افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے ایسٹ (کینیما) اور ساؤتھ ریجن (بو) میں جماعتی سرگرمیاں

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

تقاریب آمین

خَیْرُ کُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَ عَلَّمَہٗ

بو شہر میں تقریب آمین کا باقاعدہ آغازمورخہ 20؍فروری کو بعد نماز عصر مکرم مولانا سعید الرحمٰن صاحب، امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد اردو نظم پیش کی گئی۔ مکرم امیرصاحب نے قرآن کا دور مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں سے قرآن کریم سنا اور ان میں اسناد تقسیم فرمائیں ۔ بو شہر کی چار جماعتوں کے 22 ؍بچوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس کے علاوہ بچوں سے نماز سادہ اور مختلف مسنون ادعیہ بھی سنی گئیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیف امام نے تعلیم القرآن کے سلسلے میں جماعت کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ باقی مسلمانوں کو بھی اس طرح کوشش کرنے کی توفیق دے۔

آمین کی اس بابرکت تقریب میں مرکزی مبلغین، معلمین، احمدیہ سکولوں کے پرنسپلز ،اساتذہ اور والدین کے علاوہ ڈسٹرکٹ چیف امام بو ، ریجنل جنرل سیکرٹری آف یونائٹیڈ کونسل آف امامز، غیر ازجماعت ائمہ سمیت قریباً تین صد افراد نے شرکت کی۔

آمین کی دوسری تقریب مورخہ21؍فروری کو بو ریجن کے گاؤں Potoru میں منعقد ہوئی جہاں ایک مسجد کا افتتاح بھی ہوا۔ یہ ایک نئی جماعت ہے اور 2018ء میں یہاں پہلی بار جماعت کا نفوذ ہوا۔ اس بابرکت تقریب میں دو جماعتوں کے کل 10 ؍ بچوں سے قرآن سنا گیا اور ان میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے۔

آمین کی اس بابرکت تقریب میں مرکزی مبلغین، معلمین، احمدیہ سکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ اور والدین کے علاوہ ایک پیراماؤنٹ چیف، ریجنٹ چیف، ریجنل جنرل سیکرٹری آف کونسل آف امامز و غیر ازجماعت ائمہ سمیت قریبا ًاڑھائی صد افراد نے شرکت کی۔

آمین کی تیسری تقریب مورخہ 22؍فروری کو کینیما شہر میں منعقد ہوئی۔ اس بابرکت تقریب میں مکرم امیر صاحب سیرالیون نے 5جماعتوں کے کل 22؍بچوں سے قرآن سنا اور ان میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے۔ اس بابرکت تقریب میں ریجنل امام اور دیگر ائمہ سمیت کل 40؍افراد شامل ہوئے۔

مسجد کا افتتاح

مورخہ21؍فروری کو بو ریجن کی ایک نومبائع جماعت Potru (پوجے ہوں ڈسٹرکٹ)میں ایک نئی مسجد کا افتتاح ہوا۔ مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ اور تقریب آمین ہوئی۔

ریجنٹ چیف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ میں جلسہ سالانہ سیرالیون میں شامل ہوا تھا اور وہاں سے جماعتی لٹریچر بھی خریدا اور میں جماعت کی تعلیمات سے بہت متاثر ہوں۔

مکرم امیر صاحب نے حاضرین سے خطاب فرمایا اور مسجد کی تعمیر کے اغراض و مقاصد بیان فرمائے اور فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔ جس کے بعد حاضرین نے مسجد میں نماز جمعہ و عصر ادا کیں۔ نمازوں کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ24؍ نومبر 2018ء کو مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو نے رکھا اور اس کے مکمل کام کی نگرانی کی سعادت بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔

اس مسجد کا کل احاطہ 37×45 فٹ ہے اور اس میں کل 200؍ نمازیوں کی گنجائش ہے۔ نمازیوں کی سہولت کے لیے مسجد کے ساتھ ایک نلکا بھی لگا یا گیا ہے اور بیت الخلاء بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ مسجد کے ساتھ معلم صاحب کی رہائش کے لیے ایک معلم ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ کا خطبہ سننے کے لیے MTAکا سیٹ اور سولر سسٹم بھی لگایا گیا ہے۔

اس مسجد اور اس سے ملحقہ سہولیات کا خرچ مکرم شیخ عارف احمد صاحب آف جرمنی نے ادا کیا۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔

مسجد کا سنگ بنیاد

بعد نماز جمعہ و عصر Potru گاؤں سے آگے ایک جماعت Korndowahn میں ایک مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ مکرم امیر صاحب اور دیگر معززین جماعت و علاقہ نے اس بابرکت تقریب میں شرکت کی۔اس پروگرام میں قریباً ایک صد سے زائد افراد جماعت و غیر از جماعت احباب شامل ہوئے۔ دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button