگزیکٹو اقدامات میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے میں دوبارہ شمولیت کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ ڈیفرڈ ایکشن فار چائلڈہڈ ارائیولز پروگرام کو بحال کرنے اور عالمی ادارۂ صحت میں دوبارہ شامل ہونے کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

٭… دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ امریکی نومنتخب صدر جو بائیڈن سے توقع رکھتے ہیں کہ افغانستان میں طویل امریکی جنگ کے خاتمے کے معاہدے کو برقرار رکھیں گے۔ فروری میں دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان طے پانے والا معاہدہ افغانستان اور امریکہ دونوں ہی کے مفاد میں ہے۔ یاد رہے کہ 29؍فروری کو طے پانے والے مشروط معاہدے کے تحت امریکی اور نیٹو فورسز کو مئی 2021ء تک افغانستان سے مکمل انخلا کرنا ہے اور طالبان اس عرصے کے دوران غیر ملکی افواج پر حملے نہ کرنے کے پابند ہیں۔

٭…چین کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا رویہ ہانگ کانگ کے معاملات میں بغیر کسی لحاظ سے کی جانے والی مداخلت ہے۔ اور یہ پابندیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ پابندیوں سے فوری پیچھے ہٹے اور غلط راستے پر مزید آگے نہ بڑھے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے ہانگ کانگ میں کریک ڈاؤن کے الزامات پر چین کے چار عہدیداروں پر پابندیاں لگائی تھیں۔

٭…سعودی ولی عہد محمدبن سلمان سے عراقی وزیرِاعظم مصطفیٰ الکاظمی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں توانائی اور تجربات کے تبادلوں پر اتفاقِ رائے کیا گیا۔ دونوں راہنماؤں نے اوپیک پلس کے تحت پیٹرول پالیسی میں یک جہتی پر زور دیا۔ عراق کی جانب سے سعودی کمپنیز کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی گئی۔

٭…فرانسیسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلی عالمی جنگ کے اختتام سے متعلق 11؍نومبر کی صبح سعودی عرب میں ہونے والی یادگاری تقریب کو ایک دیسی ساخت کے بم حملے (آئی ای ڈی) کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ تقریب جدہ کے ایک غیر مسلم قبرستان میں جاری تھی اور جس میں فرانس سمیت کئی ممالک کے قونصل خانوں کے نمائندے شریک تھے۔ اس حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔بیان میں اس حملے کو ’بزدلانہ اور بلا جواز‘ قرار دیا گیا ہے۔

٭…بحرین کے وزیر اعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ نے ملک بھر میں ایک ہفتہ سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے دوران سرکاری پرچم سرنگوں کیے جائیں گے۔

شیخ خلیفہ بن سلمان 24 نومبر 1935ء کو پیدا ہوئے اور بحرین کے طویل ترین دورانیے یعنی 1970ء تا وقتِ وفات وزیر اعظم رہے۔ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ سٹیٹ کونسل اور سپریم ڈیفینس کونسل کے سربراہ بھی رہے۔

٭…فلسطین لبریشن آرگنائزیشن ( پی ایل او) کے سیکریٹری جنرل اور چیف مذاکرات کار 65سالہ صائب ارکات کورونا وائرس کے سبب انتقال کرگئے۔ وہ 18؍اکتوبر سے مقبوضہ بیت المقدس کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔فلسطینی سیاست میں 40 برس تک متحرک رہنے والے صائب ارکات پی ایل او کے امن کے حوالے سے اہم مذاکرات کار تھے جبکہ وہ 30 برس سے زیادہ عرصے تک تحریک آزادی فلسطین کے اہم بین الاقوامی ترجمان بھی رہے۔

٭…پاکستان کے شہر کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے آئی جی سندھ پر دباؤ ڈالے جانے کی خبر پر آرمی چیف نے معاملے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی ہدایت پر کی گئی تحقیقات کے مطابق سندھ رینجرز اور آئی ایس آئی کراچی کے متعلقہ افسران نے مزار قائد کی بے حرمتی پر شدید عوامی ردِ عمل اور تیزی سے بدلتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر سندھ پولیس کے طرزِ عمل کو اپنی دانست میں ناکافی اور سُست روی کا شکار پایا اور کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اپنی حیثیت میں جذباتی رد عمل کا مظاہرہ کیا۔ کورٹ آف انکوائری کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ افسران کو اپنی موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ ضابطہ کی خلاف ورزی پر کارروائی جی ایچ کیو میں عمل میں لائی جائے گی۔

٭…افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 مختلف حملوں میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ افغان پولیس کے مطابق منگل 10؍ نومبر کی صبح کابل کے علاقے لبِ جار میں نصب بارودی مواد کا دھماکا کیا گیا،جس میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 1 زخمی ہو گیا۔ اس سے قبل ایک حملہ رات گئے قلعہ وزیر میں بھی کیا گیا۔ مسلح افراد کے حملے میں 2 افغان فوجی ہلاک ہوئے۔ ان حملوں کی ذمہ داری کسی گروپ نے ابھی تک قبول نہیں کی۔

٭…روس کے ملٹری بیس میں ایک فوجی نے اپنے تین ساتھی فوجیوں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ روس کی مغربی ملٹری ڈسٹرکٹ نے بیان دیا ہے کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حملہ کرنے والے فوجی کو تلاش کر رہے ہیں۔

٭…داعش کے ایک گروپ کی جانب سے الردوانیہ میں عراقی فوج کی جانچ چوکی پر کیے جانے والے حملے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ حملہ آور چار گاڑیوں میں سوار تھے۔ ایک سکیورٹی افسر کا کہنا تھا کہ داعش نے مانیٹرنگ ٹاور پر حملہ کیا ہے۔ جس میں حاشد قبیلے کے چھ افراد مارے گئے جب کہ حملے کو ناکام بنانے کے لیے وہاں آنے والے مقامی لوگ بھی ہلاک ہوئے۔

٭…امریکہ میں 24گھنٹوں کے دوران پہلی مرتبہ 1 لاکھ 35 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ریاست کیلی فورنیا میں ہسپتالوں میں زیرِعلاج مریضوں کی تعداد میں 32فیصد اضافہ ہوا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکہ پہلے نمبر پر ہے۔

٭…روسی صدر پیوٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی تمام کورونا ویکسین اس وبا کے خلاف محفوظ اور مؤثر ہیں۔ روسی صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس میں دو ویکسین رجسٹرڈ ہیں اور اس کے کوئی سائیڈ ایفیکٹس نہیں آئے اور روس میں بہت جلد تیسری کورونا ویکسین بھی رجسٹرڈ کرلی جائے گی۔

٭…برطانوی خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘کے مطابق ذہنی صحت سے متعلق بیماریوں کے مسائل پر کی جانے والی تحقیق کے مطابق کووڈ19 سے صحت یاب ہونے والے افراد میں بے چینی، ڈپریشن اور بے خوابی کے مسائل سب سے زیادہ عام ہیں۔ تحقیق سے یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد میں 90 دن کے اندر ڈمینشیا کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔

٭…رواں برس کے آغاز میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے جب چین کے شہر ووہان میں انسان سے انسان تک منتقل ہونے والے وائرس کو روکنے کے لیے پابندیاں نافذ کی گئیں تو لفظ ’لاک ڈاؤن‘ کا استعمال کیا گیا۔

اس کے بعد دنیا بھر کے اکثر ممالک میں بتدریج مکمل اور پھر جزوی لاک ڈاؤنز لگائے گئے اور یوں اس لفظ کا استعمال اس سال معمول سے زیادہ کیا گیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران لفظ ’لاک ڈاؤن ‘کے استعمال میں تیزی سے اضافے کے بعد کولنز ڈکشنری نے اسے سال 2020ء کا ’’ورڈ آف دی ایئر‘‘ قرار دیا ہے۔ دورانِ سال زیادہ استعمال ہونے والے 10 الفاظ کی فہرست میں عالمی وبا سے منسلک دیگر الفاظ میں ’فرلو ‘ ( furlough) ، ’کی ورکر ‘( key worker) ، ’سیلف آئسولیٹ ‘( self-isolate) ’سوشل ڈسٹینسنگ‘ ( social distancing) اور ’کورونا وائرس‘(coronavirus) شامل ہیں۔

٭…منگل کے روز پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرکے 129 رنز بنائے۔ پاکستان نے یہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر سولھویں اوور میں پوارا کرلیا۔ اس طرح پاکستان نے تین میچز کی سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔ عثمان قادر مین آف دی سیری قرار پائے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button