افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ برکینا فاسو کے پندرھویں سالانہ اجتماع کا انعقاد

مجلس انصار اللہ برکینا فاسو کے پندرھویں سالانہ اجتماع کا انعقاد مورخہ 21تا 23؍ فروری 2020ء بوبو جلاسو میں ہوا۔ برکینا فاسو میں جماعت احمدیہ کی ذیلی تنظیموں کی سرگرمیاں سارا سال جاری رہتی ہیں۔ عام طور پر ذیلی تنظیموں کے اجتماعات بستان مہدی میں منعقد ہوتے ہیں۔ بستان مہدی جماعت کی جلسہ گاہ ہے جہاں سہولت کے ساتھ اجتماع ہو سکتا ہے ۔ تاہم ریجن کے انصار کی تربیت اور اجتماع کی تیاریوں میں سے گزارنے کے لیے فیصلہ کیا گیاتھا کہ امسال انصار کا اجتماع بوبو جلاسو ریجن میں منعقد ہو۔

اجتماع سے دو دن قبل دور و نزدیک سے انصار کے وفود پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ اجتماع کے لیے بوبو جلاسو شہر میں ایک وسیع احاطہ حاصل کیا گیا جس میں قیام وطعام،اجتماع گاہ، علمی و ورزشی مقابلہ جات کروانے اور دیگر ضروریات کے لیے وسیع جگہ میسر تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینا فاسو کے چودہ ریجن سے انصار نے اجتماع میں شمولیت اختیار کی۔ دور دراز علاقوں سے اور ان علاقوں سے بھی انصار اجتماع میں شامل ہوئے جہاں آج کل سیکیورٹی کےحالات مخدوش ہیں اور عام طور پر سفر محفوظ نہیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے۔

اجتماع گاہ کی تیاری

انصار نے مل کر محنت کے ساتھ اجتماع گاہ تیار کیا۔ ارد گرد قناتیں اور اوپر سائبان لگا کر ہال تیا رکر لیا گیا۔ کسی قدر اونچا پختہ سٹیج بنا بنایا میسر آگیا تھاجس کی آرائش بینروں کے ساتھ کر لی گئی۔

براہ راست خطبہ و نماز جمعہ

سیدنا حضرت امیر المومنین اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ آج کل مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوتا ہے ۔ اجتماع گاہ میں ایم ٹی اے کا اہتمام کر لیا گیا تھا۔ چنانچہ خطبہ شروع ہونےسے قبل ہی احباب نظم و ضبط کے ساتھ اپنی جگہ پر بیٹھ چکے تھے۔ حضور انور کا خطبہ جمعہ فرنچ اور جولا زبان میں سنا گیا۔خطبہ ختم ہونے کے بعد مقامی طور پر خاکسارنے مختصر خطبہ جمعہ دیا اور نماز پڑھائی ۔ خطبہ جمعہ میں انصار اللہ کے مقام و مرتبےکی طرف توجہ دلائی گئی۔

افتتاحی تقریب

جمعۃ المبارک کے روز شام پانچ بجے اجتماع کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد انصار کا عہد دہرایا گیا۔ بعد ازاں نظم پیش کی گئی۔امیر جماعت برکینا فاسو مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب دارالحکومت سے تین صد پینسٹھ کلومیٹرز کا سفر کرکے اجتماع میں شرکت کے لیے تشریف لائے تھے۔ آپ نے افتتاحی تقریر کی اور اجتماع کے بابرکت ہونے کے لیے دعا کروائی۔

معزز مہمانان کرام:اجتماع کی افتتاحی تقریب میں مقامی انتظامیہ بھی شامل ہوئی اور انہوں نے انصار کی اس قسم کی سرگرمیوں کو بہت سراہا۔ حکومتی عہدیداران میں گورنر کے نمائندہ کے علاوہ دیگر معززین شامل تھے۔ مہمانوں نے کہا کہ اس قسم کی صحت افزا سرگرمیاں بہت ضروری ہیںاور جماعت احمدیہ اپنے ممبران کی تربیت کے لیے ہر ممکن کوشش کر تی ہے۔

مقابلہ جات کا انعقاد

اجتماع کے دنو ں میں کل نو مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن مجید،قاعدہ یسرنا القرآن پڑھنا،حفظ قرآن،مقابلہ نظم اور مقابلہ دینی معلومات شامل تھے، جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں گولہ پھینکنا،سلو سائیکلنگ،گول کرنا اور چمچ پر انڈہ رکھ کر چمچ دانتوں میں دبا کر مقررہ ہدف تک پہنچنا شامل تھے۔ انصار نے جوش و خروش سے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔

نماز تہجد اور درس و تدریس

اجتماع کے دنوں میں با جماعت نماز تہجد اور بعد از نماز فجر درس کا انتظام کیا گیا تھا۔ انصار نےان پروگراموں میں بھر پور شرکت کرکے دعاؤں کی توفیق پائی۔

حفظان صحت پر لیکچر:مکرم ڈاکٹر سعود احمد ناصر صاحب نے حفظان صحت پر لیکچر دیا۔ انہوں نے عمدہ انداز میں رہ نمائی کی کہ انصار کس طرح احتیاط کر کے متفرق بیماریوں سے بچ سکتے ہیں اور کس طرح اپنی صحت کا خیال رکھ سکتے ہیں۔ تمام احباب نے اس لیکچر کو بہت سراہا۔

اختتامی تقریب

اجتماع کے آخر پر اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی امیر و مشنری انچارج برکینا فاسو تھے۔ تلاوت و ترجمہ کے بعد صدر مجلس انصار اللہ مکرم کابورے سلیمان صاحب نے انصار کا عہد دہرایا۔ پھر نظم پیش کی گئی۔ قائد عمومی صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات ہوئی۔ صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے ورزشی مقابلہ جات کے جبکہ امیر صاحب برکینا فاسو نے علمی مقابلہ جات کے انعامات تقسیم کیے۔ آخر پر مہمان خصوصی نے اختتامی تقریر کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرواتے ہوئےحقیقی رنگ میں خلافت کے مدد گار اور انصار بننے کی طرف توجہ دلائی۔ اختتامی تقریر کا تین مقامی زبانوں جولا، مورے اور فل فل دے میں رواں ترجمہ کیا گیا۔
میٹنگ نیشنل مجلس عاملہ:صدر مجلس نے واپسی سے قبل اپنی عاملہ اور تمام ناظمین علاقہ سے میٹنگ کی اور اگلے سال کے اجتماع اور دیگر اجتماعی سرگرمیوں کی تفصیلات طے کیں۔ اللہ تعالیٰ مجلس انصا ر اللہ برکینا فاسو کو غیرمعمولی ترقیات سے نوازے۔آمین

(رپورٹ:چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ مربی سلسلہ برکینا فاسو)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button