بیت العطاء سے روانگی اور Saint-Prixمیں ورود، گورنر آف Sarcelles اور Saint-Prix کے میئر کی حضورِ انور سے ملاقاتیں، تحریکِ وقفِ نَومیں شامل بچوں اور بچیوں کی الگ الگ کلاسیں، اعلاناتِ نکاح

اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (تیرہواں روز، سوموار 07 اکتوبر2019ء)

(Saint-Prix، فرانس، 07؍اکتوبر 2019ء بروز سوموار، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن) آج امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا تیرہواں جبکہ فرانس میں قیام کا چھٹا روز تھا۔ حضورِ انورکا قافلہ بیت العطاء سے روانہ ہو کر دوپہر سوا بارہ بجے کے قریب مسجد مبارک پہنچا جہاں پر موجود احمدیوں نے اپنے پیارے امام کا والہانہ استقبال کیا۔

حضورِ انور نمازِظہر وعصر کی ادائیگی کے لیے سوا دو بجے کے بعد مسجد مبارک میں تشریف لائے اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد دو بج کر پینتیس منٹ پر اپنی قیام گاہ پرتشریف لے گئے۔

Sarcelles کے گورنر کی ملاقات: شام سوا پانچ بجے Sarcelles کے گورنر Denis Dobo-Schoenenberg نے حضورِ انور کے دفتر میں شرفِ ملاقات پایا۔ گورنرکی مشن ہاؤس آمد پر محترم امیرصاحب فرانس اور سیکرٹری صاحب امورِخارجہ نے ان کا استقبال کیا اور معززمہمان کی حضور پُر نور کے دفتر تک راہنمائی کی۔ یہ ملاقات پونے چھ بجے تک جاری رہی۔ ملاقات کے اختتام پر حضورِ انور اکرامِ ضیف کا نمونہ پیش کرتے ہوئے مہمان کو رخصت کرنے کے لیے دفتر سے باہر تک تشریف لائے۔ روانگی سے قبل معزز مہمان نے ایم۔ٹی۔اے کو انٹرویو بھی ریکارڈ کروایا۔

اس ملاقات کے بعد حضورِانور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے اور پھر فرانس کی واقفاتِ نَو کی کلاس کو رونق بخشنے کے لیے ساڑھے چھے بجے سے کچھ پہلے مسجد مبارک تشریف لائے۔ ساڑھے چھے بجے واقفاتِ نو کی اپنے پیارے امام کے ساتھ ملاقات شروع ہوئی۔

واقفاتِ نَو کی کلاس: جماعت احمدیہ فرانس میں وقفِ نَو کی بابرکت سکیم میں شامل بچیوں کی تعداد 105 ہے جن میں سے 70سات سال سے زائدعمر کی ہیں۔ ان میں سے 57 آج کی اس بابرکت محفل میں شامل تھیں۔ حسبِ روایت تلاوت قرآن کر یم سے کلاس کا آغازہوا۔ حدیث، نظم اور ملفوظات اردو اور فرنچ میں پیش کیے گئے- عزیزہ راغبہ ظہور نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی 1924ء کے دورۂ یورپ کے دوران پیرس آمد پر گفتگو کی۔

جبکہ عزیزہ نائلہ اکرم نے پیرس کے زیرِ زمین قبرستانوں (Catacombs of Paris) کے حوالے سے معلومات پیش کیں۔

DJJ 1 Catacombes de Paris
Djtox

واقفاتِ نَو بچیاں اپنے شفیق آقا سے سوالات پوچھ کر پُر شفقت اندا ز میں ملنے والے جوابات سے فیض یاب بھی ہوئیں۔ اس ملاقات کے آخر میں واقفاتِ نَو نے ترانہ پڑھا۔

واقفینِ نَو کی کلاس: ساڑھےسات بجے واقفین نَو بچوں نے حضورِ انور ایّدہ اللہ سے اجتماعی ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ فرانس میں سات سال سے زائد عمر کے واقفین نَو بچوں کی تعداد 132 ہے جن میں سے 52 بچے آج کی اس بابرکت مجلس میں حاضر تھے۔ آغازتلاوتِ قرآن کریم اور اس کے اردو اور فرنچ ترجمے سے ہوا۔ اسی طرح نظم، حدیث اور ملفوظات فرنچ ترجمے کے ساتھ بچوں نے پیش کیے۔ عزیز طلحہ رشید نے جو کہ میڈیکل کے سینئر طالب علم ہیں اپنے تحقیقی مقالے کا مغز پیش کیا جو کہ ایک انتہائی کم پائی جانے والی بیماری کے متعلق تھا۔ بعد ازاں عزیز اسامہ ربّانی نے فرانس کے پہاڑی سلسلوں پر پریزنٹیشن دی۔ واقفینِ نَو نے اپنے پیارے حضور سے سوال و جواب کے رنگ میں گفتگو بھی کی۔ واقفینِ نَو بچوں کی حضورِ انور کے ساتھ ملاقات شام سوا آٹھ بجے تک جاری رہی۔

By Ximonic, Simo Räsänen – Own work, CC BY-SA 3.0, https://commons.wikimedia.org/w/index.php?curid=9973193

Saint-Prix کے میئرکی تشریف آوری: اس کے بعد حضور پُر نور دفتر میں تشریف لے گئے جہاں عرصہ بیس سال سے چلے آنے والے شہر Saint-Prix کے میئر Mr. JeanPierre Enjalbert حضورِ انور سے ملاقات کے لیے مشتاق تھے۔ حضور پُر نور کے ساتھ موصوف کی ملاقات آدھا گھنٹہ جاری رہی۔

اعلاناتِ نکاح: میئر کے تشریف لے جانے کے بعد حضورِانور نے مسجد مبارک میں تشریف لا کر مغرب و عشاء کی نمازیں جمع کر کے پڑھائیں اور پھر درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا:

1۔ عزیزہ زارا کنول بنت مکرم احمد اسلم صاحب ہمراہ مکرم قاسم عبّاس باجوہ صاحب (بعوض دس ہزار یورو حق مہر)

2۔ عزیزہ دانیہ نصیربنت مکرم نصیر احمد صاحب آف جرمنی ہمراہ مکرم احتشام احمد صاحب (بعوض نو ہزار یورو حق مہر)

3۔ عزیزہ شیریں بنت مکرم خالد مسعود صاحب آف جرمنی ہمراہ مکرم انیل احمد انیس صاحب (بعوض دس ہزار یورو حق مہر)

اعلاناتِ نکاح کے بعد حضور پُر نور نے دعا کروائی اور سوا نو بجے کے بعد قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

کل مورخہ 08؍ اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق شام چھے بجے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز UNESCO سے خطاب فرمائیں گے جو مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ ایم۔ٹی۔اے پر اس سلسلے میں لائیو نشریات کا آغاز لندن وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے شام ہو گا۔ (ان شاء اللہ)

[تفصیلی رپورٹس کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے]

(رپورٹ: عرفان احمد خان، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء)

مزید دیکھیں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also

Close
Back to top button