پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ پرتگال 2019ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

اس پیغام کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

پیارے ممبران جماعت احمدیہ مسلمہ پرتگال،

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و بر کاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا اٹھارہواں جلسہ سالانہ 4اور 5؍ اکتوبر 2019ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ اس جلسہ کو اعلیٰ کامیابی سے نوازے۔ اللہ کرے کہ تمام شاملین اعلیٰ روحانی فیض حاصل کرنے والے ہوں اور نیکی اوراخلاص و تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔

آپ کو یہ بات مد نظر رکھنی چاہیے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت میں آنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے برکتوں اور نعمتوں میں سے ایک جلسہ سالانہ کا قیام ہے۔ یہ منفرد اجتماع ہمیں اپنے دلوں کو پاک کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے تاکہ ہم تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔ یہ جلسہ ہمیں اپنے روحانی اور اخلاقی معیار کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے دین یعنی اسلام کے متعلق علم کوبڑھانے کی توفیق دیتا ہے۔ اس طرح ہم زیادہ بہتر رنگ میں خدا تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے حقوق ادا کرنے والے ہوسکتے ہیں۔

جلسہ کے ان ایام میں آپ اپنے اندر مکمل طور پر دنیا کی محبت کو ختم کردیں اور کلیۃً اللہ تعالیٰ کی محبت اور اس کے نبی ﷺ کی محبت کو فوقیت دیں اور کوشش کریں کہ خدا تعالیٰ کے قرب کو پانے والے ہوں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایسے لوگوں کے متعلق ناراضگی کا اظہار فرمایا ہے جو اس نیت کے ساتھ جلسہ میں شامل نہیں ہوتے اور اپنی اصلاح کی کوشش نہیں کرتے۔

آپ ؑ نے ایک جگہ فرمایا ہے :میں نہیں چاہتا کہ اس زمانہ کے سجادہ نشینوں کی طرح اُن لوگوں کو جمع کروں جو میری بیعت میں آتے ہیں تاکہ وہ دنیاوی امتیاز کو ظاہر کریں۔بلکہ جس وجہ سے میں بھیجا گیا ہوں اس کی علت غائی یہ ہے کہ میں اللہ کی مخلوق کی اصلاح کروں۔

اس لیے کثرت سے ذکر الٰہی کرتے رہیں اور جلسہ کی کارروائی کے دوران بھی، وقفہ میں بھی اور راتوں کو بھی دعائیں کرتے رہیں۔ پختہ عہد کریں کہ ْاے اللہ! ہم اس جلسے میں نیک نیتی کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں جس کا آغاز محض تیرے خدائی ارادے و تائید سے ہوا تھا۔ ہم جلسہ میں محض تیری رضا حاصل کرنے کے لیے اور تیرے ذکر میں بڑھنے کے لیے اورتیری محبت کے حصول کی خاطرشامل ہورہے ہیں۔ ہمیں ان تمام برکات کا وارث بنا جو تو نے اس جلسہ کے لیے مختص کی ہیں۔ ہمارے اندر وہ پاک تبدیلی پیدا کر دے جو تو چاہتا ہے جس کے لیے تو نے اپنے سچے خادم حضرت محمد ﷺ کو اس دنیا میں مبعوث فرمایا تاکہ ہم پر خلوص نیت کے ساتھ آپﷺ کی بیعت کرنے والوں میں شامل ہو سکیں۔’

جلسہ کے بعد آپ لوگ اپنے دنیاوی معاملات میں مشغول ہو جائیں گے لیکن اس جلسہ میں شامل ہونے کا تجربہ آپ کو تب ہی فائدہ دے سکتا ہے جب آپ دینی امور کو دنیوی معاملات پر ترجیح دیں گے۔ مذہب کو ہمیشہ ترجیح دیں اور ہمیشہ یاد رکھیں کہ ہر ایک احمدی کے ساتھ احمدیت، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور اسلام کی عزت وابستہ ہے۔

اللہ آپ سب کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے جلسہ سالانہ کو کامیاب فرمائے اور آپ کو جلسے کی کارروائی سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ کو بیعت کے تقاضوں کو پورا کرنے والا بنائے اور ہمیشہ نظام خلافت کا وفادار بنائے۔ اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق عطا فرمائے اور نیکی اور تقویٰ میں بڑھتے ہوئے انسانیت اور اسلام کا مددگار بنائے۔ اللہ کا فضل آپ سب کے شامل حال ہو۔ آمین

والسلام

دستخط (مرزا مسرور احمد)

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button