نمازِ جنازہ حاضرو غائب مورخہ 08؍جون 2019ء
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 08؍جون 2019ءکونماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک(اسلام آباد۔ٹلفورڈ)کے باہر تشریف لا کر مکرم مکرم محمد لطیف قریشی صاحب ابن مکرم محمد شفیع قریشی صاحب(الکیمسٹ ربوہ۔حال تھارٹن ہیتھ۔ یوکے)اورمکرمہ صالحہ محمود صاحبہ اہلیہ مکرم محمود احمد منیب صاحب (سابق مربی سلسلہ۔حال چیم ۔یوکے)نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نمازِ جنازہ حاضر
-1مکرم محمد لطیف قریشی صاحب ابن مکرم محمد شفیع قریشی صاحب(الکیمسٹ ربوہ۔حال تھارٹن ہیتھ۔ یوکے)
6 جون 2019ء کو89 سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔ ا ِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے خاندان کا تعلق لاہور سے تھا جہاں آپ کا فارمیسی کا کاروبار تھا۔1953ء کے ہنگاموں میں آپ کی دکان جلادی گئی لیکن بعد میں اللہ کے فضل سے آپ نے اسی جگہ دوبارہ دکان شروع کی۔1967ء میں ایک خواب کی بنا پر لاہور سے دکان بیچ کر ربوہ چلے گئے اور گولبازار میں الکیمسٹ کے نام سے دکان کھولی۔ مرحوم انتہائی نیک، غریب پرور ، رشتہ داروں کا خیال رکھنے والے ،مہمان نواز، خلافت کے شیدائی انسان تھے ۔چندہ جات اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔
-2مکرمہ صالحہ محمود صاحبہ اہلیہ مکرم محمود احمد منیب صاحب (سابق مربی سلسلہ۔حال چیم ۔یوکے)
6؍جون 2019ء کو70سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت میاں محمد دین صاحب ؓ(آف ادرحماں)کی پوتی اور حضرت منشی عبدا لسمیع صاحبؓ کی نواسی تھیں۔سلسلہ کے کاموں میں اپنے مربی شوہر کا بھر پور ساتھ دیا۔ کینیا اور زیمبیا قیام کے دوران لجنہ کی تنظیم کو منظم کیا اور صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ربوہ میں بھی لجنہ کے مختلف عہدوں پر خدمت بجالاتی رہیں۔نرسنگ کی ٹریننگ بھی حاصل کی ہوئی تھی اس لیے فضل عمر ہسپتال میں بھی خدمت کا موقعہ ملا۔نمازوں کی پابند ، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی ، مالی تحریکات میں حصّہ لینے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ بے پناہ عشق اور لگاؤ تھا۔ مرحومہ موصیہ تھی ۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔
نماز جنازہ غائب:
-1مکرم ڈ اکٹر مبارک احمد صاحب ابن مکرم چوہدری رحمت علی صاحب(بہاولپور)
17مئی 2019ء کو 78سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے لیاقت میڈیکل کالج جامشورو سے ایم بی بی ایس کا امتحان پاس کیا ۔کچھ عرصہ آرمی میں سروس کی ۔ 1965ء کی جنگ میں نمایاں خدمات پر آپ کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ ملازمت کا زیادہ عرصہ قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور میں گزارا۔مرحوم نہایت شفیق ، مہربان ، ہمدرد، مخلص اور خدمت گزار وجود تھے۔جماعتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔جوانی میں قائد خدام الاحمدیہ بہاولپور شہر اور قائد ضلع بہاولپور کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ صدر جماعت و زعیم انصار اللہ بہاولپور شہر کے علاوہ امیر ضلع بہاولپور کے طورپر بھی خدمت بجالاتے رہے۔
-2مکرمہ سیدہ حجاب اختر بخاری صاحبہ(کوبلنز ۔جرمنی)
30؍اپریل 2019ء کو 80سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔صوم وصلوٰۃ کی پابند ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ چندہ جات باقاعدگی سے ادا کرتی تھیں اور تحریک جدید کا چندہ تو اپنے مرحوم بزرگوں کی طرف سے بھی دیتی تھیں۔نظام جماعت سے بہت اچھا تعلق تھا۔ اپنے غریب بھائیوں کی مالی امدادا کرتی رہتی تھیں ۔خلافت کے ساتھ انتہائی محبت رکھتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چار بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔
اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭