نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ

4؍جنوری2020ءکونمازظہروعصرسےقبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجدمبارک (اسلام آباد،ٹلفورڈ،یوکے)کے باہر تشریف لا کرمکرم اظہر تنویر مرزا صاحب ابن مکرم اسلم بیگ مرزا صاحب(یوکے)کی نمازِ جنازہ حاضر اورکچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نمازِ جنازہ حاضر

مکرم اظہر تنویر مرزا صاحب ابن مکرم اسلم بیگ مرزا صاحب(یوکے)31؍دسمبر2019ء کو 63سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت عمر بیگ صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پڑپوتے اور محترم مرزا عبد الحمید صاحب مرحوم (کارکن صدر انجمن احمدیہ ربوہ ) کے پڑنواسے تھے۔1965ءمیں اپنے والدین کے ساتھ تنزانیہ سے یوکے آئے اور ہنسلو میں رہائش اختیار کی۔ آپ ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ مرحوم مکرم مرزا عبد الرشید صاحب (سیکرٹری ضیافت یوکے ) کے بھانجے تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

1مکرم فیروز علی صاحب۔ واقف زندگی معلم سلسلہ (سونیا۔ضلع مورینہ۔ صوبہ ایم پی ۔ انڈیا) 17 دسمبر 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔سن2000ء میں بیعت کرنے کے بعد مرحوم اور ان کے اہل خانہ باوجود بہت زیادہ مخالفت کے احمدیت پر قائم رہے۔ جامعۃ المبشرین قادیان سے 2005ء میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد مختلف جماعتوں میں 15سال آپ کو خدمت سلسلہ بجالانے کی توفیق ملی ۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ان کے والد اور چھوٹے بھائی کی وفات ہو گئی تھی ۔ مخالفین نے طعن و تشنیع کی اور توبہ کرنے کا دباؤ ڈالا مگر موصوف اور ان کی والدہ نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے ہم جماعت نہیں چھوڑیں گے۔ اللہ جوکر رہا ہے ہم اس پر راضی ہیں۔ مرحوم سادہ طبیعت، اطاعت گزار واقف زندگی تھے۔ باوجود بیماری کے کبھی تبادلہ کا مطالبہ نہیں کیا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والدہ اوراہلیہ کے علاوہ 2بیٹے اور 2بیٹیاں شامل ہیں۔

-2مکرم شیخ فضل احمد صاحب ابن مکرم منشی شیخ محمد دین صاحب ( لاہور)30؍دسمبر 2019ء کو بقضائے الٰہی 95سال کی عمر میں وفات پا گئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ محترم شیخ مبارک احمد صاحب (سابق مبلغ مشرقی افریقہ ، یوکے اور امریکہ) اور محترم شیخ نور احمد منیر صاحب (سابق مبلغ بلاد عربیہ) کے چھوٹے بھائی تھے ۔ نمازوں کے پابند ،دعا گو ،چندہ جات میں باقاعدہ، سب کے خیر خواہ ، بہت نیک ، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہراتعلق تھا۔ کئی طلباء کے تعلیمی اور غریب بچیوں کی شادیوں کے اخراجات بھی برداشت کرتے رہے ۔اسی طرح کئی لوگوں کی کاروبار شروع کروانے میں بھی مدد کی۔ اپنے والدین کے نام پر ایک Trustبھی قائم کیا ہوا تھاجس سے مریم شادی فنڈ اور بلال فنڈ میں عطیات پیش کیا کرتے تھے ۔ مرحوم موصی تھے ۔

-3عزیزم قاسم احمد ریحان ابن مکرم طاہر احمد ریحان صاحب(حلقہ نور۔راولپنڈی شہر)25 نومبر2019ء کو 16 سال کی عمر میں ایک ٹریفک حادثہ میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم خدام الاحمدیہ کے فعال رکن، بڑے ہونہار، بڑوں کا احترام کرنے والے ، خدمت کے جذبہ سے سرشارایک نیک فطرت نوجوان تھے۔اپنے حلقہ مسلم ٹاؤن کی مجلس میں ناظم تحریک جدید کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم موصی تھے ۔

-4مکرمہ پروین شاد صاحبہ اہلیہ مکرم جلال الدین شاد صاحب(سیالکوٹ)18؍دسمبر2019ءکو 75سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت میراں بخش صاحبؓ اور پڑدادا حضرت نظام دین صاحب ؓدونوںحضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔مرحومہ نے صدر لجنہ سیالکوٹ شہر کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند ، بہت نیک، ہمدرد، ملنسار، غریب پرور اور مہمان نواز خاتون تھیں۔ مالی تحریکات میں بڑ ھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔خلافت سے بے پناہ عقیدت کا تعلق تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔

-5مکرم بشیر احمد صاحب(سابق کارکن نظارت علیاء۔ ربوہ)دسمبر2019ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کو لمبا عرصہ نظارت علیا میں خدمت کا موقع ملا ۔حضرت مرزا عزیز احمد صاحب کے زیر سایہ بھی خدمت بجالاتے رہے ۔ صوم وصلوٰۃ کے پابندبہت نیک اور مخلص انسان تھے۔مرحوم موصی تھے ۔ آپ مکرم مدثر احمد صاحب شاہد (مربی سلسلہ ربوہ ) کے دادا تھے ۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کےقرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button