امریکہ (رپورٹس)

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ نیشنل مجلسِ عاملہ جماعت احمدیہ کینیڈا کی پہلی (آن لائن) ملاقات

جماعت احمدیہ کینیڈا کی نیشنل مجلسِ عاملہ کے ممبران اپنے پیارے امام سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ملاقات کرنے اور حضورِ انور سے اپنے مفوضہ شعبہ جات کی بابت براہِ راست رہ نمائی حاصل کرنے کی شدید خواہش رکھتے تھے جبکہ موجودہ حالات کے باعث ان کا برطانیہ جانا اور حضورِ انور سے بالمشافہ ملاقات کی سعادت حاصل کرنا بظاہر ممکن نظر نہ آتا تھا۔ یوں تو اللہ تعالی کے فضل و احسان سے قرآنِ کریم کی آخری زمانے سے متعلق عظیم الشان پیشگوئی وَ اِذَا النُّفُوۡسُ زُوِّجَتۡ کا بابرکت ظہور کئی پیرائے میں ہو چکا ہے لیکن کینیڈا کی نیشنل مجلس عاملہ نے کئی ہزار میل کے فاصلے پر بیٹھ کر اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت حاصل کر کے اس پیشگوئی سے ایک منفرد انداز میں فیض اٹھانے کی توفیق پائی۔

اگست 2020ء سے بعض ممالک کی ذیلی تنظیموں اور نیشنل عاملہ کے ممبران وغیرہ کی پیارے حضور کے ساتھ آن لائن میٹنگز اور کلاسز کا مبارک سلسلہ شروع ہوا تو پیارے آقا کی خدمت ِاقدس میں محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا کی جانب سے نیشنل عاملہ کی ملاقات کی باضابطہ درخواست پیش کی گئی۔ اللہ تعالیٰ کا فضل ہوا اور پیارے حضورنے از راہ شفقت یہ درخواست قبول فرمائی۔ چنانچہ ممبران نیشنل مجلسِ عاملہ کو اس خوش خبری سے مطلع کیا گیا اور ہر ممبر سے اپنے شعبہ کی ایک مختصرمگرجامع رپورٹ تیار کرنے کی گزارش کی گئی۔

اس اجلاس کی تیاری کے لیے نیشنل عاملہ کی ایک خصوصی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں عاملہ ممبران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی رپورٹس پیش کیں اور مکرم امیر صاحب سے اس پر تبادلہ خیال کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ رپورٹ مختصر مگر جامع ہو۔

اس کے علاوہCOVID-19 کے حوالہ سے تمام سرکاری قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹنگ کے انعقاد کو منظم کرنے کے لیے ایم ٹی اے کینیڈا اسٹوڈیوز کے ساتھ بھی میٹنگز منعقد کی گئیں۔ اجلاس میں شریک ہر ممبر ہال میں داخل ہونے سے قبل ایک با قاعدہ screening میں سے گزرا۔

مورخہ3؍اکتوبر 2020ء کو 12:47pmپر اس مبارک تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس بابرکت مجلس کے لیے ایوان طاہرکمپلیکس مسجد بیت الاسلام میں 32 ممبران نیشنل مجلسِ عاملہ جماعت احمدیہ کینیڈا جمع ہوئے۔ ملاقات کا مقررہ وقت ایک گھنٹہ طے پایا تھا لیکن حضور انور نے ازراہِ شفقت اپنے قیمتی وقت سے16؍ منٹ زائدعنایت فرمائے۔الحمدللہ علی ذالک!

پیارے حضور نے اس اجلاس کا دعا کے ساتھ آغاز فرمایا۔ بعد ازاں حضورِانور کی اجازت سے مکرم امیر صاحب نے حضور انور کے آخری دورہ کینیڈا کے بعد بعض امور کی بابت کینیڈا جماعت کی مختصر کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ اس رپورٹ کے بعد حضور انور نےمکرم مبلغ انچارج صاحب اور نائب امراءسے رپورٹس لیں۔ اس کے بعد تمام ممبران نیشنل مجلسِ عاملہ نے باری باری اپنا تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ اپنے مفوضہ شعبہ کی مختصر رپورٹ حضورِ انور کی خدمت میں پیش کی۔ حضور انور نے تمام ممبران عاملہ کو ان کے شعبہ جات کے متعلق قیمتی ہدایات و رہ نمائی نیز عمومی امور سے متعلق نصائح سے بھی نوازا۔

اس بابرکت ملاقات کے دوران حضور انور نے نہایت شفقت اور محبت سے عاملہ ممبران کو اپنی رپورٹس پیش کرنے میں مدد کی۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ حضور انور بھی اپنے عشاق کے ساتھ ایسا دینی تعلق رکھتے ہیں کہ باوجود اس کے کہ سب ممبران نے ماسک پہن رکھے تھے، حضورانور دورانِ میٹنگ قریباً تمام عاملہ ممبران کو ان کے نام لے کر مخاطب فرماتے رہے۔

یقیناً یہ ملاقات جماعت احمدیہ کینیڈا کے لیے ایک انتہائی مبارک اور تاریخی سنگ میل تھی۔ اللہ تعالیٰ تمام دنیا کے احمدیوں کو اپنے پیارے امام حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مثالی احمدی مسلمان بننے کی توفیق عطا فرمائے اور وہ دن جلد آئیں جب ہم اپنے پیارے آقا کی خدمت میں حاضر ہو کر اپنی روح کی تسکین کا سامان کر سکیں۔ آمین !

(رپورٹ از:صبیح ناصر جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ کینیڈا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button