یورپ (رپورٹس)

نیشنل باسکٹ بال ٹورنامنٹ مجلس صحت ۔ جماعت احمدیہ یوکے

مجلس صحت یوکے کا قیام حضرت خلیفة المسیح الرابع ؓنے 2001ء میں فرمایا۔ مجلس صحت کی ایک اہم ذمہ داری مختلف صحت بخش پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے ممبران جماعت احمدیہ کو کھیلوں کی طرف رغبت دلانا ہے تا ان کی جسمانی صلاحیتوں کی نشو ونما بہتر رنگ میں ہوسکے۔ اسی روح کو مد نظرر کھتے ہوئے مجلس صحت اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دیگر کھیلوں کے علاوہ فٹ بال، باسکٹ بال،کرکٹ، بیڈ منٹن اور والی بال کے ٹورنامنٹس کرواتی ہے۔

مجلس صحت یوکے کو پانچواں نیشنل باسکٹ بال ٹورنامنٹ 2020ء کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

ٹورنامنٹ کی تیاری کے سلسلہ میں مکرم مرزا رشید احمد صاحب صدر مجلس صحت یوکے نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے مکرم مرزا عبدالباسط صاحب صدر باسکٹ بال یوکے کی نگرانی میں پروگرام کے انتظامات مکمل کیے۔ اللہ کے فضل و کرم سے تنظیمی لحاظ سے امسال نہ صرف مجلس خدام الاحمدیہ بلکہ مجلس انصار اللہ برطانیہ کو بھی باقاعدہ میٹنگز میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔ ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز چھ سے آٹھ ہفتے قبل کردیا گیا۔

فائنل کھیلنے والی ٹیمز مسجد فضل گرین اور مسجد فضل وائٹ کی مکرم امیر صاحب یوکے کے ساتھ گروپ فوٹو

یہ ٹورنامنٹ یکم اور دو فروری 2020ءکو طاہر ہال، بیت الفتوح میں منعقد کیا گیا۔ الحمدللہ ، اس سال تعداد پچھلے سالوں کی نسبت زیادہ رہی اور اس سال کے ٹورنامنٹ میں کُل10 ٹیموں نے حصہ لیا جن کے اسماء درج ذیل ہیں:

۱۔ایم ٹی اے انٹرنیشنل

۲۔بیت الفتوح

۳۔ساؤتھ

۴۔مڈل سیکس

۵۔مسجدفضل (گرین)

۶۔ٹی آئی کالج

۷۔بیت الاحسان

۸۔بیت النور

۹۔اسلام آباد

۱۰۔مسجد فضل (وائٹ)

ٹیموں کو 2 پولز میں تقسیم کیا گیا اور کل 21پول میچز منعقد کرانے کی توفیق ملی۔ مندرجہ ذیل ٹیمیں اپنے پولز میں سے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہیں:

پہلا سیمی فائنل: ایم ٹی اے انٹرنیشنل اور مسجد فضل (وائٹ)

دوسرا سیمی فائنل: بیت الفتوح اور مسجد فضل (گرین)

فائنل مقابلہ مسجد فضل (گرین )اور مسجد فضل(وائٹ)کے مابین کھیلا گیا جس میں مسجد فضل (وائٹ) فاتح ٹیم رہی اور اس طرح نیشنل باسکٹ بال ٹورنامنٹ 2020ء کی ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔ مزید برآں اس موقعے پر اطفال الاحمدیہ کی دو ٹیموں کے مابین ایک نمائشی میچ کروایا گیا۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم نائب امیر صاحب یوکے منصور شاہ صاحب تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سپورٹس مین سپرٹ کی طرف توجہ دلائی اور کھلاڑیوں کو ریفری اور منتظمین کی اطاعت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آخری اجلاس کی صدارت محترم امیر صاحب یوکے نے کی۔ اس کے بعد انہوں نے اعزاز پانے والی ٹیموں کو انعامات دیے ۔ جس کے بعد انہوں نے سامعین سے خطاب کیا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ایسے معیار کے کھلاڑی بننے کی اہمیت کے بارے میں بتایا جو اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے اہل ہوں۔

ٹورنامنٹ کی ایک اہم خصوصیت یہ تھی کہ اس میں ایک تاریخی نمائش بھی لگائی گئی تھی جو جماعت احمدیہ میں 50سال پر محیط باسکٹ بال کے کردار اور تاریخ پر روشنی ڈالتی تھی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس صحت کو اپنے قیام کے مقاصد پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: مجیب احمد مرزا۔ سیکرٹری مجلس صحت یوکے)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button