از مرکز

فرانس کے شہر سٹراس برگ (Straßburg) میں حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی آمد

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز Saint-Prix سے روانہ ہو کر Straßburg رونق افروز ہو گئے

سینکڑوں افرادِ جماعت اور Hurtingheim کےوائس میئر Mr. Claude Grim نے حضورِ انور کو خوش آمدید کہا

حضورِ انوریہاں قیام کے دوران مسجد ’مہدی‘ کا افتتاح فرمائیں گے

(سٹراس برگ، فرانس 09؍ اکتوبر2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک واقع Saint-Prix سے 500 کلو میٹر دور جرمنی کی سرحد کے قریب Straßburg (جماعت فرانس کے دوسرے بڑے مشن ہاؤس اورمسجد مہدی ) تشریف لانے کے لیے سفر اختیار فرمانا تھا۔ حضورِ انور صبح دفتری امور میں مصروف رہے۔ قافلہ کی تیاری کے بعد بارہ بج کر دس منٹ پر جبکہ ہلکی بوندا باندی ہو رہی تھی حضورِ انور نے موٹر کے پاس تشریف لا کر اجتماعی دعا کروائی اور سوار ہو گئے۔ حضورِ انور کی کار قیام گاہ کے پورچ سے آہستہ آہستہ چلتی ہوئی مشن ہاؤس کے صدر دروازے کی طرف بڑھ رہی تھی اور اپنے آقا کو الوداع کہنے کے لیے جمع ہونے والے خلافت احمدیہ کے پروانے جن میں ہر عمر کے مردو زن شامل تھے ہاتھ ہلا ہلا کر السلام علیکم۔ خدا حافظ پیارے حضور! کے الفاظ با آواز بلند ادا کر رہے تھے۔ بارہ بج کر بیس منٹ تک حضور کے قافلے کی تمام گاڑیاں مشن ہاؤس سے نکل کر عازمِ سٹراس برگ ہو چکی تھیں۔

یاد رہے کہ شہر سٹراس برگ جماعت احمدیہ جرمنی کی جلسہ گاہ کالسروے سے صرف 60 کلو میٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ جرمنی کے شہر Kehl اور سٹراس برگ کے درمیان دریائے رائن(Rhine) پر ایک پل ہے جو دونوں ممالک کے درمیان سرحدی پل کہلاتا ہے۔

قریباً پونے دو سو کلومیٹر کا سفر طَے کر کے حضورِ انور کا قافلہ دو بجے دوپہر کے قریب Chateau in Reims Les Crayères ہوٹل پہنچا جہاں پر Epernay جماعت میں متعیّن مبلغ سلسلہ مکرم چوہدری بلال احمد نے حضورِ انور کو خوش آمدید کہنے کی سعادت حاصل کی۔ سوا دو بجے کے قریب ہوٹل کے ایک ہال میں نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں اور پھر ممبرانِ قافلہ نے ہوٹل کے احاطے کے اندر بنے ہوئے ریستوران Brasserie Le Jardin میں دوپہر کا کھانا تناول کیا۔ کچھ دیر آرام کے بعد قافلہ دوپہر چار بجے کے قریب دوبارہ اپنی منزل یعنی سٹراس برگ کی جانب روانہ ہو گیا۔

Hotel Les Crayeres کے بارے میں بتاتے چلیں کہ اس کی قلعہ نما تاریخی عمارت 1904ء میں تعمیر ہوئی اور 1983ء میں اس کو ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا۔ 2002ء میں اس کو دنیا کا بہترین ہوٹل قراردیا گیا۔

مسجد مہدی، سٹراس برگ میں ورودِ مسعود

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزتقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے کا سفر طے کرنے کے بعد مقامی وقت کے مطابق شام سات بج کر 45 منٹ پر مسجد مہدی سٹراس برگ میں رونق افروز ہوئے۔ مکرم منصور احمد مبشر صاحب (مبلّغ سلسلہ سٹراس برگ) نے حضورِ انور کا استقبال کرنے کی سعادت حاصل کی۔

اس تاریخی موقعے پر سینکڑوں احباب و خواتین اپنے پیارے امام کے دیدار کے لیے موجود تھے جبکہ Hurtingheim کے وائس میئر Mr. Claude Grim علاقے کے دیگر معزّزین بھی امام جماعت احمدیہ عالم گیر کو خوش آمدید کہنے کے لیے تشریف لائے ہوئے تھے۔ احمدی بچیاں دینی گیت اور ترانے گاتے ہوئے اپنے شفیق آقا کو خوش آمدید کہہ رہی تھیں جبکہ مرد احباب نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔

حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمتِ اقدس میں عزیزم دانیال احمد نے جبکہ حضرت سیّدہ امۃ السبوح بیگم صاحبہ مدّ ظلہا العالی کی خدمت میں عزیزہ دیا احمد نے پھولوں کے گلدستے پیش کرنے کی سعادت پائی۔ کچھ ہی دیر میں نمازِ مغرب و عشاء ادا کی جائیں گی۔ ان شاء اللہ

حضورِ انور سٹراس برگ میں اپنے قیام کے دوران مسجد مہدی کا افتتاح فرمائیں گے اور اس سلسلے میں منعقد کی جانے والی ایک ریسپشن کو بھی سرفراز فرمائیں گے۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

تبصرے 3

  1. اللہ تعالیٰ پیارے آقا اور احباب جماعت کا ہرگام پر حافظ و ناصر ہو۔آمین
    نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا استقبال کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے بھی خصوصیت سے مبارک کے مستحق ہیں

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button