حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 7، 4؍ اپریل 2020ء)

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.info کی طرف سے جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 1,188,489؍ہے، اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والےافراد کی تعداد 64,103 ہے جبکہ 246,032؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دیے گئے وقت اور دن کے مطابق آپ کو اعدادوشمار بتا رہا ہے)

چین

چین میں ہفتہ4؍اپریل کو Covid-19 سے گزر جانے والے ہزاروں افراد کی یاد میں قومی یوم سوگ کے طور پر منایا گیا۔دن 10 بجے تین منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ہر قسم کی نقل و حرکت روک دی گئی۔ ملک بھر میں قومی جھنڈا سرنگوں رہا اور ہر قسم کسی کی تفریح سے اجتناب کیا گیا۔ چین میں Covid-19 سے 3,300؍ سے زائد افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ (الجزیرہ)

چین نے غیر ملکی سفارت کاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے ماہ، یعنی اپریل کے وسط تک بیجنگ شہر سے دور رہیں، وائرس انھیں کوئی استثناء نہیں دے گا۔  (بی بی سی اردو)

Wuhan کی انتظامیہ نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف اشد ضرورت کے تحت ہی گھروں سے نکلیں۔ قریباً دو ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد اب ووہان شہر کو کھولا جارہا ہے۔ (سی این این)

برطانیہ

برطانیہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 708؍افراد کی ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے۔ (بی بی سی اردو)

برطانیہ کے وزیر اعظم Boris Johnson نے اپنی معمول کی بریفنگ میں کہا ہے کہ حکومت مسلسل سوشل ڈسٹنسنگ کی پابندیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور  ان میں تب ہی نرمی کی جائے گی جب یہ شواہد ملنے شروع ہوں گے کہ  اب ان قوانین میں نرمی کی جاسکتی ہے۔ (سی این این)

وبائی امراض کے ماہر، Professor Neil Ferguson جو کہ حکومت کی اس معاملہ میں معاونت کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں کئی ہفتے تک جاری رہ سکتی ہیں۔ (سی این این)

جمعرات کے روز برمنگھم اور Merseyside کے علاقوں میں بعض لوگوں نے 5G موبائل سگنلز کے کھمبوں کو آگ لگا دی۔ ایک تأثر یہ پایا جارہا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی وجہ سے وائرس پھیل رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بارے میں کوئی شواہد نہیں ہیں اور کورونا وائرس ان علاقوں میں بھی پھیل رہا ہے جہاں 5G ٹیکنالوجی استعمال نہیں ہو رہی۔ (بی بی سی)

جمعہ کے روز  پاکستانی نژاد برطانوی نرس اریمہ نسرین Covid-19 سے Walsall Manor Hospitalمیں چل بسیں۔ اس سے پہلے انھوں نے ہسپتال میں 15 سال تک صفائی کا کام کیا تھا۔ پھر تعلیم حاصل کر کے باقاعدہ نرس بن گئیں تھیں۔ان کی عمر36سال تھی۔ (الجزیرہ)

فرانس

فرانس کے وزیر دفاع،Florence Parly، نے ہفتہ کے روز یہ بتایا ہے کہ فرانس کی  فوج کے600؍ افراد میں Covid-19 کی تشخیص ہوئی ہے۔ ( سی این این)

سپین

سپین میں گذشتہ روزCovid-19 کی وجہ سے809؍ اموات ہوئی ہیں۔ تین دن میں یہ پہلی بار ہے کہ اموات 900 سے کم ہوئی ہیں۔ سپین  میں اس وقت کے  کیس اٹلی سے بڑھ گئے ہیں اور کل تعداد 124,736 ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)

امریکہ

امریکہ میں ریکارڈ اموات

John Hopkins University کے مطابق جمعرات ،جمعہ کے روز 24؍ گھنٹوں کے دوران امریکہ میں Covid-19 سے 1,480؍ اموات ہوئی ہیں۔ کسی بھی ملک میں Covid-19 سے ایک دن میں ہونے والی یہ سب سے زیادہ اموات ہیں۔ (برسلز ٹائمز)

Covid,19 کی وبا سے بچا جاسکتا تھا (Noam Chomsky)

91؍سالہ ،مشہور ماہر لسانیات اور فلاسفر  Noam Chomsky کا کہنا ہے کہ اس وبا سے بچاؤ ممکن تھا۔ دنیا کو اس بارے میں پہلے سے ہی کافی معلومات مل چکی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب یہ وبا ختم ہو گی، اس وقت دو بڑے خطرات کا سامنا ہو گا اوروہ نیوکلیئر جنگ اور گلوبل وارمنگ ہیں۔ (الجزیرہ)

نیویارک  کی ریاست میں Covid-19 کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور نیویارک میں مختلف ہسپتالوں سے وینٹی لیٹرز کو ان علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے جو سب سے زیادہ متأثر ہوئے ہیں۔  نیویارک میں کیسز کی تعداد 102,863؍ ہے۔ اس ہفتے میں نیویارک کو 37,000؍ وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہے۔ (ڈان اردو)

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ماسک نہیں پہنیں گے

بیماریوں کے روک تھام کے امریکی ادارے کا کہنا ہے کہ لوگ جب پبلک میں آئیں تو ماسک ضرور پہنیں تاکہ وائرس سے بچاؤ کیا جا سکے۔ امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ voluntary ہے، اور وہ خود ماسک نہیں پہنیں گے۔ (الجزیرہ)

بھارت

وزارت صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت کے مطابق، گذشتہ روز بھارت کے Covid-19 کے مریضوں میں 601؍ کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافے کی وجہ نئی دہلی میں ہونے والے ایک مذہبی اجتماع کو قرار دیا گیا ہے۔ بھارت میں اس وقت Covid-19 کے 3,082 مریض ہیں اور 86؍ اموات ہوچکی ہیں۔ (سی این این)

بھارت کی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ وہ مختلف امدادی اداروں سے6؍ بلین ڈالر کا قرض لے تا اس رقم سے Covid-19 کے خلاف کوششوں میں مدد مل سکے۔ (ڈان)

پاکستان

افغان حکومت کی درخواست پر اورانسانی ہمدردی کے تحت پاکستان 6؍ اپریل سے9؍ اپریل تک طورخم اور چمن بارڈر کو مخصوص اوقات میں کھولے گا تاکہ پاکستان میں پھنسے ہوئے افغان شہری واپس اپنے ملک جا سکیں۔ ( ڈان)

وزیراعظم پاکستان کے خصوصی مشیر ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ  پاکستان میں فروخت ہونے والے بہت سے  سینیٹائزرغیر معیاری ہیں۔ (ڈان)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو اجازت دی ہے کہ وہ تین ستارہ اور چار ستارہ ہوٹلوں کو قرنطینہ مراکز کے لئے وقتی طور پر استعمال کر سکتی ہے۔ (ڈان)

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک پیغام گردش کررہا تھا کہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی ہو گی جو سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے متعلق پیغامات شیئر کریں گے۔ Pakistan Telecommunication Authority کا کہنا ہے کہ یہ بات غلط ہے۔ (ڈان)

جاپان

جاپان میں جمعے کے روز ایک دن میں Covid-19 کے مریضوں میں 300 سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ جاپان میں مریضوں کی کل تعداد 3,632 ہے اور 80؍ اموات ہوچکی ہیں۔  (سی این این)

آسٹریلیا

آسٹریلیا نے اپنے ملک میں عارضی ویزے پر رہنے والے لوگوں، جن میں طلباء، ہنرمند کاریگر، سیاح شامل ہیں،سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد واپس اپنے ملکوں کو چلے جائیں۔ Covid-19 کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح آسٹریلیا کی معیشت بھی بری طرح متأثر ہوئی ہے اور  بہت سے لوگ بےروزگار ہوگئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ایسے عارضی ویزہ رکھنے والے جو 6 ماہ تک اپنے اخراجات خود برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں ان کو واپس چلے جانا چاہئے۔ آسٹریلیا میں اس وقت مختلف قسم کے عارضی ویزوں پرقریبا 27 لاکھ افراد موجود ہیں۔ (الجزیرہ)

کھیل

بابر اعظم نے لگائیں ڈنڈ بیٹھکیں

گذشتہ دنوں پاکستان کرکٹ کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو چیلنج کیا تھا کہ وہ بھی ان کی طرح ڈنڈ بیٹھکیں لگا کر وڈیو اپ لوڈ کریں۔ پاکستان کے مشہور بلے باز بابر اعظم نے بھی اس چیلنج کو پورا کیا ہے اور وڈیو اپ لوڈ کی ہے۔ (ARYSPORTS.TV)

تنخواہ میں30فیصد کمی

انگلش پریمیئر لیگ کے کلبوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں  سے بات کریں گے کہ وہ  اپنی تنخواہوں میں 30 فیصد کی کمی قبول کر لیں تاکہ  نوکریاں بچائی جا سکیں۔ اس رقم میں سے20 ملین  پاؤنڈ NHS کو دیے جائیں گے۔ اور سیزن جب تک حالات درست نہ ہوجائیں، شروع نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ تمام لیگز اور میچز مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ ( بی بی سی)

انگلش کرکٹ بورڈ نے Covid-19 کے خلاف جنگ میں 61؍ ملین پاؤنڈ کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ (ڈان)

آخر کار کتاب شائع ہوگئی

آج سے  15؍ سال پہلے سکاٹ لینڈ کے ایک مصنف، Peter May، نے LOCKDOWN کے نام سے ایک ناول لکھا تھا جس کو پبلشرز نے یہ کہہ کر شائع کرنے سے انکار کردیا تھا کہ یہ حقیقت سے بہت دور ہے۔ مگر آج کل کے حالات کو دیکھتے ہوئے بالآخر پندرہ سال بعد جمعرات کے روز یہ ناول  شائع ہوگیا ہے۔ (سی این این)

51سالہ شادی شدہ جوڑے کی وفات

فلوریڈا میں رہنے والے Stuart and Adrian Baker کی شادی کو 51 سال ہوچکے تھے جب ان کی صحت میں Covid-19 کی وجہ سے پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔ اتوار کے روز 6 منٹ کے وقفہ سے ان دونوں کی وفات ہوگئی۔ ان کی عمریں 74؍اور72سال تھیں۔ (سی این این)

ZOOMکا BOOM

موجودہ حالات میں جب کے لوگ گھروں تک محدود ہیں اور کام کرنے کے لئے مختلف ایپس کا استعمال کر رہے ہیں۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد ZOOM کا استعمال کر رہی ہے۔ برطانیہ کے وزیراعظم Boris Johnson بھی یہی ایپ استعمال کر رہے ہیں۔  یہ ایپ 2011ء میں Eric Yuan نے بنائی تھی اور ایک سال بعد سٹاک مارکیٹ میں آگئی تھی۔ اس وقت اس کی ویلیو 35؍ بلین ڈالرز ہوگئی ہے۔ (Yahoo News)

کبھی مر د باہر جائیں کبھی عورتیں

پانامہ نے موجودہ حالات میں لوگوں کو گھروں سے صرف ضروری کاموں کے لئے نکلنے کی اجازت دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ سوموار، بدھ اور جمعہ کے روز صرف عورتیں ضروری کام سے گھر سے باہر جاسکتی ہیں اور مرد گھروں میں رہیں۔ جبکہ مرد ہفتہ، منگل اور جمعرات کے دن گھر سے ضروری کام کے لئے باہر جا سکیں گے اور عورتیں  گھروں میں رہیں گی۔ (سی این این)

آپ کیا کھائیں گے؟

آج کل گھروں میں محدود ہوجانے کی وجہ سے لوگوں کی اکثریت کو ان کی پسندیدہ غذائیں کھانے کو نہیں مل رہیں۔ڈان نیوز کی Team Imagesنے جب لوگوں سے اس بارہ میں پوچھا کہ وہ لاک ڈاؤن کے بعد سب سے پہلے کیا کھانا پسند کریں گے تو بہت ہی دلچسپ جواب ملے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ  گول گپے، دیسی بار بی کیو، KFC، پیزا، بریانی، Sushi، Greasy Burgers وغیرہ کھانا پسند کریں گے۔ (ڈان)

ایک ملین ڈالر کا عطیہ

فرانس کےPSG فٹ بال کلب کے برازیلین کھلاڑیNeymar Jr نے  Covid-19 کے خلاف جدوجہد کے لئے UNICEF اور ایک اَور فلاحی ادارے کو ایک ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ (ڈان)

بل گیٹس

ایک ٹی وی شو کے دوران بل گیٹس نے کہا ہے کہ ان کا فلاحی ادارہ گیٹس فاؤنڈیشن  کورونا وائرس کی وبا کے خلاف لڑنے کے لئے ویکسین اور ویکسین بنانے والی فیکٹریوں کی تعمیر کے لئے اربوں ڈالر خرچ کرے گا۔ (ڈان اردو)

زرعی اجناس کی مارکیٹ پر کورونا کے اثرات

دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہر طبقہ ہی مشکلات کا شکار ہے۔ آلو دنیا میں سب سے زیادہ استعمال  ہونے والی سبزی ہے۔  لیکن اب جب کہ ترسیل کے رک جانے کی وجہ سے اس کا استعمال بہت کم ہوگیا ہے دنیا بھر کے کسان پریشان ہیں کہ وہ آلو کی فصل کا کیا کریں۔ (ڈان)

اسی طرح سبزیوں کے بازاروں تک نہ پہنچنے کی وجہ سے کسان اپنی فصلیں جانوروں کو کھلانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ (ڈان)

وہ خوش قسمت ممالک جو ابھی تک اس وبا سے محفوظ ہیں

3؍اپریل 2020ء تک دنیا کے درج ذیل ممالک ایسے تھے جن میں Covid-19 کا کوئی مصدقہ مریض موجود نہیں تھا۔ Comoros, Kiribati, Lesotho, Marsha Islands, Micronesia, Nauru, North Korea, Palau, Samoa, Sao Tome and Principe, Solomon Islands, South Sudan, Tajikistan,  Tonga, Turkmenistan, Tuvalu, Vanuatu, Yemen.

ماہرین کا کہنا ہے کہ  ان میں سے بعض ممالک میں ایسے کیس موجود ہونے کا امکان ہے جو ابھی تک رپورٹ نہیں ہوئے۔ (Evening Standard)

گیمبیا میں کورونا وائرس اور جماعت کی خدمات

دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح گیمبیا میں بھی کورونا وائرس کا حملہ ھو چکا ھے اور تین کنفرم کیس سامنے آچکے ہیں اور بہت سارے افراد ابھی قرنطینہ میں ہیں  سارے ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ ھو چکا ھے ۔ ان حالات میں جبکہ اس موذی بیماری سے بچنے کے کوئی ذرائع نہیں حضور انور کی تجویز کردہ ہومیوپیتھی حفاظتی نسخہ ایک نعمت غیر مترقبہ کی حیثیت رکھتا ھے اللہ کے فضل سے سارے ملک میں اس دوائی کو وسیع پیمانے پر مفت تقسیم کیا جا رہا ھے ۔ اس دوائی کو لینے والوں میں عزت ماب صدر مملکت دی گیمبیا، وائس پریذیڈنٹ ، اور وزرا بھی شامل ہیں ۔

اسی طرح دیگر حفاظتی سامان جن میں ھینڈ واش، سینیٹائزرز، صابن، ڈیٹول ہاتھ دھونے کے لئے خودکار سسٹم بڑی بالٹی بمعہ ٹونٹی ایک تقریب میں مورخہ ستائیس مارچ کو ریڈکراس گیمبیا کے حوالے کیا گیا ۔ ریڈ کراس کے نمائندے نے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور دیگر تنظیموں سے اپیل کی کہ جماعت احمدیہ کی پیروی کرتے ھوئے غریب عوام کی مدد کریں ۔ اس تقریب کو سرکاری ٹی وی و ریڈیو ایم ٹی اے گیمبیا ،دی لائٹ ایف ایم  اور اخبارات کے نمائندوں نے کور کیا ۔

اسی طرح اللہ کے فضل سے ایم ٹی اے گیمبیا  اور احمدیہ ریڈیو سٹیشن  دی لائٹ ایف ایم عوام کی آگاہی کے لئے کرونا وائرس کے متعلق مختلف پروگرام انگریزی اور مقامی زبانوں میں  پروگرام پیش کر رہا ھے ۔  (رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ مبلغ انچارج دی گیمبیا)

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button