مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

مورخہ 21تا 24؍ نومبر2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…22؍ نومبر2019ء بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے مسجد بیت الفتوح، مورڈن سرے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اخلاص ووفا کے پیکر بدری صحابی حضرت مقداد بن اسود ؓکی سیرتِ مبارکہ کا دلنشیں تذکرہ فرمایا۔

٭…حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج شام ساڑھے چھےبجے کے بعد اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کراسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہونے والی تعمیرات اور دیگر کاموں کا معائنہ فرمایا اور ان کے بارے میں ضروری ہدایات سے نوازا۔ یہ خوبصورت لمحات تقریبا ً پونے آٹھ بجے اختتام پذیر ہوئے۔

حضورِ انور نے اس دوران دفتر ریسپشن اسلام آباد، ایوانِ مسرور سے ملحقہ حصے پر ہونے والی تعمیر، ایوانِ مسرور کے کچن سے باہر زیرِ تعمیر کولڈ سٹوریج اور چِلر، کچن ایوانِ مسرور، رہائشی علاقے اور احاطہ مسجد مبارک کے درمیان موجود سڑک اور اس کے کنارے پر ہونے والے تعمیراتی کام، اسلام آباد کے زیریں میدان میں رکھے گئے ایک (رہائشی)کاروان میں زیرِ تیاری عارضی گیسٹ ہاؤس، رہائشی حصے میں موجود پارکنگ کے انتظام اور گیسٹ ہاؤس ‘نمبر 1 طاہر بلاک’ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے دیگر کئی حصوں کا معائنہ فرمایا، تعمیرات پر ہونے والے کاموں کی پراگریس کا جائزہ لیا اور ہدایات سے نوازا۔

حضور پُر نور جب رہائشی کاروان کا تفصیلی معائنہ فرما کر باہر تشریف لائے تو مسجد مبارک اور احاطہ مسجد مبارک روشنیوں سے معمور نسبتاً اونچائی پر کچھ فاصلے پر تھا اور بہت خوبصورت منظر پیش کر رہا تھا۔ چنانچہ حضورِ انور نے معائنے کے دوران دو جگہوں پر کچھ دیر توقف فرمایا اور اس کا نظارہ فرمایا۔
اس دوران حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ازراہِ شفقت مکرم میاں منور احمد خان صاحب (عملہ حفاظتِ خاص) اور مکرم اسحاق بوابنگ صاحب (Ishaq Buabeng)آف گھانا (عملہ عمومی حفاظت و کیئر ٹیکر اسلام آباد) کے فلیٹس میں بھی چند منٹ کے لیے تشریف لے گئے اور انہیں برکت بخشی۔ دورانِ معائنہ حسبِ معمول بچے، بچیاں اور احباب و خواتین حضورِ انور کا دیدار کرتے رہے۔

آج کے معائنے کے دوران حضورِ انور کے علم میں یہ بات آئی کہ اسحاق بوابنگ صاحب (آف گھانا) اپنی اہلیہ کے ساتھ گھانا سے واپس آرہے تھے تو ان کی اہلیہ کو بعض دستاویزات کے گم ہوجانے کی وجہ سے وہیں رُکنا پڑگیا۔ اب انہیں وہ کاغذات دوبارہ یہاں سے بنوا کر بھجوائے جائیں گے جس کے بعد وہ برطانیہ کا سفر کر سکیں گی۔ حضورِ انور آج کے راؤنڈ کے آخر پر کمال شفقت فرماتے ہوئے بنفسِ نفیس دفتر ایڈیشنل وکالت تبشیر تشریف لے گئے اور مکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب کو ہدایات دیتے ہوئے اس امر کی تسلی فرمائی کہ مطلوبہ کاغذات احتیاط کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے جلد از جلد گھانا پہنچائے جائیں۔

انسان ورطۂ حیرت میں ڈوب جاتا ہے کہ حضور پُر نور اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود کس باریکی کے ساتھ اپنے خدام کی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پیارے حضور کی عمر اور فیض میں برکت عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

٭…23؍ نومبر2019ء بروز ہفتہ : آج دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ یوکے کے ڈائریکٹرز کی حضور انور سے ملاقات تھی جس میں حضور انور نے ہیومینٹی فرسٹ کے مختلف منصوبوں اور اپنی ٹیموں کی ٹریننگ کے حوالے سے ہدایات بھی عطا فرمائیں۔

٭…اسی طرح آج IAAAE (یوروپین چیپٹر) کے ٹیم ممبران کو حضور انور سے شرف ملاقات حاصل ہوا۔ حضور انور نے افریقہ میں نئے سولر سسٹم، ماڈل ولیجز میں مہیا کیے جانے والے پینے کے پانی کے معیار کو مزید بہتر کرنے اور ماڈل ولیج پراجیکٹس کے علاوہ بہت سے دیگر امور کے متعلق ہدایات سے نوازا۔ نیز حضور انور نے بورکینا فاسو میں تعمیر ہونے والے مسرور انٹرنیشنل ٹیکنیکل کالج کے لیے ازراہِ شفقت ایک اینٹ کو متبرک فرمایا۔

٭…حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک اسلام آباد ميں نمازِ ظہر و عصرپڑھانے کے بعد درج ذيل پانچ نکاحوں کا اعلان فرمايا اوران نکاحوں کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کروائي۔ نيز فريقين کو شرفِ مصافحہ بخشا اور مبارک باد دی:

٭…عزيزہ نائلہ نایاب (واقفہ ٔنو) بنت مکرم مظفر احمد صاحب (بہاولپور)ہمراہ مکرم محمد نصر اللہ صاحب (مربی سلسلہ۔ احمد پور، ضلع ڈیرہ غازیخان) ابن مکرم مطہر احمد صاحب

٭…عزيزہ عفت بانو بنت مکرم عبد الستار صاحب (لاہور) ہمراہ مکرم توصیف احمد صاحب (مربی سلسلہ۔ نوئیکے، ضلع گوجرانوالہ) ابن مکرم شکیل احمد صاحب

٭…عزيزہ آمنہ بتول بھٹی (واقفۂ نو) بنت مکرم عبد البصیر بھٹی صاحب (جرمنی) ہمراہ مکرم محمد ابراہیم بھٹی صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم محمد رفیق بھٹی صاحب (لندن)

٭…عزیزہ مائرہ عاصم (وافقۂ نو) بنت مکرم محمد عاصم (رضا کار شعبہ ڈسپیچ دفتر PS) ہمراہ مکرم رئیس بن عباسی صاحب ابن مکرم ظہیر الدین عباسی صاحب (جرمنی)

٭…عزیزہ صبیحہ مصطفیٰ بنت مکرم غلام مصطفیٰ صاحب (رضاکار شعبہ ڈسپیچ دفتر PS) ہمراہ مکرم فاتح الدین طاہر صاحب ابن مکرم محمد بخش صاحب (یوکے)

٭…حضور انور نے آج نمازِعشاء کے بعد عزیزہ مائرہ عاصم بنت مکرم محمد عاصم صاحب (رضا کار شعبہ ڈسپیچ PS) کی تقریب رخصتی کو رونق بخشی۔ عزیزہ کی شادی مکرم رئیس بن عباسی صاحب ابن مکرم ظہیر الدین عباسی صاحب (جرمنی) صاحب کے ساتھ طے پائی۔ یہ تقریب ایوانِ مسرور، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

٭…24؍ نومبر 2019ء بروز اتوار: آج صبح دفتری ملاقاتوں کے دوران حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اسلام آباد کے عثمان چاؤ بلاک تشریف لے گئے جہاں پر برطانیہ کی کاؤنٹی سرے (Surrey) کے بعض کونسلرز،ویورلے(Waverley)کونسل کی میئر، لارڈ لیفٹیننٹ آف سرے (Lord-Lieutenant of Surrey)مسٹر مائیکل مور-مالینو(Mr Michael More-Molyneux) اور ہائی شیرِف آف سرے (High Sheriff of Surrey) محترمہ بریجڈ بِڈل (Bridget Biddell) حضورِ انور سے ملاقات کے منتظر تھے۔ یاد رہے کہ نیا مرکزِ احمدیت اسلام آباد (ٹلفورڈ) اسی کاؤنٹی کی کونسل ویورلے میں واقع ہے۔وفد نے ملاقات سے قبل اسلام آباد کا تفصیلی دورہ کیا۔

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت معیت میں برطانیہ کی کاؤنٹی سرے (Surrey) کے بعض کونسلرز،ویورلے(Waverley)کونسل کی میئرودیگر معزّزین

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سب مہمانوں سے تعارف حاصل کیا۔ معزز مہمانوں نے حضورِ انور کی خدمت میں نئے مرکزِ احمدیت بالخصوص مسجد مبارک کی خوبصورت تعمیر پر مبارک باد پیش کی۔ دیگر امور کے ساتھ ساتھ ایک مہمان نے حضورِ انور سے جماعت احمدیہ کے برّاعظم افریقہ میں جاری خدمتِ انسانیت کے منصوبوں کے بارے میں بھی سوال کیا جس پر حضورِ انور نے انہیں تفصیل کے ساتھ وہاں پر جاری احمدیہ شفا خانوں، سکولوں، ماڈل ولیجز، صاف پانی کے نلوں وغیرہ کا تفصیلی تعارف کرایا۔ حضورِ انور نے انہیں بتایا کہ ان پراجیکٹس سے وہاں بسنے والے ضرورت مند لوگ بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب و ملّت فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوتی رہی۔

٭… اس ملاقات سے دفتر واپس تشریف لے جاتے ہوئے حضور پُرنور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک میں آویزاں کی جانے والی صفاتِ باری تعالیٰ کی خطّاطی کے پروجیکٹ سے تعلق رکھنے والے ایک کام کا معائنہ فرمایا۔ حضورِ انور نے کچھ روز قبل مسجد مبارک کے محراب میں آویزاں کی گئی خدا تعالیٰ کے ذاتی اسمِ مبارک ‘اللّٰہ’ پر مشتمل لوح کے بارے میں کچھ ہدایات دی تھیں جن کے مطابق پراجیکٹ پر کام کرنے والے احباب مکرم سیّد عامر سفیر صاحب (ایڈیٹر ریویو آف ریلیجنز) اور مکرم رضوان بیگ صاحب نے ابتدائی کام کرواکر آج حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ حضورِ انور نے اس کا معائنہ فرمایا اور ازراہِ شفقت مزید ہدایات سے نوازا۔

٭…حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک اسلام آباد ميں نمازِ ظہر و عصر پڑھانے کے بعد درج ذيل چار نکاحوں کا اعلان فرمايا اوران نکاحوں کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کروائي۔ نيز فريقين کو شرفِ مصافحہ بخشا اور مبارک باد دی:

٭… عزیزہ سائرہ محمود (واقفۂ نو) بنت مکرم خالد محمود صاحب (امیر و مشنری انچارج کونگو کنشاسا) ہمراہ مکرم سفیر احمد صاحب (فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ یوکے) ابن مکرم بشیر احمد صاحب(بیلجیم)

٭… عزیزہ راحیلہ وسیم بنت مکرم وسیم احمد ناصر صاحب (کارکن دفتر امام مسجد فضل لندن)ہمراہ مکرم رضوان احمد صاحب (لندن) ابن مکرم لئیق احمد صاحب (شہید۔ فیصل آباد)

٭… عزیزہ تہمینہ انس احمد (واقفۂ نو) بنت مکرم انس احمد صاحب (لندن) ہمراہ مکرم شاکر احمد صاحب (مورڈن) ابن مکرم شاہد محمود صاحب

٭… عزیزہ حانیہ احمد بنت مکرم سلیم احمد صاحب (جرمنی)ہمراہ مکرم شارون احمد صاحب ابن مکرم سفیر احمد صاحب(لندن)

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز

مورخہ 18؍ تا 24؍ نومبر کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتري اور چھ روز ذاتي ملاقاتيں فرمائيں۔ متعدد افسرانِ صيغہ جات، مربيانِ سلسلہ اور ديگر احباب نے حضورِ انور سے اپني دفتري ملاقاتوں ميں ہدايات اور رہ نمائي حاصل کي۔

اس عرصے میں 65؍ فيمليز اور 90؍ احباب نے انفرادي طور پرحضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔ اس لحاظ سے ذاتی ملاقاتوں کی کل تعداد 155؍ تھی۔ اپنے آقا سے ملاقات کے ليے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق درج ذیل 17؍ ممالک سے تھا : امریکہ، کینیڈا، پاکستان، فرانس، جرمنی، ناروے، ہالینڈ، آسٹریلیا، جاپان، گوئٹے مالا، سپین، برازیل، یونان، جارجیا، نائیجیریا، بیلجیم اور یوکے۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button