پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ مالٹا 2019ء کے موقع پر حضورِ انور کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

اس پیغام کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

پیارے احباب ِجماعت احمدیہ مالٹا

السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ مورخہ 13 اکتوبر 2019ء کو اپنا تیسرا جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اورشاملینِ جلسہ کو اس کی روحانی برکات سے پوری طرح مستفیض ہونے کی توفیق دے۔ اور آپ سب کو نیکی اور تقویٰ و طہارت میں بڑھائے۔
ہمیشہ یہ امر ذہن میں رکھیں کہ ہمارا جلسہ کوئی عام اجتماع یا جلسہ نہیں۔ درحقیقت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت میں آنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہم پر ہونے والے عظیم الشان افضال اور احسانات میں سے ایک جلسہ سالانہ کا قیام ہے۔ یہ جلسہ ہمیں اللہ رب العزت کی قربت حاصل کرنے اور تقویٰ و راست بازی میں بڑھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
مزید برآں، یہ جلسہ ہمیں اپنی روحانی اور اخلاقی حالتوں کو بہتر بنانے اور انہیں تقویت دینے اور اپنے دین اسلام کے بارے میں اپنے علم میں اضافہ کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اس طرح ہم اپنے دلوں کا تزکیہ کرسکتے ہیں تاکہ ہم حقوق اللہ اور ایک دوسرے کے حقوق کی احسن رنگ میں ادائیگی کر سکیں۔ اور بالآخراس مقصد کو حاصل کرسکیں جس کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے جلسہ کی بنیاد ڈالی۔

ہر فرد جو جلسہ کے لیے سفر اختیار کرتا ہے، خواہ مرد ہو یا عورت، اس بات کو ذہن نشین رکھے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لیے پوری کوشش کر رہا ہے۔ اگر یہ بات نہیں، تو جلسہ میں آنا بے معنی اور بے مقصد ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے ایسے لوگوں سے ناراضگی کا اظہار فرمایا ہے جو اِس نیت سے جلسہ میں شامل نہیں ہوتے اور پھر اس کے مطابق اپنے اعمال کی بھی اصلاح نہیں کرتے۔ چنانچہ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:

“میں ہرگز نہیں چاہتا کہ حال کے بعض پیرزادوں کی طرح صرف ظاہری شوکت دکھانے کے لیے اپنے مبائعین کو اکٹھا کروں بلکہ وہ علّت غائی جس کے لیے میں حیلہ نکالتا ہوں اصلاح خلق اللہ ہے”

(شہادۃ القرآن، روحانی خزائن جلد 6، صفحہ 395)

اپنے اندر تقویٰ کی اعلیٰ خوبیاں پیدا کرنے کے حوالے سے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام مزید فرماتے ہیں:

“خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہو چکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی۔ اسے دوبارہ قائم کرے”

(ملفوظات، جلد 7 صفحہ نمبر 277-278)

پس میں آپ کو تاکیدکرتا ہوں کہ جلسہ کی کارروائی کے دوران، وقفوں میں اور راتوں کو کثرت سے اللہ کو یاد کریں اور نمازیں پڑھیں۔ اور یہ عہد کریں: ‘‘اے اللہ! ہم اس جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں، جس کا قیام نیک ارادوں کے تحت، تیری خاص نصرت اور علم سے ہوا ہے۔ ہم اس جلسہ میں اس غرض سے شامل ہو رہے ہیں تاکہ تیری رضا پا سکیں، تیرے ذکر میں بڑھنے والے ہوں اور تیری محبت حاصل کر سکیں۔ہمیں وہ تمام برکات عطا فرما جنہیں تو نے اس جلسہ سے وابستہ کر رکھا ہے۔ اور ہمارے اندر وہ پاک تبدیلی پیدا کر دے جس کا تو نے ارادہ کیا اور جس کے لیے تو نے ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے سچے خادم کو اس دنیا میں بھیجا تاکہ ہم حقیقی رنگ میں اس کی بیعت کر سکیں۔’’

اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔نیز آپ کے جلسہ کونہایت کامیاب کرے اور آپ سب کو بیعت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ کرے کہ آپ ہمیشہ خلافت احمدیہ کے سچے وفادار رہیں۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو نیکی ، تقویٰ ، خدمت اسلام اور خدمت انسانیت میں بڑھا کر آپ کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی پیدا کرے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔ آمین

والسلام

خاکسار

(دستخط) مرزا مسرور احمد

خلیفة المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button