سیرالیون کے مکینی ریجن میں احمدیہ مسجد اور احمدیہ مسلم ریڈیو کا بابرکت افتتاح
افتتاح مسجد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ2 فروری 2020ء کو احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مکینی ریجن کی جماعت Ropolon Red Cross کو ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ مکرم صباحت علی صاحب مربی سلسلہ کی تحریک پر مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا نے اس مسجد کی تعمیر کے اخراجات ادا کیے۔ اس مسجد کی تعمیر پر کل 72 ملین لیونز خرچ ہوئے۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد مکرم طاہر احمد فرخ صاحب ریجنل مبلغ مکینی ریجن نے رکھا اور اس کی تعمیر کی مکمل نگرانی کی توفیق بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔ اس مسجد کا مسقف احاطہ 58×42 فٹ ہے اور اس میں 300نمازیوں کی گنجائش ہے۔
افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں دن3بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیر صاحب کے ساتھ اس تقریب میں مکرم حنیف محمود صاحب اور مکرم محمد شریف عودہ صاحب بھی موجود تھے۔ مقامی مہمانوں میں 10غیر ازجماعت امام، 2پیراماؤنت چیف، کونسلر اور چیفڈم سپیکر شامل تھے۔ اس بابرکت تقریب کی کل حاضری350سے زائد رہی۔
پروگرام کے بعد مکرم محمد شریف عودہ صاحب نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد اسی مسجد میں نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ پروگرام کے بعد حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو نمازیوں سے آباد رکھے اور اسلام کی پر امن تعلیم کے پھیلانے کا ذریعہ بنائے۔ آمین
افتتاح ریڈیو
اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم ریڈیو مکینی اپنی باقاعدہ نشریات کا آغاز تو جنوری 2020ء میں کرچکا ہے مگر اس ریڈیو کا باقاعدہ افتتاح مورخہ 2؍فروری 2020ء کو ہوا جب مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی معیت میں جلسہ پر تشریف لائے مرکزی مہمانان مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت فلسطین اور مکرم حنیف محمود صاحب مکینی ریجن کے دورہ پر تشریف لے گئے۔ مکرم محمد شریف عودہ صاحب نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر احمدیہ ریڈیو کا افتتاح فرمایا اور دعا کروائی۔ اس بابرکت تقریب میں NATCOM کے مینیجر،SLBC کے مینیجر اور ان کا سٹاف، ہائی کورٹ کے ایک جج اور ایک پیراماؤنٹ چیف سمیت 60سے زائد مہمان شامل ہوئے۔