یورپ (رپورٹس)

برطانیہ کے طول و عرض میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا انعقاد

نعمتِ خلافت جماعت احمدیہ کی جان ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے

وَ اِنۡ تَعُدُّوۡا نِعۡمَۃَ اللّٰہِ لَا تُحۡصُوۡہَا

کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتیں اس قدر ہیں کہ تم کبھی ان کا شمار نہیں کرسکتے۔ نعمائے الٰہی کو بڑھانے کا ذریعہ یہ ہے کہ ان کا کثرت کے ساتھ ذکر اور شکر کیا جائے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ

لَئِنۡ شَکَرۡتُمۡ لَاَزِیۡدَنَّکُمۡ

کہ اگر تم میری نعمتوں کا شکر ادا کرو گے تو میں تمہارے لیے اپنی نعمتوں کو بڑھاتا چلا جاؤں گا۔

اس ہدایت کی تعمیل میں اللہ تعالیٰ نے جماعت ہائے احمدیہ برطانیہ کو توفیق عطا فرمائی کہ امسال بھی 27مئی (یوم خلافت) کی قریبی تاریخوں میں جماعتوں نے برطانیہ کے طول و عرض میں اس نعمت خدا وندی کے ذکر کے حوالہ سے پہلی بار ایک منفرد انداز میں جلسے منعقد کیے اور اس فرض کو ادا کیا۔

Coronavirus کی وجہ سےحکومت کی ہدایات کے مطابق کسی جگہ پر بھی مروجہ طریق پر جلسوں کے اجتماعات نہیں کیے گئے لیکن موجودہ زمانہ میں اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ نعمتوں اور وسائل سے بھر پور فائدہ اٹھایا گیا اور جماعتوں نے کسی ایک جگہ پر اجتماع کرنے کی بجائے یوٹیوب اور zoom کی سہولت سے virtual جلسوں کا انعقاد کیا۔ زمانہ جدید کی ان سہولتوں کی مدد سے اللہ تعالیٰ کے فضل سے عام مروجہ جلسوں کی نسبت بہت زیادہ افراد نے ان اجلاسات سے استفادہ کیا اور اس طرح اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتِ خلافت احمدیہ کے حوالہ سے تقاریب سے بھر پور استفادہ کیا اور اپنے ایمانوں کو تازہ کیا۔

برطانیہ کے مربیان کرام کی طرف سے موصولہ رپورٹس کے مطابق ایک مختصر جائزہ قارئین الفضل کی خدمت میں پیش ہے:

٭…لندن میں یومِ خلافت کا مرکزی اجلاس مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں مکرم عمران خالد صاحب اور مکرم رضا احمد صاحب مربیان سلسلہ نے تقاریر کیں اور آخر میں مکرم امیر صاحب نے خلافت کی برکات پر روشنی ڈالی۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اس تقریب کی کارروائی سے دس ہزار سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔

٭…کارڈف میں بھی 27؍مئی کو یوم خلافت منایا گیا۔ اس کی کارروائی 150؍ احمدی گھرانوں میں سنی گئی۔

٭… مکرم قریشی داؤد احمد صاحب مربی سلسلہ کی رپورٹ کے مطابق گلاسگو (سکاٹ لینڈ) میں یوم خلافت کی تقریب سے گلاسگو اور ایڈنبرا کے علاقوں کے 65؍خاندانوں نے استفادہ کیا۔

٭…بیت النور ریجن لندن میں دو مقامات پر یوم خلافت کے حوالہ سے تقریب منعقد ہوئی۔ برنٹ وڈ کی جماعت میں اور بیٹرسی کی جماعت میں شرجیل احمد صاحب مربی سلسلہ نے تقاریر کیں۔

٭…مکرم ربیب احمد مرزا صاحب مربی سلسلہ نے اطلاع دی ہے کہ ان کے ریجن میں چار جماعتوں میں یوم خلافت کا اہتمام کیا گیا۔ ہنسلو ساؤتھ اور ہنسلو نارتھ میں مکرم ایان قریشی صاحب اور مکرم عابد خان صاحب نے تقاریر کیں جن سے 300؍افراد نے استفادہ کیا۔ ہائی ویکمب جماعت میں مکرم ربیب احمد مرزا صاحب نے تقریر کی جہاں حاضری 20تھی۔ سلاؤ کی تقریب میں ڈاکٹر سر افتخار احمد ایاز صاحب نے تقریر کی جس سے 90؍افراد نے استفادہ کیا۔

٭…بریڈفورڈ سے مربی سلسلہ مکرم مبارک احمد بسرا صاحب کی اطلاع کے مطابق علاقہ میں تین تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ بریڈفورڈ ساؤتھ میں مکرم وقاص انور صاحب اور مکرم مبارک احمد بسرا صاحب نے تقاریر کیں۔ حاضری 150؍ تھی۔ لیڈز جماعت میں راجہ ارمغان صاحب اور مکرم مبارک احمد بسرا صاحب نے 90؍احباب سے تقریر کی جبکہ بریڈ فورڈ میں 155؍افراد نے شکیل امینی صاحب اور مبارک بسرا صاحب کی تقاریر سنیں۔

٭…مکرم غلام احمد خادم صاحب مربی سلسلہ مقیم نارتھ ویلز نے لکھا ہے کہ علاقے میں پھیلی ہوئی احمدی فیملیز نے الگ الگ یوم خلافت کے حوالہ سے MTA پر نشر ہونے والے پروگراموں سے استفادہ کیا۔

٭…مکرم فیض احمد زاہد صاحب مربی سلسلہ اطلاع دیتے ہیں کہ ان کے ریجن کی چار جماعتوں (تھارٹن ہیتھ، ساؤتھ ویسٹ، بیکسلے اور ماربری)میں خلافت کے موضوع پر پروگرام منعقد ہوئے ۔ ان تقاریب سے 359؍خاندانوں نے استفادہ کیا۔ مربی سلسلہ صاحب کے علاوہ شکیل احمد صاحب، عابد انور صاحب، نوید احمد مغل صاحب، تصور احمد خالد صاحب اور متعدد اطفال و خدام نے بھی تقاریر کیں۔

٭…27؍مئی کو یوم خلافت کے حوالے سے یوٹیوب کے ذریعہ ایک ایمان افروز تقریب کا اہتمام مانچسٹر کے مربی سلسلہ مکرم محمد احمد خورشید صاحب نے کیا۔ اس تقریب میں ’’خلفائے احمدیت کی سنہری ایمان افروز یادوں‘‘ کے حوالہ سے خاکسار نے قریباً ایک گھنٹہ 30منٹ کی تقریر میں خلفائے احمدیت کے ایمان افروز واقعات سنائے جو سامعین کے لیے ازدیادِ ایمان کا موجب ہوئے۔ اندازہ ہے کہ اس پروگرام سے کم و بیش 5ہزار سامعین نے استفادہ کیا۔

٭…مانچسٹر میں ایک اور آن لائن جلسہ یومِ خلافت بھی ہوا جس سے علاقہ کے 832گھرانوں کے افراد نے فائدہ اٹھایا۔

٭…مکرم رواح الدین عارف صاحب مربی سلسلہ نے لکھا ہے کہ نارتھ لندن کے جلسہ یوم خلافت سے 80؍احباب نے استفادہ کیا۔ ریڈبرج نارتھ میں جلسے کی حاضری 45تھی۔

٭…ویسٹ مڈلینڈز کے مربی سلسلہ ہمایوں جہانگیر خان صاحب لکھتے ہیں کہ یوم خلافت کی تقریب ولور ہیمٹن میں منعقد ہوئی۔ 20خاندانوں نے استفادہ کیا۔ طاہر سلبی صاحب مربیٔ سلسلہ نے اس موقع پر احباب جماعت کو سوال و جواب کا موقع بھی فراہم کیا۔ وولور ہیمٹن، والسال اور دیگر جماعتوں کے احباب نے بھی فائدہ اٹھایا۔

٭…ہڈرز فیلڈ کے مربی سلسلہ مکرم صباحت کریم صاحب کے مطابق ہڈرز فیلڈ ساؤتھ اور ہڈرز فیلڈنارتھ نے الگ الگ یوم خلافت منایا۔ ساؤتھ میں مکرم نثار آرچرڈ صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت یوکے نے zoom پر تقریر کی۔

٭…مڈلینڈز سے مربی سلسلہ عقیل کنگ صاحب کی رپورٹ کے مطابق خلافت کے موضوع پر ایک تقریب منعقد ہوئی۔ انگریزی تقریر عقیل کنگ صاحب نے کی اور اردو تقریر سید مشہود احمد صاحب نے کی۔

٭…نارتھ ویسٹ ریجن کی رپورٹ مکرم طاہر سلبی صاحب نے بھجوائی ہے۔ انہوں نے پریزینٹیشن کے ذریعہ خلافت کے بارہ میں ہارٹلے پول اور نیو کاسل میں جماعت کے احباب اور بچوں کو اس بارہ میں آگاہی دی۔

٭…برمنگھم میں پہلی تقریر ریجنل امیر صاحب نے کی۔ اس کے بعد شعیب احمد صاحب نے برکات خلافت پر تقریر کی۔ مظہر الاسلام صاحب نے اردو میں تقریر کی۔ عبد الغفار صاحب مربی سلسلہ نے دعا کروائی۔ اس پروگرام سے 200؍احباب نے استفادہ کیا۔

٭…شعبہ تبلیغ یوکے نے یوم خلافت کے حوالہ سے غیر از جماعت احباب کو خلافت کی حقیقت بتانے کے لیے zoom پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا۔ جس میں ملک کے بعض سیاسی لیڈروں کے علاوہ سیکرٹری تبلیغ مکرم ابراہیم اخلف صاحب اور ڈاکٹر عمر صاحب نے تقاریر کیں۔ بعد میں live سوال و جواب کا موقع بھی دیا گیا۔ جماعت کے تعارف سے متعلق ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ خلافت احمدیہ کی نعمت پر شکر کے حوالہ سے کی جانے والی ملک گیر کوششوں میں بہت برکت دے اور احمدیہ نظام خلافت ساری دنیا کو منور کرتا چلا جائے۔ آمین

(عطاءالمجیب راشد۔ مبلغ انچارج برطانیہ، امام مسجد فضل لندن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button