پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ 2019ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

اس پیغام کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

پیارے احباب جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و بر کاتہ

مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ 20، 21اور 22ستمبر 2019ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میری یہ دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ کو کامیاب کرے اور شاملینِ جلسہ کو اس کی روحانی برکات سے پوری طرح مستفیض ہونے کی توفیق دے۔ اور آپ سب کو نیکی اور تقویٰ و طہارت میں بڑھائے۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت میں داخل ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہم پر ہونے والے عظیم فضل اور احسانات میں سے ایک جلسہ سالانہ کا قیام ہے۔ یہ جلسہ ہمیں اخلاقی اور روحانی معیار میں بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور ہمارے علم میں اضافہ کا موجوب ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں ، یہ جلسہ ہمیں ایسے زبردست ذرائع مہیا کرتا ہے جن سے ہم اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکیں۔ اور تقویٰ میں بڑھ سکیں؛ تاکہ ہم آپس کی اجنبیت اور لاتعلقیوں کو باہمی اتحاد و قربت میں بدلنے کی کوشش کریں۔ اور تاکہ ہم اپنے آپ کو ہر عیب سے پاک کریں۔اس طرح ہم اپنے دلوں کا تزکیہ کرسکتے ہیں تاکہ ہم حقوق اللہ اور ایک دوسرے کے حقوق اچھی طرح ادا کر سکیں۔ اور بالآخر ہم اس مقصد کو پورا کرنے والے بن سکیں گے جس کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جلسہ کی بنیاد ڈالی۔

ہر فرد، خواہ مرد ہو یا عورت، جو اس جلسہ کے لیے سفر کر رہے ہیں، اس بات کو ذہن نشین رکھے کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کی کوشش کرنی ہے۔اگر یہ بات نہیں، تو ان کا جلسہ میں آنا بے معنی اور بے مقصد ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ایسے لوگوں سے ناراضگی کا اظہار فرمایا ہے جو یہ نیت لے کر جلسہ میں شامل نہیں ہوتے اور پھر اس کے مطابق اپنے اعمال کی بھی اصلاح نہیں کرتے۔چنانچہ آپؑ فرماتے ہیں:
‘‘میں ہرگز نہیں چاہتا کہ حال کے بعض پیرزادوں کی طرح صرف ظاہری شوکت دکھانے کے لئے اپنے مبائعین کو اکٹھا کروں بلکہ وہ علت غائی جس کے لئے میں حیلہ نکالتا ہوں اصلاح خلق اللہ ہے’’

(شہادۃ القرآن، روحانی خزائین جلد 6، صفحہ 395)

اپنے اندر تقویٰ کی اعلیٰ خوبیاں پیدا کرنے کے حوالے سے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام مزید فرماتے ہیں:

‘‘خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گُم ہو چکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی۔ اسے دوبارہ قائم کرے’’

(ملفوظات، جلد 7 صفحہ نمبر 277-288)

پس میں آپ کو تاکیداً کہتا ہوں کہ جلسہ کی کاروائی کے دوران، وقفوں میں ، اور راتوں کو کثرت سے اللہ کو یاد کریں اور نمازیں پڑھیں۔ یہ عہد کریں: ‘‘اے اللہ ہم اس جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں، جس کا قیام نیک ارادوں کے تحت، تیری خاص نصرت اور علم سے ہوا ہے۔ ہم اس جلسہ میں اس غرض سے شامل ہو رہے ہیں تاکہ تیری رضا پا سکیں، تیرے ذکر میں بڑھیں، اور تیری محبت حاصل کر سکیں۔ہمیں وہ تمام برکات عطا فرما جنہیں تو نے اس جلسہ سے وابستہ کر رکھا ہے۔ اور ہمارے اندر وہ پاک تبدیلی پیدا کر دے جس کا تو نے ارادہ کیا اور جس کے لیے تو نے ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے سچے خادم کو اس دنیا میں بھیجا تاکہ تاکہ ہم حقیقی رنگ میں اس کی بیعت کر سکیں۔’’

اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔نیز آپ کے جلسہ کو کامیاب کرے اور آپ سب کو بیعت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ کرے کہ آپ لوگ خلافت احمدیہ کے ہمیشہ وفادار رہیں۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو نیکی ، تقویٰ اور خدمت اسلام اور خدمت انسانیت میں بڑھا کر آپ کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی پیدا کرے۔اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔

والسلام

دستخط (مرزا مسرور احمد)

خلیفۃ المسیح الخامس

مزید دیکھیں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button