دورہ یورپ ستمبر؍ اکتوبر 2019ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ یورپ (بارہواں روز، اتوار 06؍ اکتوبر2019ء)

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

جلسہ سالانہ فرانس کا آخری روز، تقریب بیعت اور حضور انور کا معرکہ آرا اختتامی خطاب، احبابِ جماعت کی اپنے پیارے امام سے ملاقات اور خوش نصیب بچوں بچیوں کی تقریبِ آمین

(تغی شاتو، فرانس: 06؍ اکتوبر 2019ء نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) آج حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورۂ یورپ کا بارہواں اور جلسہ سالانہ فرانس کا تیسرا اور آخری روز تھا۔ جلسہ گاہ میں دن کا آغاز حسبِ دستور باجماعت نمازِ تہجد سے ہوا جو صبح پونے چھے بجے حافظ سلیم طورے صاحب آف مالی نے پڑھائی۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ نے پونے سات بجے تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی جس کے بعد درس القرآن ہوا۔

ناشتے سے فارغ ہو کر دس بجے اتوار کے روز کے پہلے اجلاس کی کاروائی مکرم منیر الدین شمس ساحب ایڈیشنل وکیل التصنیف(لندن) کی صدارت میں شروع ہوئی ۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ مکرم سلیم درامے آف سینیگال نے پیش کی۔ حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ کی فرمودہ نظم؎ دین کی نصرت کے لیے اک آسماں پر شور ہے، مکرم انیل انس نے پڑھی۔ اجلاس کی پہلی تقریر فرنچ زبان میں تھی جومکرم عمر احمد صاحب نے ’خدمتِ دین کو اک فضل الہٰی جانو‘ کے موضوع پر کی۔ جس کے بعد مربّی سلسلہ مکرم بلال اکبر صاحب نے نے ’اسلامی پردے کی حکمت‘ کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ اجلاس کے تیسرے مقرّر مکرم نصیر احمد شاہد (مبلغ انچارج فرانس) تھے جن کی تقریر کا موضوع تھا ’ع ہراِک نیکی کی جڑ یہ اتّقا ہے‘۔ اس کے بعد مکرم منصور احمد مبشر نےاعلانات کیے، نمازوں کی ادائیگی سے قبل بیعت کی تقریب اور اختتامی اجلاس سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ جس کے بعد ایک بجے دوپہر صدر اجلاس نے اجلاس کی برخاستگی کا اعلان کیا ۔

تقریب بیعت: آج نمازِ ظہر اور عصر سے قبل بیعت کا پروگرام ہوا جو ایم ٹی اے پر لائیو نشر ہوئی۔ جلسہ سالانہ فرانس کے دوران دو خواتین اور ایک مرد کو احمدیت قبول کرنے کی توفیق حاصل ہوئی لیکن فرانس میں دوران سال ہونے والی بیعتوں میں ایسے دوست بھی موجود ہیں جن کو اب تک کسی وجہ سے دستی بیعت کا موقع میسر نہیں آ سکا اور ان کی خواہش کے پیشِ نظر محترم امیر صاحب فرانس نے جلسے کے آخری روز حضورِ انور سے تقریب بیعت کے انعقاد کی درخواست کی جس کو ازراہِ شفقت حضور پُر نور نے منظور فرما لیا۔ وہ دوست جن کو دستی بیعت کا موقعہ میسر نہیں آیا اُن کو حضور کے سامنے ایک چھوٹے دائرہ میں بٹھایا گیا تھا جس کے پیچھے پانچ قطار یں بنائی گئی تھیں۔ سامنے کی قطار میں نیشنل مجلس عاملہ جماعت فرانس کو بیٹھنے کا موقع مہیا کیا گیا جبکہ دوسری پانچ قطاروں کی ترتیب میں نیشنل مجلس عاملہ انصار اللہ، نیشنل مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ، ممبران عاملہ پین افریقن احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن اور ایک قطار نومبائعین کی تھی۔

تقریب بیعت

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیزفرانس کے مقامی وقت کے مطابق3 بج کر 16 منٹ پر مردانہ پنڈال میں رونق افروز ہوئےاور سٹیج کے سامنے بیعت کے لیے تیار کی گئی جگہ پر تشریف فرما ہوئے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تمام حاضرین کو السلام علیکم و رحمۃ اللہ کا تحفہ عطا فرمایا۔ 3 بج کر 17 منٹ پر حضور انور نے بیعت کا آغاز فرمایا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بیعت کے الفاظ اردو زبان میں پڑھتے اور حاضرین ان الفاظ کو دوہراتے رہے۔ نصیر احمد شاہد صاحب (مبلغ انچارج فرانس) ساتھ ساتھ فرانسیسی زبان میں ترجمہ بھی پیش کرتے رہے اور فرنچ بولنے والے حاضرین فرنچ میں الفاظ دہراتے۔ بیعت کے دوران پنڈال میں موجود افراد کا امام وقت امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ انسانی زنجیر کے ذریعہ جسمانی رابطہ بھی قائم تھا۔

بیعت کے الفاظ دہرانے کے بعد حضور انور نے دعا کروائی۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔

جلسہ سالانہ فرانس کا اختتامی اجلاس

آج شام حضورِ انور ایّدہ اللہ نے جلسہ سالانہ فرانس کے اختتامی اجلاس میں شرکت فرما کر خطاب فرمایا اور احمدیوں کو ان کی ذمہ داریاں یا ددلائیں۔ (اس کی بابت تفصیلی بلیٹن الگ سے شائع کیا گیا ہے)

حضورِ انور کا خطاب شام سوا پانچ بجے کے قریب ختم ہوا جس کے بعد حضورِ انور نے دعا کروائی۔

حاضری

آج جلسہ سالانہ فرانس اپنے اختتام کو پہنچا جس میں فرانس سے 1441 احمدی اور 130 مہمانوں نے شمولیت اختیار کی۔ نیز فرانس سمیت کل اکیس ممالک کی نمائندگی میں 2733 افراد (1638 مرد، 1095خواتین) شامل ہوئے۔

دعا کے بعد مختلف گروپس کی طرف سے ترانے پیش کیے گئے جن میں عربی، اردو، پنجابی، بنگلا، وقفِ نَو اور افریقی گروپس شامل ہیں۔ ترانوں کے بعد حضور پُر نور نے سب حاضرین کو ُالسلام علیکم ورحمۃ اللہ‘ کا تحفہ عطا فرمایا اور پنڈال سے تشریف لے گئے۔

آج شام سوا چھے بجے فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں جو ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہیں۔ اس عرصے میں 32 فیملیز کے 107 افراد نے حضور سے ملاقات کا شرف حاصل کیا ۔ اس کے علاوہ 25 خدام اور انصار نے حضور انور سے گروپ کی صورت میں شرف ملاقات پایا۔ ان دوستوں کو حضور انور سے مصافحہ کرنے کی بھی سعادت ملی۔

ملاقاتوں کے بعد حضور انور بیت العطاء کے ہال میں تشریف لائے جہاں پر قرآنِ کریم کا پہلا دَور ختم کرنے والے خوش نصیب بچوں اور بچیوں کی حضور انور کی موجودگی میں تقریبِ آمین کا انعقاد ہوا۔ حضورِ انور نے اس تقریب میں درج ذیل 15 بچوں اور 12 بچیوں سے قرآنِ کریم کا کچھ حصہ سنا اور آخر پر دعا کروائی۔

نو بجنے میں دس منٹ پر حضور انور نے نماز مغرب وعشاء جمع کر کے پڑھائیں جس کے بعد حضور اپنی قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

[مزید تفصیلات کے لیے ملاحظہ فرمائیے الفضل انٹرنیشنل کے آئندہ شمارے]

(رپورٹ: عرفان احمد خان نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برائے دورۂ یورپ ستمبر، اکتوبر 2019ء، منصور احمد مبشر نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button