نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضرو غائب مورخہ12؍مئی 2019ء

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ مورخہ12؍مئی 2019ءکو نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک (اسلام آباد۔ٹلفورڈ)کے باہر تشریف لا کر مکرم خالد محمود ملک صاحب ( پٹنی۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم خالد محمود ملک صاحب ( پٹنی۔یوکے)

11 مئی 2019ء کو66سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ کچھ عرصہ سے قبل سٹروک اور Dementiaکی وجہ سے صاحب فراش تھے۔آپ مکرم عبد القدیر ملک صاحب آف مغل پورہ لاہور کے بیٹے ، مکرم رحمت اللہ شاکر صاحب سابق ایڈیٹر الفضل کے پوتے اور مکرم شاہد ملک صاحب کے بڑے بھائی تھے۔ مرحوم ایک مخلص انسان تھے ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرمہ نسیم اختر صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ مجید احمد صاحب مرحوم (کراچی)

25مارچ 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعودؑکے صحابی حضرت شیخ صاحب دین صاحب (ڈھینگرہ ہاؤس گوجرانوالہ)کی پوتی تھیں۔ مرحومہ عبادت گزار ، دعا گو، نظام جماعت اور خلافت سے گہرا تعلق رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں 6بیٹیاں اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم شیخ ساجد محمود صاحب شہید (کراچی) کی والدہ تھیں۔

-2مکرمہ امۃ الرشید صاحبہ اہلیہ مکرم خواجہ نصیر احمد صاحب (کوٹ مومن ضلع سرگودھا۔حال فیصل آباد)

27فروری 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔بہت مخلص، باوفا اور نیک خاتون تھیں ۔خلافت سے عقیدت کا ایک خاص تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-3 مکرم محمد عبد العظیم صاحب ابن مکرم محمد عبد المجید صاحب (عثمان آباد۔ مہاراشٹرا۔ انڈیا)

21 مارچ 2019ء کو 76 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پیدائشی احمدی تھے ۔آپ کے خاندان میں احمدیت 1905 کے لگ بھگ آئی ۔آپ کے والد کے خاندان کو احمدیت کی وجہ سے عثمان آباد میں مخالفت کا سامنا رہا ۔ مرحوم نے عثمان آباد کے صدر کے طور پر لمبا عرصہ خدمت کی توفیق پائی ۔ اسی طرح سیکرٹری مال کے علاوہ زونل ناظم انصار اللہ بھی رہے۔ آپ ایک نیک ، صالح ، عبادت گزار، دعا گو، متوکل علی اللہ، مالی قربانی میں پیش پیش رہنے والے ،بڑے مہمان نواز، ملنسار اور مخلص انسان تھے ۔ خلافت سے عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔قرآن کریم سے بے حد محبت تھی اور باقاعدگی سے تلاوت کیا کرتے تھے ۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا اور اس کے لیے نئے نئے ذرائع تلاش کیا کرتے تھے ۔آپ نے حج بیت اللہ کے علاوہ کئی عمرے کرنے کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم وسیم احمد عظیم صاحب(واقف زندگی )نظارت نشر واشاعت قادیان میں بطور پروف ریڈر خدمت بجالارہے ہیں۔

-4مکرم چوہدری مجید احمد صاحب (المعروف بھٹے والے ۔حال کینیڈا)

14 مارچ 2019ء کو 86 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت آپ کے دادا مکرم بدرالدین صاحب کے ذریعہ آئی ۔آپ نے صدر انجمن ربوہ کے مختلف دفاتر میں کام کرنے کے علاوہ تقریباً 11 سال صدر محلہ دارالرحمت وسطی کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔آپ بے شمار خوبیوں کے مالک تھے۔ غریبوں سے حسن سلوک ،مہمان نوازی، دیانتداری اورصبر وشکر آپ کی شخصیت کے خاص پہلو تھے ۔ رحمی رشتوں کا بھی بہت خیال رکھتے تھے ۔آخری تکلیف دہ بیماری کو بڑے صبر وحوصلہ سے برداشت کیا۔مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب (مربی سلسلہ تنزانیہ) کے خسر اور مکرم شجر احمد فاروقی صاحب(سیکرٹری AMJانٹرنیشنل ) کے بہنوئی تھے ۔

-5مکرم چوہدری فیض احمد گجر صاحب ( Bad Soden۔جرمنی )

16دسمبر 2018ء کو 85سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے ابتدائی تعلیم قادیان میں حاصل کی ۔ جہاں بعض صحابہ کی خدمت کرنے اور ان سے فیض حاصل کرنے کی بھی توفیق پائی ۔ خلافت سے عقیدت ووفا کا گہرا تعلق تھا۔ نمازوں کے پابند، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والےایک مخلص اور باوفا انسان تھے ۔حضرت مسیح موعود ؑکی کتب کا بہت شوق سے مطالعہ کیا کر تے تھے ۔ تبلیغ کا بھی بہت شوق تھا۔پسماندگان میں دوبیٹیاں اور پانچ بیٹے اور متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یادگار چھوڑے ہیں ۔

-6مکرم عبد الرحمٰن خان صاحب ابن مکرم حبیب خان صاحب مرحوم (بھدرواہ ۔جموں کشمیر ۔ انڈیا)

28 مارچ 2019ء کو 102 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ بھدرواہ جماعت کے پہلے احمدی تھے اور 1940 ء میں حضرت مولوی محمد حسین صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ احمدیت قبول کی ۔ آپ نے سکول کی ابتدائی تعلیم کے علاوہ عربی کے دوتین پارے اور دینیات کی ابتدائی کتب پڑھنے کے بعد تجارت کا پیشہ اختیار کیا۔ آپ ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ خداتعالیٰ کے فضل سے موصی تھے ۔بہشتی مقبرہ قادیان میں تدفین عمل میں آئی ۔

-7 مکرمہ طاہرہ جبین صاحبہ اہلیہ مکرم مولانا محمد اشرف ناصر صاحب شاہد( مربی سلسلہ)۔ربوہ

4 اپریل2019ء کی رات کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت مولوی حافظ فضل دین صاحب (استاد مدرسہ احمدیہ قادیان )کی نواسی اور حضرت فضل الٰہی صاحب کی بیٹی تھیں۔ آپ ایک نیک، تہجد گزار ،صابرہ وشاکرہ بہت مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ اپنے واقف زندگی خاوند کے ساتھ جہاں بھی رہیں لجنہ کو فعال کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں اور کئی جماعتوں میں بطور صدر لجنہ خدمت بجالانے کی بھی توفیق ملی ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دوبیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ مکرم انور طاہر صاحب (مربی سلسلہ نظارت اصلاح وارشاد)کی والدہ تھیں۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button