نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

اس اعلان کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 22؍جولائی 2019ءکونماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک(اسلام آباد۔ٹلفورڈ)کے باہر تشریف لا کر مکرم چوہدری محمد حنیف صاحب (رضا کار کارکن ریویو آف ریلیجنز والفضل انٹرنیشنل لندن)کی نمازِ جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نمازِ جنازہ حاضر

مکرم چوہدری محمد حنیف صاحب (رضا کار کارکن ریویو آف ریلیجنز والفضل انٹرنیشنل لندن)

19 جولائی 2019ء کو79سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔ ا ِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم مکرم چوہدری محمد شریف صاحب کے بیٹے اور مکرم چوہدری ہدایت اللہ بنگوی صاحب مرحوم کے داماد تھے۔1970ء میں پاکستان سے آئرلینڈ آئے اور پہلے صدر جماعت مقرر ہوئے ۔آپ کو گالوے کا پہلا مشن ہاؤس کھولنے کی توفیق ملی۔ 1992ء میں یوکے آگئے اور ساؤتھ ریجن کے امیر مقرر ہوئے ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد خود کو جماعت کی خدمت کے لیے وقف کردیا اور لمبا عرصہ ریویو آف ریلیجنز اور الفضل انٹرنیشنل کے علاوہ دفتر جلسہ سالانہ میں بھی رضاکارانہ خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، چندہ جات میں باقاعدہ ایک انتہائی نیک انسان تھے۔پیرانہ سالی اور بیماری کے باوجود مسجد فضل لندن اور مسجد مبارک اسلام آباد میں نماز باجماعت کے لیے حاضر ہوتے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1مکرم ارشد محمودملک صاحب (فرینکفرٹ۔جرمنی)

27مئی 2019ء کو 61سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم دوسروں کی مدد کرنے والے ، نظام جماعت کے پابند، ایک صاف گو، مخلص اور نیک انسان تھے ۔خلافت کے ساتھ عقیدت کا تعلق تھا۔شعبہ امورعامہ جرمنی میں خدمت کی توفیق پائی ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

-2مکرم حافظ مبشر احمد منصور صاحب (سپرٹنڈنٹ ہوسٹل مدرسۃ الحفظ۔ربوہ)

20 جون 2019ء کو 56سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے لودھراں میں قائد ضلع کے علاوہ ضلعی سطح پر سیکرٹری دعوت الیٰ اللہ اور سیکرٹری اصلاح وارشاد کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ بعدازاں مدرسۃ الحفظ ربوہ میں بطور استاد و سپرنٹنڈنٹ ہوسٹل خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم نمازوں کے پابند ، عاجز، منکسرالمزاج ، سادہ طبیعت کے مالک ، مہمان نواز، خوش اخلاق اور ایک نیک مخلص انسان تھے۔

جماعتی خدمت کا بہت شوق وجذبہ رکھتے تھے ۔ قرآن سے محبت تھی ۔خود بھی حافظ قرآن تھے اور چھوٹے بیٹے کو بھی قرآن کریم حفظ کروایا۔

پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چاربیٹیاں اور تین بیٹےیادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے بڑے بیٹے مکرم احمد فراز صاحب (مربی سلسلہ)ریسرچ سیل میں اور ایک داماد مکرم عطاء القیوم صاحب (مربی سلسلہ )کانگو میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔آپ کی کانگو والی بیٹی اپنے میاں کےساتھ میدان عمل میں ہونے کی وجہ سے والد کے جنازہ میں شرکت نہیں کرسکیں ۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم حافظ مستنصراحمد صاحب جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہیں۔

-3مکرمہ شکیلہ رحمٰن صاحبہ اہلیہ مکرم لطف الرحمٰن صاحب (کینیڈا)

14مئی 2019ء کو39سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے لجنہ کے مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی ۔آپ ایک نیک ،ہمدرد اور فراخ دل خاتون تھیں ۔خلافت کے ساتھ اخلاص کا گہرا تعلق تھا۔ بچوں کی بہتریں رنگ میں تربیت کی توفیق پائی ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں پانچ بچے یادگار چھوڑے ہیں ۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم جاذب احمد صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا میں زیر تعلیم ہیں۔

-4مکرمہ مبارکہ حیدر صاحبہ(Hattersheim۔ جرمنی)

27مئی2019ءکوبقضائےالٰہی وفات پا گئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے صحابی حضرت غلام فرید صاحب کی نواسی ، محترم میاں سراج الدین صاحب درویش ومؤذن مینارۃ المسیح قادیان کی پوتی اور محترم عطاء اللہ کلیم صاحب (سابق مشنری انچارج جرمنی) کی بھتیجی تھیں۔نمازوں کی پابند، تہجد گزار، چندہ جات میں باقاعدہ ایک نیک او رمخلص خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ پیار اور عقیدت کا تعلق تھا۔ اپنے حلقہ میں سیکرٹری تربیت کے علاوہ بعض اَورشعبوں میں بھی خدمت کی توفیق پائی ۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔

-5عزیزم صمد احمد ۔واقف نو(اڑیسہ۔انڈیا)

7اپریل 2019ءکو اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ نہانے گیا تھا کہ پانی کے تیز بہاؤ کی لپیٹ میں آکر ڈوبنے کی وجہ سے10 سال کی عمر میں وفات پاگیا ۔

انَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔

اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button