حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(24؍ستمبر۔ 09:00 GMT)

کل مریض: 32,124,740

صحت یاب ہونے والے: 23,698,059

وفات یافتگان: 982,412

٭…اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ امریکی مطالبے پر ایران پر دوبارہ پابندیاں اس وقت تک نہیں لگا سکتی جب تک سیکیورٹی کونسل اس کی منظوری نہ دے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ ایران کے خلاف اقوامِ متحدہ کی پابندیاں بحال ہوگئی ہیں۔ لیکن جوہری معاہدے میں شامل ممالک اس اقدام کی حمایت نہیں کررہے۔

٭…فلسطین نے عرب لیگ کے حالیہ اجلاس کی صدارت چھوڑ دی ہے جبکہ اسے اگلے 6 ماہ تک عرب لیگ کی صدارت کرنی تھی۔ فلسطینی وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عرب معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ریاض المالکی نے رام اللہ میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ انہیں اس منصب کی کوئی خواہش نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’فلسطین نے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کونسل کے حالیہ اجلاس کی صدارت کے حق کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا لیکن ان کی صدارت میں عرب ممالک کا معاہدوں کے لیے بھاگنا کوئی اعزاز نہیں ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیث کو فلسطین کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

٭…ہونڈرس کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل میں موجود اپنا سفارت خانہ سال کے آخر تک تل ابیب سے یروشلم منتقل کردے گا۔

٭…لبنان کے صدر میشال عون نے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر ملک میں حکومت قائم نہ ہوئی تو ملک دوزخ بن جائے گا۔ صدر نے کابینہ میں فرقے کی بنیاد پر کوٹہ ختم کرنے کی بھی تجویز دی۔

٭…تائیوان کے صدر نے چین پر الزام لگایا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے روز چین کے جنگی جہازوں نے کم وبیش چالیس مرتبہ اس کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

٭…افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بین الافغان مذاکرات کے سلسلے میں بات چیت کا عمل جاری ہے لیکن دوسری طرف فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر پہلے سے بھی زیادہ تعداد میں حملے جاری ہیں۔

٭…سوڈان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد ان دنوں متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہے جہاں وہ امریکی انتظامیہ سے اس بارے میں مذاکرات کرے گا کہ اسے ان ممالک کی فہرست سے نکالا جائے جو دہشت گردی کی مدد کرتے ہیں۔

٭…مالی کے سابقہ وزیر دفاع Ba N‘Daou کو عبوری حکومت کا صدر نامزدکیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر ابراہیم بوبکر کیٹا کو استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا تھا۔

٭…پاکستان کی سپریم کورٹ نے حکام کو امریکہ میں نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر حملے کی سازش میں زیر حراست ملزم طلحہ ہارون کو امریکہ کے حوالے کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اور امریکہ کے درمیان مجرمان کی حوالگی کا معاہدہ نہیں تو کسی شخص کو امریکہ کے حوالے کیسے کیا جاسکتا ہے۔

٭…نیو یارک سٹی پولیس ڈپارٹمنٹ (NYPD) کے ایک اہلکار بائماداجئی انگ وانگ کواس الزام پر گرفتار کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر چینی حکومت کے لیے بطور ایجنٹ کام کر رہا تھا۔ تبت میں پیدا ہونے والے اس اہلکار پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ نیو یارک میں چینی شہریوں کی نقل و حرکت کی اطلاع اور وہاں رہنے والے تبتی شہریوں کی جانچ کرتے کہ ان میں سے کون خفیہ معلومات کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اگر ان پر لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو انہیں 55 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ انگ وانگ امریکی فوج کے ریزروو دستے میں بھی شامل ہیں۔

٭…ستمبر میں اقوامِ متحدہ کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر اقوامِ متحدہ میں اپنی تقریر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر الزام لگایا ہے کہ اس کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلا ہے اور اسے اس کا ذمہ دار سمجھنا چاہیے اور چین سے جواب طلبی ہونی چاہیے۔ چینی صدر شی ثن پنگ نے اپنی تقریر میں کہا کہ چین کسی بھی ملک کے ساتھ سرد جنگ نہیں کرنا چاہتا۔ تمام چھوٹے بڑے ممالک کو آپس میں تعاون کر کے اقوام متحدہ کو مضبوط کرنا چاہیے۔

اس موقع پر ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ کثیر الجہتی چیلنجز درپیش ہیں مگر کثیرالجہتی حل موجود نہیں۔ دنیا میں گورننس کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا کے ممالک سرد جنگ اور تنازعات ختم کرکے ہی کورونا وبا کے خاتمے پر دھیان دے سکتے ہیں۔ انہوں نے چین اور امریکہ کا نام لیے بغیر کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کو سرد جنگ اور تنازعات سے ہر ممکن طور پر بچنا ہوگا۔ کورونا وبا کے سبب اس بار جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس بھی آن لائن ہوگا۔

٭…ترجمان چینی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحد پر مزید فوجی نہ بھیجنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دونوں ملکوں کے فوجی حکام کی ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کوئی فریق خطے میں کسی قسم کی یکطرفہ کارروائی نہیں کرے گا۔

٭…پاکستان کے صدر عارف علوی نے اسلام آبا د میں وحدتِ امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی، اتحاد و یگانگت اور مذہبی رواداری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایک قوم بننے کے لیے تفرقے سے بچنا چاہیے اور ایک دوسرے کو کافر قرار دینے کے طرزِ عمل سے گریز کرنا ہوگا۔

٭…رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے مطابق کینیڈا سے وائٹ ہاؤس کے لیے بھیجے گئے لفافے کو امریکی حکام نے پکڑ لیا ہے جس میں زہریلے مواد ’ریسین‘کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر ایف بی آئی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں لیکن مزید تفصیلات بتانے سے گریز کردیا۔

٭…لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق پولیس کو لندن میں جنوری 2017ء میں ایک گودام سے چوری کی گئی تقریباً 2.5 ملین مالیت کی 200نایاب کتابیں ملی ہیں۔ ان کتابوں کو لندن کے ایک گودام سے چرا کر رومانیہ کے دیہی علاقے کے ایک گھر میں فرش کے نیچے دفن کیا گیا تھا۔ ان کتابوں میں دانتے کے نایاب ورژن اور ہسپانوی مصور فرانسسکو ڈی گویا کے خاکوں کے علاوہ گیلیلیو اور آئزک نیوٹن کی سولہویں اور سترہویں صدی کی کتب کے پہلے ایڈیشن بھی شامل ہیں۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ گروہ برطانیہ کے گوداموں میں ہونے والی بڑی بڑی چوریوں کا ذمہ دار ہے۔

٭…پاکستان کے شہر کراچی میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بلدیہ فیکٹری میں آتش زدگی کے مقدمے میں متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر انچارج رحمٰن عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کو 264؍بار سزائے موت سنا دی ہے۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد دیگر چار ملزموں کو سہولت کاری کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی ہے جن میں فیکٹری کا مینیجر بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 11؍ ستمبر 2012ء کو ایک گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے 264؍افراد جل کر ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

٭…بوٹسوانہ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں 330کے قریب ہاتھیوں کی ہلاکت کی وجہ Cyanobacteria کی وجہ سے پانی میں پیدا ہونے والا زہریلا مواد تھا۔

٭…نائیجر میں آنے والے حالیہ سیلابوں کے نتیجہ میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ موجودہ صورت حال کے پیشِ نظر انتظامیہ نے سکولوں کو کھولنے کا ارادہ مؤخر کردیا ہے۔

٭…امریکہ کی ایک عدالت نے محکمہ تجارت کے اس فیصلے پر عمل درآمد روک دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم WeChat کو امریکہ میں ایپ سٹور سے ہٹا دیا جائے۔

٭…مالیاتی جرائم کی تحقیق کرنے والے امریکی ادارے سے لیک ہونے والی دستاویزات کے مطابق برطانیہ کے سب سے بڑے بینک HSBC نے دھوکے بازوں کی دھوکا دہی کا علم ہونے کے باوجود انہیں کروڑوں ڈالر دنیا بھر میں منتقل کرنے کی اجازت دی۔

٭…John Hopkins Universityکے اعدادوشمار کے مطابق منگل 22؍ ستمبر کو امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

٭…برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے تیزی سے پھیلنے والی کووڈ19 کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے شہریوں کو جتنا ممکن ہو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بارز اور ریسٹورنٹس کو جلدی بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ۔ یہ پابندیاں متوقع طور پر چھ ماہ تک جاری رہیں گی تاہم انہوں نے رواں برس کیے گئے لاک ڈاؤن کی طرح مکمل پابندیوں کو لاگو کرنے سے گریز کیا۔ بورس جانسن کا کہنا تھا کہ اگر کیسز میں کمی نہیں آئی تو مزید اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں معذرت خواہ ہوں کیونکہ اس سے کئی کاروبار جو بحال ہورہے تھے وہ متاثر ہوں گے‘۔

٭…جنوبی افریقہ کے ایک سکول میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے سے قریبا ً500؍ طلباءکو قرنطینہ کیا گیا ہے۔

٭…وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت اور کووڈ 19 کے فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان ان گنے چنے ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں کورونا وائرس کے علاج کے لیے ویکسین کے ٹرائل کا آغاز ہو چکا ہے۔ نیشنل انسٹٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے سربراہ میجر جنرل عامر اکرام نے بتایا کہ یہ تین مرحلوں پر مشتمل ٹرائل ہے۔ موجود مرحلے میں اگلے چار سے چھ ہفتوں میں 8 سے 10 ہزار افراد کو ویکسین دی جائے گی اور ان کا بارہ ماہ تک جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ویکسین انتہائی محفوظ ہے اور چین میں حکومت نے اسے سکیورٹی حکام کو دیا ہے۔ یہ ویکسین انگلینڈ میں آکسفورڈ یونی ورسٹی کی جانب سے تیار کی گئی آسٹریک زینیکا ویکسین سے ملتی جلتی ہے۔

٭…سعودی وزارت داخلہ کے مطابق عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں شہریوں اور مملکت میں مقیم 6 ہزار افراد کو 4 اکتوبر سے عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ دوسرا مرحلہ 18 اکتوبر سے شروع ہو گا۔ اور تیسرے مرحلہ میں بیرون ملک کے معتمرین کو یکم نومبر سے عمرہ کی اجازت ہوگی۔

چوتھے مرحلے میں عمرہ، زیارت اور نمازوں کی سو فیصد اجازت ہو گی، یہ اجازت وبا کے خطرات ختم ہونے کے بعد متعقلہ حکام کے فیصلہ سے لازم و ملزوم ہے۔

فٹ بال:اتوار 20؍ ستمبر کو انگلش پریمئر لیگ کے میچ میں لیور پول نے چیلسی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ دونوں گول Mane نے سکور کیے۔

گالف:امریکہ کے Bryson DeChambeau نے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ جیت کر اپنے کیریئر کا پہلا میجر ٹائیٹل جیت لیا ہے۔

ٹینس:رومانیہ کی Simona Halep نے چیک کھلاڑی Karolina Pliskova کو ہرا کر اٹالین اوپن کا فائنل جیت لیا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button