نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب مورخہ 16؍ مئی 2019ء

(پرائیویٹ سیکرٹری)

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ مورخہ 16؍مئی 2019ءکو 12 بجے صبح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے(اسلام آباد۔ٹلفورڈ)میں اپنے دفتر کے باہر تشریف لا کر مکرمہ امۃ العزیز صاحبہ اہلیہ مکرم ڈاکٹر بشیر احمد صاحب (لندن)کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ امۃ العزیز صاحبہ اہلیہ مکرم ڈاکٹر بشیر احمد صاحب (لندن)

10مئی2019ءکو87سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت منشی محمد اکبر بٹالوی صاحبؓ اور حضرت امام بی بی صاحبہؓ کی نواسی اور مکرم شیخ رفیق احمد صاحب(صدر جماعت بیت الفتوح ساؤتھ )کی خالہ اور خوش دامن تھیں۔ 30برس تک صدر لجنہ گگو منڈی (ضلع وہاڑی)اور پھر صدر لجنہ ضلع وہاڑی کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ آپ کا گھر ہمیشہ جماعت کا مرکز رہا ۔اپنے شوہر کے ساتھ مل کر علاقے میں مسجد کی تعمیر کی بھی توفیق پائی ۔سینکڑوں بچوں کو قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کے علاوہ عام پڑھنا لکھنا بھی سکھایا ۔ قصبہ میں سکول اور کالج کے قیام کے لیے اپنے شوہر کا ساتھ دیا۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند ، تہجد گزار ،ضرورت مندوں کی مدد کرنے والی ایک نیک بزرگ خاتون تھیں۔ خلافت سے والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں چار بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

نماز جنازہ غائب:

-1مکرم مرزا عبد الحفیظ صاحب ایڈووکیٹ (نوشہرہ کینٹ)

17مارچ 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مرزا غلام رسول صاحبؓ کے بیٹے تھے۔ نوشہرہ میں زعیم انصار اللہ اور صدر جماعت کے طور پر لمبا عرصہ خدمت کی توفیق پائی ۔ نوشہرہ کے کامیاب ترین وکلاء میں شمار ہوتے تھے ۔ دومرتبہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی منتخب ہوئے۔مالی قربانی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے ۔ تحریک جدید کے پنج ہزاری مجاہدین میں بھی شامل تھے ۔ مطالعہ کا بہت شوق تھا اور گھر میں ذاتی لائبریر ی بنائی ہوئی تھی ۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند،ایک خوش لباس اور خوش مزاج نیزغریب پرور اور بے حد شفیق انسان تھے ۔مرحوم موصی تھے ۔

-2مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ (کراچی )

یکم اپریل 2019ء کو100سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مجلس نبی سر روڈ (سندھ) میں صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔صوم وصلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز اور خلافت سے عقیدت کا گہر اتعلق رکھنے والی ایک مخلص خاتون تھیں ۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔آپ کے بچے کراچی اور سندھ میں مختلف جماعتی خدمتوں کی توفیق پارہے ہیں۔

-3 مکرم عارف احمد نور صاحب(اسلام آباد)

20مارچ 2019ء کو 59 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت محمد یامین خان صاحب (تاجر کتب قادیان) کے پوتے اور حضرت شیخ فضل احمد بٹالوی صاحب کے نواسے تھے۔خاموش طبع، حلیم، مہمان نواز ،وقت کے پابند ایک بااصول اور فدائی احمدی تھے۔خلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ حلقہ بہارہ کہو اسلام آباد میں نگران سیکرٹری وقف نو اور منتظم عمومی کے طو رپر خدمت کی توفیق پائی۔ نوکری کے سلسلہ میں سعودی عرب میں قیام کے دوران آپ نے دو حج اور کئی عمرے کرنے کی سعادت پائی ۔ مرحوم موصی تھے ۔پسماندگا ن میں اہلیہ کے علاوہ تین بچے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کی اہلیہ اور بچوں کو مختلف رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق مل رہی ہے ۔

-4مکرمہ سیدہ صفیہ نور صاحبہ اہلیہ مکرم سید صادق نور صاحب مرحوم( یوکے ۔حال ربوہ )

15 مارچ 2019ءکو ربوہ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت سید ا حمد نور کابلی صاحب ؓ کی نواسی تھیں۔قادیان میں پیدا ہوئیں اور بچپن کا زیادہ وقت خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے گھروں میں گزارا ۔ ہجرت کے بعد ربوہ اور پھر 1959 ء میں یوکے شفٹ ہوگئی تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز، غریب پرور، ،ہرایک سے ہمدردی اوراخلاص کے ساتھ پیش آنے والی ایک نیک سیرت خاتون تھیں ۔ آپ کو جماعت کی خدمت کرنے کا بے حد شوق تھا ۔جلسہ سالانہ یوکے پر بیمار ی کے باوجودباقاعدگی سے مہمان نوازی کی ڈیوٹی دیا کرتی تھیں۔
-5 مکرم چوہدری فرزند علی صاحب(ابن مکرم میاں نظام دین صاحب ۔ گوٹھ فتح پور ضلع سانگھڑ ۔سندھ)
24فروری 2019ء کو 100سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔گوٹھ فتح پور میں صدر جماعت کے طور پر خدمت بجالاتے رہے ۔مرکزی نمائندگان اور عہدیداران کا بہت احترام کرتے تھے ۔تقسیم ہند سے پہلے ہر سال قادیان جاتے اور حضرت مصلح موعود ؓ کی خدمت میں حاضر رہا کرتے تھے ۔اور یہ سلسلہ بعد میں بھی جاری رہا۔ نمازوں کے پابند ، تہجد گزار،باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے ایک مخلص انسا ن تھے ۔ کتب حضرت مسیح موعود ؑ کے مطالعہ کا بھی بے حد شوق تھا۔خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔

-6 مکرم صوفی عبدا للطیف صاحب ابن مکرم محمد دین صاحب (کوٹلی شہر)

7جنوری 2019ء کو 78سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔1963ء میں خود تحقیق کرکے احمدی ہوئے ۔ مختلف جماعتی اور تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔لمبا عرصہ سیکرٹری مال شہر وضلع خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم بے شمار خوبیوں کے مالک تھے ۔قرآن کریم سے خاص شغف تھا۔روزانہ ایک پارہ سے زائدہ قرآن کی ترجمہ کے ساتھ تلاوت کرتے تھے ۔خلافت سے وفا اور محبت کا گہرا تعلق تھا ۔ واقفین کا بہت احترام کرتے تھے ۔ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے ۔ مرحوم موصی تھے۔

-7مکرم حق نواز صاحب ( 20 گھگھ تحصیل شورکوٹ ضلع جھنگ)

28فروری 2019ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے صدرجماعت گھگھ، نگران حلقہ شور کوٹ ، زعیم انصار اللہ ککی نواور نائب ناظم اعلیٰ ضلع جھنگ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ دوبار آپ کو اسیر راہ مولیٰ ہونے کی بھی سعادت ملی۔ آپ ایک نیک متقی ، تہجد گزار اور متوکل علی اللہ انسان تھے ۔ نڈر داعی الی اللہ تھے ۔ مرحوم موصی تھے ۔

-8مکرم شاہد احمد صاحب(ابن مکرم چوہدری علی محمد صاحب بی ٹی ۔ اسلام آباد)

8مارچ 2019ء کو 80سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت چوہدری علی محمد صاحب بی ٹی کے بیٹے تھے۔ ذیلی تنظیموں میں خدمت کے علاوہ جماعت اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی ۔ تاریخ احمدیت اسلام آباد کی تیاری اور تدوین میں بھی معاونت کرتے رہے۔ جماعت کے اخبارات اور جرائد میں آپ کا منظوم کلام بھی شائع ہوتا رہا ہے۔ بہت ملنسار، ہنس مکھ، ایک نیک باوفا اور مخلص انسان تھے۔ آپ مکرم لارڈ طارق احمد صاحب بی ٹی (آف یوکے) کے چچا تھے ۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اورانہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button