مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

مورخہ 14؍ تا 16؍ اگست 2020ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭… 14؍اگست بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد ٹلفورڈ ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں آنحضرتﷺ کے عظیم المرتبت بدری صحابی حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کے اوصافِ حمیدہ کا تذکرہ فرمایا۔ نیز مکرم صفدر علی گجر صاحب(رضاکار شعبہ ضیافت یوکے،الفضل انٹرنیشنل و اخبار احمدیہ)،مکرمہ عفت نصیر صاحبہ اہلیہ پروفیسر نصیر احمد خان صاحب، مکرم عبدالرحیم ساقی صاحب(کارکن جنرل سیکرٹری آفس یوکے)اور مکرم سعید احمد سہگل صاحب (رضاکار دفتر پرائیویٹ سیکرٹری شعبہ ڈسپیچ)کی وفات پر ان کا ذکر خیر فرمایا اور ان کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

٭…کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے غیرمعمولی حالات میں حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں حاضر ہونے والے بعض وفود کی ملاقاتیں ملتوی کرنا پڑیں۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت ان وفود کو آن لائن (virtual) ملاقات کے لیے وقت عطا فرمایا۔ چنانچہ تاریخ احمدیت میں یہ پہلا موقع ہے کہ احباب جماعت کو خلیفۂ وقت کے ساتھ آن لائن ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔

٭…مورخہ 15؍ اگست بروز ہفتہ شام ساڑھے چھ بجے اطفال الاحمدیہ کینیڈا(معیارِ کبیر) کی اپنے پیارے امام کے ساتھ آن لائن کلاس منعقد ہوئی۔ اس کلاس میں 220سے زائد اطفال حاضر تھے۔ اس ملاقات کے دوران حضور پُر نور اپنے دفتر (اسلام آباد) میں جبکہ شاملینِ کلاس مسجد بیت الاسلام (کینیڈا) کے کمپلیکس میں موجود تھے۔ دورانِ ملاقات تلاوت اور نظم کے بعد اطفال نے اپنے پیارے امام سے دینی، علمی اور معلوماتی نوعیت کے سوالات پوچھ کر رہ نمائی حاصل کی۔ اس کلاس کا دورانیہ قریباً ایک گھنٹہ رہا۔

٭…مورخہ 16؍ اگست بروز اتوار شام ساڑھے چھ بجے اراکین نیشنل عاملہ لجنہ اماءاللہ کینیڈا کی حضورِ انور کے ساتھ آن لائن میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں تمام عاملہ ممبرات نے اپنا تعارف کروایا۔ حضورِ انور نے ان سے ان کے شعبہ جات کے متعلق جائزہ لیا نیز ہدایات عطا فرمائیں۔ حضورِ انور نے اس دوران بعض سوالات کے جوابات بھی عطا فرمائے۔

٭…حضورِ انور نے آج نمازِ عصرکے بعد درج ذيل 04؍نکاحوں کا اعلان فرمايا اوران کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کرائي۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے بعد مسجد مبارک اسلام آباد میں منعقد ہونے والی یہ پہلی تقریبِ نکاح ہے۔

٭…عزیزہ نادیہ درّثمین (واقفۂ نو)بنت مکرم محمود احمد طارق صاحب (کینیڈا) ہمراہ مکرم شاہ محمد خالد احمد صاحب ابن مکرم مبارک احمد صاحب(کینیڈا)

٭…عزیزہ شمائلہ شاہد بنت مکرم محمد ادریس شاہد صاحب (لندن) ہمراہ مکرم فرہاد احمد صاحب (فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ یوکے) ابن مکرم ناصر احمد صاحب (لندن)

٭…عزیزہ حنا احمد بنت مکرم انیس احمد صاحب (لندن)(ہمشیرہ مکرم حفیظ احمد صاحب۔ شعبہ تربیت یوکے) ہمراہ مکرم عدنان احمد سعد صاحب ابن مکرم حنیف احمد صاحب (لندن)

٭…عزیزہ ثناء ناصر بٹ بنت مکرم ناصر احمد بٹ صاحب (لندن)ہمراہ مکرم ندیم احمد بٹ صاحب(مربی سلسلہ۔ دفتر PS یوکے)ابن مکرم نعیم احمد بٹ صاحب (لندن)

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button