دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (چوبیسواں روز، جمعۃ المبارک18؍ اکتوبر2019ء)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

خطبہ جمعہ، چھے ہزار سے زائد احبابِ جماعت کی نمازِ جمعہ کے اجتماع میں شمولیت،

فیملی ملاقات، تقریبِ آمین اور ایک مرحوم کا نمازِ جنازہ حاضر

(فرانکفرٹ جرمنی، 18؍ اکتوبر2019، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے دورۂ یورپ کا چوبیسواں اوردورۂ جرمنی کا چھٹا روزتھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزصبح سات بجےمسجد بیت السبوح میں تشریف لائے اور نمازِ فجر پڑھائی۔

آج نماِ جمعہ کی ادائیگی کا انتظام فرانکفرٹ سے 60 کلومیٹر دور گیزن کے ایگزیبیشن سنٹر میں تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ بیت السبوح سے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے ایک بجے سے کچھ دیر بعد روانہ ہوا۔ دو بجے کے قریب حضورِ انور کا قافلہ گیزن کے ایگزیبیشن سنٹر پہنچا توحافظ اویس احمد قمر، طالب علم جامعہ احمدیہ جرمنی نے اذان دینے کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں حضورِ انور نے اصحابِ بدر کی دل نشین سیرت و سوانح کے واقعات پر مشتمل خطبۂ جمعہ ارشاد فرمایا اور پھر نمازِ جمعہ اور نمازِ عصر جمع کر کے پڑھائیں۔

نمازِ جمعہ کی جھلکیاں

نمازِ جمعہ کے انتظامات کے لیے گیزن کے مقامی صدرجماعت کی مدد کے لیے مکرم افسر صاحب جلسہ گاہ اور مکرم افسر صاحب خدمتِ خلق جلسہ سالانہ جرمنی 2019ء نے ساتھ دیا کیونکہ جرمنی بھر سے احمدیوں کی ایک بڑی تعداد میں متوقع آمد کے پیشِ نظر اس بابرکت اجتماع کا انتظام جلسہ سالانہ کی طرز پر کیا جا رہا تھا۔

جمعرات کے روز صبح سے وقارِ عمل شروع کر دیا گیا جس میں ڈیڑھ سو کے قریب خدام اور انصار نے شرکت کی۔ ایگزیبیشن سنٹر کے سات ہالوں میں نماز کے لیے کارپٹ بچھانے، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے ایک ہزار سے زائد کرسیوں کو معیّن جگہ پر رکھنے اور دو بڑی اور دس چھوٹی ٹی وی سکرینیں لگانے کا کام جمعرات کی رات کو مکمل کر لیا گیا۔

تیاری، وائنڈ اَپ، زیبائش اور لاؤڈ سپیکر کی ذمہ داری افسر صاحب جلسہ گاہ کے سپرد تھی جبکہ حفاظت، پارکنگ، کارڈز سکیننگ اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات افسر صاحب خدمتِ خلق نے سرانجام دیے اور وقارِعمل کرنے والے دوستوں کے قیام و طعام اورمقامِ اجتماع کی نظافت کا انتظام محترم صدر صاحب جماعت گیزن نے کروایا۔

آج اپنے پیارے امام امیرالمومنین حضرت خلیفنۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت امامت میں نمازِ جمعہ کے اجتماع میں شمولیت کے لیے جرمنی کے دوردراز شہروں سے پہنچنے والے چار ہزار کے قریب مردوں، دو ہزار سے زائد خواتین اور پارکنگ، نظم و ضبط اور حفاظت وغیرہ کی ڈیوٹی پرمامور افراد سمیت ساڑھے چھے ہزار سے زائد افراد نے شمولیت اختیار کی۔ مکرم افسر صاحب لنگر خانہ نے سات ہزار افراد کا کھانا تیار کروا کر شعبہ ضیافت کے تعاون سے نمازِ جمعہ پر آنے والے احباب کی مہمان نوازی کا فریضہ سرانجام دیا۔

فیملی ملاقات

آج شام 25 فیملیوں سے تعلق رکھنے والے نواسی احمدیوں نے حضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔ یہ احمدی جرمنی کے بیس سے زائد شہروں سے فرانکفرٹ پہنچے تھے۔ ملاقات کا یہ سیشن شام پونے سات سے آٹھ بجے تک جاری رہا۔

نمازِ جنازہ حاضر

رات 8؍ بج کر 10 منٹ پر حضورِ انور نے مکرم مرزا عبدالمجید صاحب ابن مرزا عبدالرؤوف صاحب (مرحوم) سابق امیر جماعت اٹک کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔ مرحوم دس سال جرمنی میں بیمار رہنے کے بعد 75 سال کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ

تقریبِ آمین

بعد ازاں رات سوا آٹھ بجے کے قریب قرآنِ کریم کا دَور پہلی مرتبہ ختم کرنے والے 36 بچوں کی تقریبِ آمین کو برکت بخشنے کے لیے حضورِ انور مسجد میں رونق افروز ہوئے۔ حضور پُر نور نے باری باری تمام بچوں سے قرآنِ کریم کا کچھ حصہ سنا اور آخر میں دعا کروائی۔

رات ساڑھے آٹھ بجے حضورِ انور نے نمازِ مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں اور پونے نو بجے شب سے قبل اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

[مزید تفصیلات کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے]

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورہٌ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button