متفرق مضامین

مسجد ’مہدی‘ سٹراس برگ،فرانس، ایک تعارف

(منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

اس مضمون کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے فرانس کی سر زمین پر جماعت احمدیہ کو دوسری مسجد سٹراس برگ شہر کے قریب ایک گاؤں Hurtigheimمیںتعمیر کرنےکی توفیق ملی ہے۔الحمد للّٰہ علی ذلک۔اس مسجدکا نام مسجد مہدی رکھا گیا ہے۔

Hurtigheim ایک چھوٹا سا گاؤں ہے جس کی آبادی2016ء کے اعداد و شمار کے مطابق 748؍ہے اور رقبہ 463 مربع کلومیٹرہے۔

یہ علاقہ صوبہ Grand Est(پرا نا نام Alsace)اور ضلعBas Rhin میں واقع ہے۔ بڑا شہر Strasbourg ہے جو 13کلومیٹرشمال کی جانب ہے۔ اس علاقہ میں فرانسیسی زبان کے علاوہ لوکل زبان Alsacianبھی بولی جاتی ہے۔یہاں پر کھیتی باڑی بہت ہوتی ہے۔ سرسوں ،گندم، مکئی بہت اُگتی ہے۔اس علاقہ کا ایک مشہور دریا Rhine جو فرانس اور جرمنی کی سرحد پر بہتا ہے۔

جماعت کا تعارف

مقامی جماعت Strasbourg جماعت کہلاتی ہے۔ یہاں مستقل طورپرآباد ہونے والے پہلے احمدی مکرم مرید احمد صاحب تھےجو1981ء میں جرمنی سےیہاں آئے تھے۔یہاں پرنماز کا انتظام وقتاً فوقتاً مختلف احباب کے گھروں میں ہوتا رہا۔تقریباً 20سال سے جماعت کوئی مشن ہاؤس یا مسجد کی جگہ کی تلاش میںتھی،مگر کبھی قیمت روک بنتی ،کبھی جگہ دور ملتی، تو کبھی جگہ چھوٹی ملتی۔

ایک مرتبہ ایسے ہواکہ سودا بھی ہوگیا،10فی صد ادائیگی بھی ہوگئی اور حضور انور کی خدمت میں اطلاع بھی دے دی گئی کہ جگہ مل گئی ہے، مگر آخری وقت پر علاقہ کے میئر نے کہا کہ یہ جگہ ہم نے نہیں دینی اور وہ جگہ نہ مل سکی۔

2010ءمیں اس علاقہ کو یہ خوش قسمتی نصیب ہوئی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزاپنے یورپ کے دورہ کے دوران یہاں تشریف لائے ۔اس موقع پر حضور انور نے ارشادفرمایا کہ یہاں پر جماعت احمدیہ کی مسجد ہونی چاہیےکیونکہ Strasbourgکی دنیاوی اہمیت بھی ہے ،یہاں یورپین یونین کے بعض اہم دفاتر اور یوروپین انسانی حقوق کی عدالت ہے۔

خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ جیسے ہی حضور انور نے فرمایا کہ یہاں ایک مسجد بنائی جائے تواس کے دو سال کے اندر ہی اللہ تعالیٰ نے ایسا فضل فرمایا کہ اپنے پیارے خلیفہ کی خواہش کو پورا کرنے کے سامان پیدا کر دیے۔

قطعہ زمین کا حصول

جماعت احمدیہ فرانس کو 2012ء میں ایک پرانی فیکٹری خریدنے کا موقع ملا۔ جس کی قیمت خرید 420,000 ؍یورو تھی۔ خریدنے کے بعد مسجد کی تعمیر کی اجازت کے لیے کوششیں شروع ہوگئیں۔ابتدا میں بہت مسائل پیش آئے۔دو مرتبہ نقشہ کونسل نےپارکنگ کی وجہ سے نامنظور کیا۔ اس کےبعد جماعت نےایک دوسرے آرکیٹکٹ سے رابطہ کیاجس نے نئے سرے سے مسجد کانقشہ تیارکیا۔

6؍جنوری 2016ءکو کونسل میںنقشہ جمع کروانا تھا اس دن بطور خاص نماز تہجد کا انتظام کیا گیا،احباب جماعت کو صدقہ اور نفلی روزہ کی تحریک کی گئی۔

6 ؍جون 2016ءکو نمازعصر کے قریب خاکسارکو مکرم صدرصاحب جماعت سٹراس برگ کا فون آیا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں مسجد تعمیر کرنےکی اجازت مل گئی ہے۔الحمد للہ علی ذالک۔ خاکسار نے اسی وقت حضور انور کی خدمت میںبذریعہ فیکس اطلاع بھجوائی جس پرحضور انور کی طرف سے دعاؤں بھرا جواب موصول ہوا۔

تقریب سنگ ِبنیاد

مؤرخہ 30؍ستمبر2016ءبروزجمعۃ المبارک جماعت احمدیہ سٹراسبرگ کو اپنی مسجد کا سنگِ بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذلک۔

16:30بجے receptionکا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم صدر صاحب جماعت سٹراس برگ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جماعت کا مختصر تعارف پیش کیا۔اس کے بعد علاقہ کے میئر نے تقریر کی ۔آخری تقریر مکرم امیر صاحب فرانس نے کی۔

بعدازاں مکرم امیر صاحب نے پہلی اینٹ(یہ اینٹ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے دعا کروانے کے بعد ملی تھی)رکھی جن کے بعد26؍احمدی احباب نےاینٹ رکھنے کی سعادت پائی۔

اس تقریب میں علاقہ کے میئر، علاقہ کے چند رہائشی،مختلف مذاہب کے رہ نما،DNAاخبار کی جرنلسٹ، پولیس اور خفیہ ایجنسی کے دو احباب اورچند دیگر احباب و خواتین نے شرکت کی۔کل غیر احمدی مہانوں کی تعداد 40؍سے زائد رہی۔جبکہ پیرس سےنیشنل عاملہ اور دیگر صدران جماعت نے بھی شرکت کی۔

مہمانوں کے تأثرات

• ایک خاتون جو کہ چرچ کی نمائندہ تھی نے کہا مجھے یہاں آکر آپ کے بارے میں جان کربہت اچھا لگا۔مگر ابھی تک پوری طرح نہیں جان سکی اس لیے آئندہ جب بھی آپ کوئی پروگرام بنائیں مجھے ضرور بلائیں۔

• گاؤں کے ایک رہائشی نے کہاں کہ اس مسجد کے نقشہ سے لگ رہا ہے بہت خوبصورت مسجد بننےلگی ہے۔

مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کا ایک کارنامہ

وقار عمل

صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فرانس نے 2016ءکے سالانہ اجتماع کے موقع پر مجلس عاملہ اور تمام قائدین سے مشورہ کرنے کے بعد اس خواہش کا اظہار کیا کہ مجلس خدام الاحمدیہ سٹراس برگ کی مسجد کی تعمیر کرے گی۔

پرانی عمارت ایک بہت بڑا ہال تھا۔ جس کواللہ تعالیٰ کے فضل سے وقار عمل کےذریعہ سے مسجد کے نقشہ کے مطابق ڈھالا گیا۔بعض پرانے دروازے اور کھڑکیوں کو بند کر کے نئے دروازوں اور کھڑکیوں کی جگہ بنائی گئی۔بجلی کا مکمل کام وقار عمل کے ذریعہ ہوا۔

مورخہ 11؍ اکتوبر 2019ء کا دن جماعت احمدیہ سٹراسبرگ کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا کیونکہ اس مبارک روز جمعہ کے مبارک اجتماع سے قبل حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و ا لسلام کے پانچویں خلیفہ حضرت مرزا مسرور احمد ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس مسجد کی افتتاحی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور نمازِ جمعہ سے اس کا باضابطہ افتتاح فرمایا۔ مورخہ 12؍ اکتوبر بروز ہفتہ حضورانور نے اس سلسلہ میں منعقد ہونے والی ریسپشن سے بھی خطاب فرمایا۔

قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت سٹراس برگ کو خلیفہ وقت کی ہرآواز پر لبیک کہنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین ثم آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button