متفرق مضامین

قراردادِ تعزیت بروفات : مکرم نواب مودود احمد خان صاحب

(از مجلس تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان، ربوہ)

مجلس تحریک جدیدانجمن احمدیہ پاکستان، ربوہ کایہ غیرمعمولی اجلاس منعقدہ21.7.19مکرم محتر م نواب مودود احمد خان صاحب مرحوم سابق امیر ضلع کراچی(ممبر مجلس تحریک جدید) کی وفات پراپنے گہرے رنج وغم کااظہارکرتاہے۔

آپ مورخہ 14.7.19کو78سال کی عمر میںبقضائے الٰہی وفات پاگئے۔

اناللّٰہ واناالیہ راجعون۔

آپ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی صاحبزادی حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ ؓ اور حضرت نواب محمد علی خان صاحبؓ کے پوتے اورحضرت میر محمد اسماعیل ؓ کے نواسے تھے۔ آپ- 12اپریل 1941ء کو مکرم محترم نواب مسعود احمد خان صاحب اور مکرمہ سیدہ طیبہ بیگم صاحبہ کے ہاں قادیان میں پیدا ہوئے۔

ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پنجاب یونیورسٹی لاہور سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ابتدائی پریکٹس کے بعد ایک مشہور انٹرنیشنل لا ء فرمOrr, Dignam & Co. سے منسلک ہو گئے اور تقریباً52سال اسی فرم کے ساتھ منسلک رہے۔ کارپوریٹنگ قوانین کے بڑے ماہر تھے۔ پاکستان کارپوریٹنگ کے کئی قوانین بھی آپ نے مرتب کئے۔

آپ کو بطورممبر صدر انجمن احمدیہ ،ممبر مجلس تحریک جدید،ڈائریکٹر فضل عمر فائونڈیشن،ڈائریکٹر ناصر فائونڈیشن، ڈائریکٹر طاہر فائونڈیشن،ممبر منصوبہ بندی کمیٹینیز1996ء سے تا دم واپسیں بطور امیر ضلع کراچی خدمت کی توفیق ملی۔

مشکل جماعتی حالات میں آپ نے سندھ میں بہت کام کیا۔ خاص طور پر سندھ کے اسیران اور شہداء کی فیمیلیز کی بہت خدمت کی۔کراچی کی جماعت کے لئے ایک شفیق باپ کی حیثیت رکھتے تھے۔ہر ایک سے ذاتی رابطہ تھا۔لوگوں کی بات کو توجہ سے سنتے اور مشورہ دیتے۔جماعتی کاموں کو بہت وقت دیتے،ہر ایک کے ساتھ نہایت شفقت سے پیش آتے۔

آپ پروقار، ہر دلعزیز شخصیت کے مالک، وسیع العلم،عاجزی کے پیکر، نہایت شفیق اورنرم خو، بے حد مخلص اورعفو و درگزر کی چلتی پھرتی تصویر تھے۔ ذاتی اور جماعتی عہدیدار ہر دو حیثیتوں سے غریب پرور، مہمان نواز، بہت مالی قربانی کرنے والے، ضرورت مندوں کی خبرگیری کرنے والے،جماعتی معاملات میں انتہائی فکرمند، متحمل ومنصف مزاج، معاملہ فہم، صائب الرائے، مدبرانہ سوچ کے مالک، لوگوں کے احساسات اور حفظ مراتب کا خیال رکھنے والے، بے شمار خوبیوں کے مالک ایک نافع الناس وجود تھے۔ آپ کا حلقہ احباب نہایت وسیع تھا۔

آپ عبادات بجا لانے والے تھے۔ خاص طور پر احترام رمضان کا بہت خیال تھا۔ خلافت کے ساتھ آپ کا بے حدا خلاص، اطاعت، احترام، محبت اور وفا کا تعلق تھا۔ اسی طرح نظام جماعت کا بھی بہت احترام تھا۔

آپ کوآخری دم تک سلسلہ عالیہ احمدیہ کی خدمت کی توفیق ملی۔

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 19جولائی 2019ء میں نہایت خوبصورت اور شاندار الفاظ میں آپ کا ذکر خیر فرمایا۔

ہم جملہ ممبران مجلس تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان وکارکنان تحریک جدیدمکرم محترم نواب مودود احمد خان صاحب کے انتقال پرملال پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، مرحوم کے جملہ پسماندگان اورجملہ احباب جماعت سے اپنے دلی رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے، دعاگوہیںکہ اللہ تعالیٰ اس دیرینہ خادم کی مغفرت فرماتے ہوئے ،جنت الفردوس میں جگہ دے اورپسماندگان کوصبرجمیل عطا فرمائے اوران کاحافظ وناصرہو۔مرحوم کی اولاد اور آئندہ نسلوں کو مرحوم کی نیکیوں کا وارث بنائے۔ اور اللہ تعالیٰ جماعت اور خلافت احمدیہ کوآپ جیسے باوفا، مخلص، معاون و مددگار خادم دین ہمیشہ عطا فرماتا چلاجائے۔ آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button