حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(یکم اکتوبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 34,172,820

صحت یاب ہونے والے: 25,438,674

وفات یافتگان: 1,018,957

٭…آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان اتوار 27؍ ستمبر سے شروع ہونے والی جھڑپوں میں اب تک درجنوں افراد کے ہلاک ہونے جبکہ سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آزربائیجان اور آرمینیا کے سرحدی علاقے نگورنو کاراباخ میں دونوں ممالک کی جانب سے فضائی حملوں، میزائلوں اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ جبکہ عوام محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

٭…بیلجیم میں عام انتخابات کے 493 دن بعد نئی حکومت کے لیے اتفاق رائے ہوگیا۔ اس اتفاق رائے کے نتیجے میں بننے والی حکومت جمعرات یکم اکتوبر کے روز حلف اٹھائے گی۔

٭…بھارت کے شہر لکھنؤ کی خصوصی عدالت میں 28 سال سے جاری مقدمے میں 1992 میں شہید ہونے والی بابری مسجد کے مقدمہ کے سنائے گئے فیصلہ میں بی جے پی کے مرکزی رہنماؤں ایل کے ایڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی سمیت مقدمے میں نامزد تمام 32 ملزمان کو بری کردیا گیا۔ خصوصی عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ مسجد کو کسی منصوبہ بندی کے تحت شہید نہیں کیا گیا اور نہ ہی مقدمے میں نامزد ملزمان کے خلاف ثبوت فراہم کیے گئے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایک انٹیلی جینس رپورٹ میں پہلے ہی خبردار کردیا گیا تھا کہ 6 دسمبر کو غیرمعمولی حالات پیش آسکتے ہیں تاہم اس رپورٹ پر کوئی دھیان نہیں دیا گیا۔ یاد رہے کہ بابری مسجد کی زمین کی ملکیت کے مقدمے میں گزشتہ سال بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا کہ متازعہ زمین پر مسجد پانچ سو برس قبل تعمیر کی گئی۔ دراصل وہ مندر کی ملکیت ہے۔ اس فیصلے کے بعد گزشتہ ماہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اس زمین پر رام مندر کی تعمیر کا افتتاح کرچکے ہیں۔

٭…ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے آئندہ ماہ سے غریب ملکوں کے لئے کورونا کے 12کروڑ تیز تشخیصی ٹیسٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ساٹھ کروڑ ڈالرز کی اس اسکیم سے کم اور درمیانی آمدنی والے 133ممالک مستفید ہوسکیں گے۔ فوری ٹیسٹ کے نتائج 15 سے 30 منٹ میں معلوم ہو سکیں گے۔

٭…29؍ ستمبربروز اتوارامیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ مسلسل 14برس یعنی2006ء سے کویت کے امیر تھے۔ اگلے روز شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے بطور امیر کویت حلف لے لیا۔

٭…سعودی عرب سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیرِ صدارت 21 اور 22 نومبر کے دوران G20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ اس اجلاس میں زندگی کے تحفظ اور ترقی کی بحالی جیسے موضوعات پر توجہ دی جائے گی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران پیدا ہونے والے مسائل اور خطرات پر بھی بات ہوگی۔ G20 ممالک نے کورونا کی تشخیص، علاج، اور ویکسین کی تیاری، اس کی تقسیم اور اس تک رسائی کی سہولت کے لیے 21 ارب ڈالر سے بھی زیادہ کا تعاون کیا ہے۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ پارٹی کے حریف صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے درمیان پہلے گرما گرم صدارتی مباحثہ ہوا۔ جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور اموات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ٹرمپ صحت سے متعلق مسائل پر جھوٹ بولتے رہے ہیں۔ جوبائیڈن نے اپنے بیٹے پر کرپشن کے الزامات مسترد کر دیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جواباً کہا کہ انہوں نے کورونا سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات کیے۔ امریکی معیشت کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر لے کر گئے۔ ملک کو شٹ ڈاؤن کرنا معیشت کو تباہ کرنے کے برابر ہے۔

٭…سعودی عرب نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ریاض نے ستمبر کے شروع میں 10افراد کو گرفتار کر کے ایک دہشت گردسیل سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔ تاہم سعودی سکیورٹی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ چھاپہ مار کارروائی یا گرفتاری کہاں عمل میں آئی۔ سعودی عرب نے الزام لگایا کہ ان دہشت گردوں کو ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے ٹریننگ دی گئی تھی جبکہ ایران نے سعودی عرب کے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔

٭…ایران کی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد باقر قالیباف اور کمانڈر ان چیف میجر جنرل حسین سلامی کی موجودگی میں ذوالفقار بصیر نامی بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی گئی۔ آپٹیکل سرچ وار ہیڈ سے لیس یہ میزائل 700 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

٭…برطانیہ اپنے ملک میں پناہ حاصل کرنے والوں کے لئے 4 ہزار میل دور جنوبی اوقیانوس میں آئس لینڈ اور سینٹ ہیلینا میں 2 حراستی مراکز بنائےجائیں گے۔ ہوم سیکریٹری پریتی پٹیل نے ہوم آفس کو منصوبے کی تیاری کی ہدایت کردی ہے۔ لیبر پارٹی نے منصوبے کو مضحکہ خیز قرار دےکر مسترد کردیا۔

٭…حقوق انسانی کے لیے سرگرم عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے اس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں جس کی وجہ سے تنظیم نے بھارت میں ملازمین کو فارغ کر کے اپنی سرگرمیاں روک دی ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو خوف زدہ کرنے کے لیے بھارتی ادارہ برائے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ انہیں جرائم پیشہ تنظیموں کے طور پر پیش کر رہی ہے۔

٭…بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، ان کے بیٹے اور دیگر سینیئر عہدیداروں پر انتخابات میں دھاندلی اور احتجاج کرنے والے شہریوں پر مظالم کے الزام پر برطانیہ اور کینیڈا نے سفری پابندی عائد کرتے ہوئے ان کے اثاثے منجمد کردیے ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں لوکاشینکو کے اتحادی روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب بھی اشارہ کیا لیکن برطانیہ نے تاحال روس کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا۔

٭…ترجمان آرمینی وزیر دفاع نے انقرہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے ایف 16 طیارے نے آرمینیا کے سخوئی 25 جنگی طیارے کو پائلٹ سمیت مارگرایا۔ طیارہ ملٹری اسائنمنٹ پر آرمینیا کی فضائی حدود میں ہی پرواز کررہا تھا۔ ترک صدر کے ترجمان کی طرف سے طیارہ گرانے کی تردید کی گئی ہے۔

٭…پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 24گھنٹے کے اندر 2دھماکے ہوئے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں دھماکے سے 5افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ یہ دھماکا دریائے کابل کے ساتھ موجود مارکیٹ میں ہوا۔ اسی روز ضلع مردان کے کاروباری مرکز ’جج بازار‘ میں سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے دو کم سن بچیوں اور ان کے والد سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

٭…افغانستان کے صوبے دایکندی کے ضلع کجران میں سڑک کنارے بم دھماکے میں مسافربس کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 7 خواتین، 5 بچوں اور 2 مردوںسمیت 14 شہری جاں بحق، جبکہ 3 بچے زخمی ہوگئے۔ افغان وزارت داخلہ نے دھماکے کا الزام طالبان پرعائد کیا ہے۔

٭…عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایئرپورٹ کے نزدیک ایک گھر پر راکٹ حملے میں دو خواتین اور تین بچے جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ راکٹ حملے کا نشانہ بغداد ایئرپورٹ تھا۔ تازہ ترین تشدد کے واقعات میں پہلی باری عراقی سویلین ہلاک ہوئے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ملیشیا کے حملوں کا نشانہ ملک میں موجود امریکی مفادات ہیں۔

٭…کیلی فورنیا کی امپیریل کاؤنٹی میں امریکی فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ F-35B منگل 29؍ ستمبر کو فضا میں ری فیولنگ کرنے والے دوسرے طیارے سے ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا۔تاہم اس دوران لڑاکا طیارے ایف 35 بی کا پائلٹ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ ری فیولنگ کرنے والے طیارے نے تصادم کے بعد باحفاظت کریش لینڈنگ کرلی۔

٭… ٹوئٹر کی جانب سے ہنگری کا سرکاری ٹوئٹراکاونٹ بغیر کسی انتباہ کے معطل کردیا گیا۔ سرکاری ترجمان نے ٹوئٹر اکاؤنٹ معطلی کو قوم پرست وزیراعظم کی حکومت کیخلاف سنسرشپ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بالآخر نئی دنیا میں یہ آشکار ہوا کہ مختلف رائے رکھنے والوں کو ٹیک جائنٹس (ٹیکنالوجی کی بڑے ادارے یا کمپنیاں) خاموش کروارہے ہیں۔

٭…جاپان میں ’ٹوئٹر قاتل‘ کے نام سے مشہور شخص پر 9 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔ ملزم نے عدالت کو بتایا کہ اس کے خلاف لگائے گئے الزامات بالکل درست ہیں۔ملزم کے اعترافی بیان کے مطابق اس نے 8 خواتین اور ایک مرد کو ان کی مرضی سے اگست سے اکتوبر 2017ء کے درمیان قتل کر کے ان کی لاشوں کو اپنے ہی اپارٹمنٹ میں کنٹینرز میں محفوظ کرلیا تھا۔ تفتیش سے یہ معلوم ہوا تھا کہ جب کوئی شخص سوشل میڈیا پر خودکشی کا ارادہ کرتا تو ملزم انہیں تلاش کرتا اور کہتا کہ وہ مرنے میں ان کی مدد کرے گا۔ تاہم اس کے وکلا نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ان کے موکل نے لوگوں کو ان کی رضامندی سے قتل کیا تھا اس لیے اس کے خلاف کم سے کم چارجز لگنے چاہئیں۔

٭…افغانستان میں اقلیتوں پر داعش کے بڑھتے خطرات اور حملوں کی وجہ سے افغانستان میں رہنے والے سکھ اور ہندوؤں نے ملک چھوڑ کر جانا شروع کر دیا ہے۔ افغان سرزمین پر بسے ڈھائی لاکھ سکھ اور ہندوؤں کی تعداد سات سو سے بھی کم رہ گئی ہے۔ اقلیتیوں کے مطابق حکومتی مناسب حفاظتی اقدامات کے بغیر ملک میں رہنا ممکن نہیں رہا۔

٭…مشہور ویب سائٹ یوٹیوب نے بچوں کو غیر مناسب ویڈیوز سے محفوظ رکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ ایسی ویڈیوز جو 18 سال سے کم عمر افراد کو نہیں دیکھنی چاہئیں، اس کا فیصلہ یوٹیوب کا سٹاف کرتا ہے تاہم اب اس کے لیے جلد آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کیا جانے لگے گا۔

٭…خانہ کعبہ کی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام اور زائرین کی حفاظت کے لیے حجر اسود کے بوسہ لینے یا کعبے کو چھونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ جبکہ طواف، کعبے کے گرد نصب حفاظتی جنگلے سے باہر رہتے ہوئے کیا جاسکےگا۔ تمام زائرین کو سماجی فاصلہ رکھنے کے علاوہ طواف اور سعی کے دوران زمین پر لگائے گئے نشانات پر چلنے کی پابندی بھی کروائی جائے گی۔ پابندی پر عمل درآمد کے لیے انتظامیہ نے اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔

فٹ بال: UEFA Champions Leagueکے نئے سیزن کے ڈراز یکم اکتوبر کو کیے گئے۔ یہ فٹبال ٹورنامنٹ یورپ کے بہترین کلبز کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔ گزشتہ سیزن میں یہ مقابلہ Bayern Munich نے جیتا تھا۔

کرکٹ: مورخہ 30؍ستمبر سے پاکستان میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کھیلا جارہا ہے جس میں چھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ بقیہ میچز راولپنڈی میں ہوں گے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button