افریقہ (رپورٹس)کچھ جامعات سے

جامعۃ المبشرین سیرا لیون میں ہونے والی سرگرمیاں

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

گذشتہ دنوں جامعۃ المبشرین سیرالیون میں ہونے والے پروگراموں کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

مقابلہ تیز پیدل چلنا

مورخہ 5مارچ صبح ساڑھے سات بجے مجلس العاب کے تحت مقابلہ کا باقاعدہ آغاز دعا کے ساتھ ہوا۔ مقابلہ کے لیے تمام شرکاء نے جامعہ کی گراؤنڈ کے کل 76چکر لگائے۔ یہ مقابلہ قریباً تین گھنٹے تک جاری رہا۔ مکرم حمید علی بنگورا صاحب نے منصفی کے فرائض سرانجام دیے۔

عزیزم الفا عمر کمارا، درجہ اولیٰ نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ 29؍منٹ میں طے کرکے اول پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ کے بعد تمام طلباء کو ریفریشمنٹ بھی کروائی گئی۔

سیمینار بعنوان بدعات سے اجتناب

مورخہ 8 مارچ2020ء کو جامعۃ المبشرین سیرالیون میں مجلس ارشاد کے تحت ایک سیمینار بعنوان بدعات سے اجتناب کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغازدن ساڑھے گیارہ بجے مکرم مبارک احمد گھمن صاحب، پرنسپل جامعہ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عزیزم محمود سیڈیبی نے تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ پیش کیا جس کے بعد عزیزم علی بی کانو نے آنحضرت ﷺ کی شان میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا رقم فرمودہ قصیدہ یا عین فیض اللّٰہ والعرفان پیش کیا۔

سیمینار کی پہلی تقریر مکرم ابراہیم احمد کیلفلا صاحب، استاذ جامعہ نے پیش کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں سیرالیون میں پائی جانے والی غیر اسلامی بد رسومات کا ذکر کیا اور بتایا کہ یہ مذہبی اور معاشرتی رسومات قرآن کریم اور سنت رسول ﷺ کے برخلاف ہیں۔

پروگرام کی دوسری تقریر مکرم مبارک احمد گھمن صاحب نے پیش کی جس میں آپ نے بد رسومات کے بارہ میں اسلام کی تعلیم بیان فرمائی اور یہ کہ ان سے کیسے بچا جاسکتا ہے اور کس طرح ایک مبلغ اور معلم کو معاشرے میں ان بیماریوں کی اصلاح کرنی چاہیے۔

تقاریر کے بعد ایک مختصر مجلس سوال و جواب بھی ہوئی جس میں مقررین نے سامعین کے سوالوں کے جواب دیے۔ پروگرام کے اختتام پر مکرم پرنسپل صاحب نے دعا کروائی۔

مقابلہ کوئز قرآن کریم

مورخہ11مارچ کو جامعۃ المبشرین میں مقابلہ کوئز قرآن کریم کا انعقاد ہوا۔ مقابلہ کا باقاعدہ آغاز مکرم راشد جاوید صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مقابلہ کے قواعد بتائے گئے۔ مقابلہ کا نصاب قرآن کریم کا پارہ اول اور اس کی تفسیر تھا۔ مکرم راشد جاوید صاحب کے ساتھ مکرم شیخ ظافر صاحب اور مکرم حمید علی بنگورا صاحب نے ٹیموں سے سوالات پوچھے۔ مقابلہ میں کل تین ٹیموں نے حصہ لیا۔ ہر ٹیم تین طلباء پر مشتمل تھی۔

صحیح جواب کی صورت میں 10پوائنٹس اور غلط جواب دینے پر 5پوائنٹس منہا کیے گئے۔ الحمد للہ ، طلباء نے اس مقابلہ میں بھرپور تیاری سے حصہ لیا۔ محمود گروپ کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔

کراس کنٹری ریس

مورخہ 12مارچ کو مقابلہ کراس کنٹری ریس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جامعہ کے تمام طلباء نے حصہ لیا۔ مقابلہ کا کل فاصلہ 11کلو میٹر تھا۔ صبح سوا سات بجے مقابلہ کا باقاعدہ آغاز دعا کے ساتھ جامعہ احمدیہ سے ہوا۔ مقابلہ کے لیے تمام شرکاء نے مکینی ہائی وے پر نصف فاصلہ ساڑھے پانچ کلو میٹر طے کیا اور اسی راستہ پر واپس جامعہ میں اس ریس کا اختتام ہوا۔ عزیزم محمد عثمان درجہ دوم نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ 36 منٹ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ عزیزم محمد کمارا دوم اور عزیزم لاہائی ہال سوم قرار پائے۔ مکرم سلیمان کمارا صاحب استاذ جامعہ نے منصفی کے فرائض سرانجام دیے۔

بعد ازاں تما م طلباء کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button