امریکہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ گیانا کا اجرا اور خدمات

اسلام جہاں خدا تعالیٰ کے حقوق قائم کرتا ہے وہاں انسانیت کے حقوق کی طرف بھی بہت زور دیتا ہے۔ خدمتِ انسانیت بھی انہی حقوق میں سے ایک اہم فرض ہے جس کی طرف اسلام میں بہت توجہ دلائی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ عالمگیر اس فریضہ کو احسن رنگ میں سر انجام دے رہی ہے۔ چنانچہ اسی مقصدِ عظیم کو سامنے رکھتے ہوئے حضرت مرزا طاہر احمد خلیفۃ المسیح الرابع ؒنے1994ء میں ایک فلاحی تنظیم ہیومینٹی فرسٹ کے نام سے قائم کی۔ جس کا مقصد صرف خدمتِ انسانیت کے فریضہ کو سرانجام دینا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کر م سے ہیومینٹی فرسٹ ساری دنیا میں فلاحی کام کر رہی ہے۔

گیانا میں ہیومینٹی فرسٹ کا قیام اس طرح عمل میں آیا کہ جلسہ سالانہ یوکے 2017ء کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے ازارہِ شفقت گیانا میں ہیومینٹی فرسٹ کے قیام کی ہدایت فرمائی۔ پیارے امام کی ہدایات ملتے ہی ہیومینٹی فرسٹ امریکہ نے اس پر کام شروع کر دیا اور مکرم جمیل محمد صاحب کنٹری ڈائریکٹر ہیومینٹی فرسٹ گیانا مقرر ہوئے۔ چنانچہ مکرم جمیل محمد صاحب اور خاکسار نے مل کر تمام کاغذات پر کام کیا اور اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے ہیومینٹی فرسٹ گیانا 2؍مئی 2018ء کو رجسٹر ہو گئی۔

یہاں یہ بھی عرض کرتا چلا جاؤں کہ یہ ہیومینٹی فرسٹ گیانا کا احیائے نو تھا۔ مولانا بشیراحمد آنن صاحب مبلغ انچارج گیانا نے 2005ء میں ہیومینٹی فرسٹ کے ذریعہ سیلاب سے متاثرین کے لیے بہت کام کیا تھا اور بعد میں میڈیکل کیمپس اور کمپیوٹر سکول جیسے پروگرام بھی کیے تھے۔ مگر بعض مجبوریوں کی وجہ سے ہیومینٹی فرسٹ کافی عرصہ سے بند تھی۔

ہیومینٹی فرسٹ گیانا کے رجسٹر کروانے کے ساتھ ہی مختلف فلاحی کاموں کا آغاز کر دیا گیا۔ جس میں سب سے پہلا کام غرباء کو پکا ہوا کھانا کھلانا اور غریب گھرانوں میں راشن تقسیم کرنا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید پروجیکٹس کو بھی شامل کیا گیا۔ جس میں خصوصیت سے میڈیکل کیمپس، تعلیمی و تدریسی پروگرام شامل ہیں۔

ان تمام پروگراموں کو چلانے کے لیے بہت سے رضاکاران کی ضرورت تھی۔ جس کے لیے آغاز سے کوشش کی گئی۔ رضاکاران کی ٹیم میں احمدی احباب کے علاوہ مسیحی اور ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہوئے۔ رضاکار ان میں ڈاکٹرز، نرسز، اکاؤنٹنٹس، ماہر نفسیات، سماجی کارکنان جیسے اہم شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ گیاناؔ کی رضاکارٹیم میں پچاس سے زائد افراد شامل ہیں جو پانچ مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ کےفضل و کرم سے اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصر ہ العزیز کی دعاؤں سے ہیومینٹی فرسٹ گیانا کے پچھلے دو سالوں کے کاموں کی مختصر کارکردگی درج ذیل ہے۔

1۔ طعام

ہیومینٹی فرسٹ گیانا نے سب سے پہلاکام غرباء اور بے گھرا فراد کے لیے کھانا پکا کر تقسیم کرنا شروع کیا۔ جس کا آغاز صرف 50؍افراد ماہوار کے لیے کھانےپکانےسے ہوا۔ اور اب تک 44؍بار کھانا پکایا جا چکا ہے جس سے 4807؍مفلس افراد کو طعام کھلایا جا چکا ہے۔

2۔ راشن

مفلس و نادار خاندانوں میں ہر چھ ہفتے بعد باقاعدگی کے ساتھ راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس میں چاول، آٹا، دال وغیرہ جیسی بنیادی اشیاء خوردنِی دی جاتی ہیں۔ اب تک اللہ تعالیٰ کے فضل سے 6؍مختلف علاقوں میں1151؍مستحق خاندانوں میں راشن دیا جاچکا ہے۔ اسی طرح کورونا وائرس کی وباء کے دور میں خاص طور پر 200؍سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔

3۔ میڈیکل کیمپ

اب تک 12؍میڈیکل کیمپس منعقد کیے جا چکے ہیں۔ جن کے ذریعہ 1181؍افراد کو طبی امداد فراہم کی جاچکی ہیں۔ میڈیکل کیمپس میں افراد کے بلڈ پریشر ، بلڈ شوگر چیک کرنے اور ڈاکٹرسے مشورہ کے علاوہ مختلف طبی سہولیات بھی مہیا کی گئیں۔ جن میں دانتوں کے علاج، آنکھوں کے علاج، مختلف قسم کے کینسرز ٹیسٹ ،ادویات کے عطیہ جات وغیرہ دیے گئےاس کے علاوہ بے گھر افراد کے زخموں کی مرہم پٹیاں بھی کی گئی اور مختلف افراد میں ہومیو پیتھی دوائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ میڈیکل کیمپس مختلف اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر بھی لگائے گئے اور انفرادی طور پر بھی ۔ کورونا وائرس کی ہومیوپیتھک دوائی جو حفظ ما تقدم کے لیے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تجویز کی تھی وہ بھی تقسیم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کپڑے کے بنے ہوئے فیس ماسک 360؍افراد میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

4۔ تعلیم و تدریس

ہیومینٹی فرسٹ گیاناؔ کی طرف سے تعلیمی پروگرامز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ایک بہت کامیاب پروگرام انسانی نفسیات پر مشتمل ورکشاپ تھی۔ جس میں غصے، جذبات اور سٹریس پر قابو کے ساتھ ساتھ باہمی تنازعے کے حل پرمشتمل موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ وینزویلا سے آئے ہوئے مہاجرین کی مدد کے لیے مفت انگریزی زبان کی کلاسز بھی منعقد کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان مہاجرین کو گیاناؔ ملک میں رہن سہن میں آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ اب تک 146؍کلاسز منعقد کی جا چکی ہیں جس سے 181؍طلباء کو فائدہ ہوا ہے۔

یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ خلیفۂ وقت کی رہ نمائی اور دعاؤں سے ہیومینٹی فرسٹ گیاناؔ دن دگنی رات چگنی ترقی کر رہی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ ہیومینٹی فرسٹ گیاناؔ کے بارے اخبار وں میں بھی رپورٹس شائع ہوچکی ہیں۔ جن میں گیاناؔ کرانیکل(Guyana Chronicle) اور سٹابروک نیوز (Stabroek News) شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام وہ لوگ جو ان فلاحی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں اور قربانی کر رہے ہیں ان کواللہ تعالیٰ اس دنیا اور آخرت میں جزائے خیر عطا فرمائے۔ ان کے اموال و نفوس میں برکت ڈالے۔ اور ہیومینٹی فرسٹ مزید ترقیات حاصل کرنے والی ہو ، دکھی انسانیت کی حقیقی مدد کرنے والی ثابت ہو اور اللہ تعالیٰ کےفضلوں کو جذب کرنے والی ہو۔ آمین

(رپورٹ: مقصود احمد منصور ۔مبلغ انچارج و چیئر مین ہیومینٹی فرسٹ گیانا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button