مصروفیات حضور انور

خطبۂ جمعہ، تقاریبِ آمین، معائنہ اسلام آباد، IAAAEکی ٹیم ملاقات

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات 29؍اگست تا یکم ستمبر

مورخہ 29؍ اگست تا یکم ستمبر2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امورکي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭… 30؍ اگست بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے مسجد بیت الفتوح، مورڈن ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اخلاص و وفا کے پیکر دو اصحابِ رسولؐ رضی اللہ عنہما کی سیرتِ مبارکہ کا دل نشیں تذکرہ فرمایا۔نیز مکرم طاہر عارف صاحب (صدر فضلِ عمر فاؤنڈیشن) کی وفات پر ان کا ذکر خیر فرمایا اور نمازِ جمعہ اور سنّتوں کی ادائیگی کے بعد ان کی نمازِ جنازہ حاضرپڑھائی۔

٭… آج شام حضور انور ایّدہ اللہ نے اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ سحر ضوفشاں چاند بنت مکرم محمد نور چاند صاحب کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم مبشر احمد ظفری صاحب (مربی سلسلہ) ابن مظفر احمد ظفری صاحب (لندن) کے ساتھ طَے پائی ہے۔

٭… حضور انور نے آج شام کو اسلام آباد کے مختلف مقامات کا معائنہ فرمایا اور بعض امور کے متعلق ہدایات سے نوازا۔ حضور انور نے سب سے پہلے اسلام آباد کے احاطے میں موجود گیسٹ ہاؤس (سابقہ قیام گاہ حضرت خلیفۃ المسیح)کا معائنہ فرمایا جس کے بعد ایوانِ مسرور کے باہر سے راؤنڈلگاتے ہوئے اسلام آباد کے رہائشی حصے کی طرف تشریف لے گئےاور بعض خوش نصیبوں کے گھروں میں قدم رنجا فرما کر انہیں برکت بخشی۔ ان احباب میں مکرم ناصر سعید صاحب(شعبہ حفاظت خاص)، مکرم ہمایوں سردار صاحب (شعبہ حفاظتِ خاص)، مکرم مبارک احمد ظفر صاحب (ایڈیشنل وکیل المال) اور مکرم عبدالفاتح صاحب (واقفِ زندگی، انجینئر)شامل ہیں۔

٭… 31؍ اگست بروز ہفتہ: آج صبح دفتری ملاقاتوں کے دوران IAAAE (یوروپین چیپٹر)کے ٹیم ممبران نے حضورِ انور کی خدمت میں حاضر ہو کر انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدیہ آرکیٹکٹس اینڈ انجینئرز کے حالیہ کاموں کی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کچھ امور کی بابت رہنمائی حاصل کی۔

ممبران ٹیم نے حضورِ انور کی خدمت میں حال ہی میں گیمبیا میں مکمل ہونے والے ایک ماڈل ولیج کی بابت رپورٹ پیش کی کہ اس میں کنواں کھود کر تازہ اور صاف پانی نکالا گیا ہے اور ہر گھر میں اس کا کنکشن مہیا کیا گیا ہے۔ نیز شمسی توانائی کے ذریعہ بجلی بنا کر گاؤں کے تمام گھروں کو مہیا کی گئی ہے۔ مقامی مسجد کو بھی روشن کیا گیا ہے نیز مسجد میں بیٹری وغیرہ کے ذریعہ چوبیس گھنٹے ایم ٹی اے دیکھنے کی سہولت موجود ہے۔

محترم چیئرمین صاحب IAAAE (یوروپین چیپٹر)نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ حضورِ انور کے ارشادات کی روشنی میں سب سے اعلیٰ معیار کی بیٹریاں خرید کر ان پراجیکٹس میں زیرِ استعمال لائی جاتی ہیں تا کہ کم سے کم شکایت پیدا ہو اورافریقہ کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے افراد بلا تعطّل بجلی کی نعمت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

٭… آج نمازِ عصر کے بعد حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک ، اسلام آباد میں ایک تقریب آمین کو رونق بخشی۔ حضور انور نے تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے والے13؍ بچوں اور 13؍ بچیوں سے باری باری قرآن مجید کی ایک ایک آیت یا اس کا کچھ حصہ سنا۔ بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔ یہ مسجد مبارک اسلام آباد میں پہلی تقریب آمین تھی۔

٭… آج شام حضور انور ایّدہ اللہ نے اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ صنوبر رجاء بنت مکرم عبد المجید خان صاحب (مرحوم) کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم حافظ احتشام احمد مومن صاحب(مربی سلسلہ) ابن مکرم نفیس احمد صاحب (لندن) کے ساتھ طَے پائی ہے۔

٭…نمازِ مغرب و عشاء کےبعد حضور انور نے مکرم مبشر احمد ظفری صاحب (مربی سلسلہ) اور عزیزہ سحر ضوفشاں چاند (بنت مکرم محمد نور چاند صاحب)کی تقریب ولیمہ کو رونق بخشی۔ یہ تقریب ایوانِ مسرور، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

٭… یکم ستمبربروز اتوار: آج نمازِ عصر کے بعد حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک ، اسلام آباد میں ایک تقریب آمین کو رونق بخشی۔ حضور انور نے تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے والےتیس کے قریب بچوں، بچیوں سے باری باری قرآن مجید کی ایک ایک آیت یا اس کا کچھ حصہ سنا۔ بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔

٭…آج نمازِ مغرب و عشاء کےبعد حضور انور نے مکرم حافظ احتشام احمد مومن صاحب (مربی سلسلہ) اور عزیزہ صنوبر رجاء بنت مکرم عبد المجید خان صاحب (مرحوم) کی تقریب ولیمہ کو رونق بخشی۔ یہ تقریب ایوانِ مسرور، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز

مورخہ 26؍ اگست تا یکم ستمبر 2019ء کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتري اور چھے روز ذاتي ملاقاتيں فرمائيں۔ متعدد افسرانِ صيغہ جات، مربيانِ سلسلہ اور ديگر احباب نے حضورِ انور سے اپني دفتري ملاقاتوں ميں ہدايات اور رہ نمائي حاصل کي۔

اس عرصہ کے دوران 124؍ فيمليز اور66؍ احباب نے انفرادي طور پرحضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔ اس لحاظ سے ذاتی ملاقاتوں کی کل تعداد 190؍ تھی۔ اپنے آقا سے ملاقات کے ليے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق درج ذیل 19؍ممالک سے تھا :

جاپان، پاکستان، نائیجیریا، امریکہ، کینیڈا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کینیا، بیلجیم، ناروے، گھانا، فرانس، سوئٹزرلینڈ، جرمنی، بنگلہ دیش، انڈیا، ڈنمارک، یوکے اورایک عرب ملک۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button