امریکہ (رپورٹس)

وزیراعظم کینیڈا کا ہیومینٹی فرسٹ کی بے لوث خدمات پراظہارِ تشکّر

(رپورٹ: راجہ عطاء المنان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یوکے)

کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو (Justin Trudeau) نے ایک ویڈیو پیغام میں جماعت احمدیّہ کینیڈا سے مخاطب ہوتے ہوئے وبائی ایّام میں بے لوث خدمت کرنے پر ہیومینٹی فرسٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ موصوف جماعت احمدیّہ کینیڈا کی طرف سے منعقد کیے جانے والے ورچوَل افطار ڈنر کے سلسلے میں اپنا پیغام ارسال کر رہے تھے۔ virtual Iftar dinner سے مراد موجودہ وبائی ایام میں مساجد میں ہونے والے اجتماعات پر پابندی کی صورت حال میں سوشل میڈیا کے توسّط سے منعقد کیا جانے والا ایک افطار ڈنرہے جس میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کے ساتھ رمضان المبارک کے حوالے سے گفتگو کی گئی اور انہیں مطلوبہ معلومات فراہم کی گئیں۔ اس پروگرام میں متعدّد معروف غیرمسلم کمیونیٹی کے لوگوں نے بھی بھرپور حصّہ لیا۔

ہیومینٹی فرسٹ کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نشر کیے جانے والے اس ویڈیو پیغام کا آغاز وزیرِاعظم کینیڈا جناب جسٹن ٹروڈو نے ’السلام علیکم‘ سے کرتے ہوئے سب لوگوں کو Canada کے سب سے بڑے ورچول Virtual افطار ڈنر پر خوش آمدید کہتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پچھلے سال افطار کے لیے آپ کے ساتھ ملٹن میں تھا اورمیری خواہش تھی کہ میں اس سال بھی آپ کے ساتھ شامل ہو سکوں لیکن بد قسمتی سے ابھی ہمارا ایک دوسرے سے فاصلے پر رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ رمضان کے پہلے دن میں virtually آپ کے ساتھ ہوں۔ مجھے اندازہ ہے کہ اس وقت آپ کے لیے مقامی مساجد میں نہ جا سکنا اوراپنے پیاروں کے ساتھ مل کر روزہ افطار نہ کر سکنا کتنا مشکل ہے لیکن ہمیں ابھی ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا ہے تاکہ ہم ایک دوسرے کو اس بیماری سے محفوظ رکھ سکیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ میں احمدیّہ مسلم جماعت کینیڈا کو مُبارک باد دیتا ہوں کہ اس نے اس رمضان میں Virtual افطارکا انتظام کیا تاکہ لوگ تنہا محسوس نہ کریں۔ آپ نے اس وبا کے دوران ہمیں دکھایا ہے کہ کیسے بے لوث انداز میں دوسروں کی خدمت کی جاتی ہے۔ اور Humanity First جیسی تنظیم نے تو بڑھ چڑھ کر کینیڈا اوردوسرے ممالک میں لوگوں کی خدمت کی ہے۔

وزیراعظم ساتھ ساتھ اس پیغام کو فرانسیسی زبان میں بھی دہراتے رہے اور آخر پر سب کو رمضان کی مبارک باد دی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعتِ احمدیہ مسلمہ کے مطلوب و مقصود و تمنّا یعنی خدمتِ خلق کے کاموں کو اسی طرح بے لوث اندازمیں محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کی خاطر کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. آللہ تعالی سے دعا ھے آپ اور اپکی ٹیم کی کاوشوں کے شکر گزار ھیں ایک تاریخی بات کے لوگ ا لفضل جلد کرواکے رکھیں گے اور زمانہ اے گا ا لفضل کو تلاش کریں گیں.آپ سے درخواست 1890سے ایک ورق کا دلچسپ مضمون کا سلسلہ شروع کریں جزاکم اللہ احسن الجزا

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button