افریقہ (رپورٹس)

تیرھواں سالانہ نیشنل اجتماع ،ومجلسِ شوریٰ مجلس انصار اللہ گیمبیا

اللہ کے فضل سے مورخہ 17؍ تا 19؍ جنوری 2020ء مجلس انصار اللہ دی گیمبیا کا سالانہ اجتماع بڑی کامیابی سے ہیڈکوارٹر ٹیلنڈنگ میں منعقد ہوا۔ ملک کے طول و عرض سے انصار اجتماع میں شرکت کے لیے جمعرات سے سفر کر رہے تھے۔ ملک کی غیر یقینی سیاسی صورتِ حال کے باوجود ایک اچھی تعداد اجتماع میں شامل ہوئی۔ امسال اجتماع کا مرکزی نقطہ ‘تربیت اولاد’ تھا۔ اس لحاظ سے اکثر تقاریر تربیتی موضوعات کو لیے ہوئے تھیں۔ اس کے علاوہ سیرت النبیؐ اور خلافت کے موضوعات پر بھی تقاریر ہوئیں۔ خطبہ جمعہ میں خاکسار نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ جماعت کی تربیت کا انحصار خطبات سننے پر ہے۔ اجتماع کے تینوں دن باجماعت نمازِ تہجد کا اہتمام کیا گیا اسی طرح دروس القران بھی اجتماع کا حصہ تھے۔ اجتماع کے دوسرے دن انصار نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لیا۔

اسی طرح اس روز انصار اللہ کی مجلس شوریٰ کا انعقاد بھی ہوا جس میں نئے صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ اجتماع کے تیسرے دن اختتامی اجلاس ہوا۔ چونکہ مکرم امیر صاحب دورے پر تھے اور اجتماع میں شامل نہیں تھے اس لیے ان کا پیغام سنایا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے بھی انصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کیا اور کہا کہ نحن انصار اللّٰہ کا مطلب اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہے تاکہ احمدیت مضبوط ہو۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ امسال شاملین کی تعداد 200کے قریب تھی۔

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ ۔ نائب امیر و مبلغ انچارج دی گیمبیا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button