از مرکز

یک جان، ہزار قالب ۔۔۔ عالمی بیعت کی با برکت تقریب

(جلسہ سالانہ یوکے 2019ء)

(حدیقۃ المہدی، الفضل انٹرنیشنل) آج جلسہ سالانہ برطانیہ کا ایک اور اہم پروگرام ‘عالمی بیعت’ کا انعقاد مقصود تھا۔ اس مقصد کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ایک بج کر 7؍ منٹ پر مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لائے اور سٹیج کے سامنے بیعت کے لیے تیار کی گئی کشادہ جگہ پر تشریف فرما ہوئے۔

عالمگیر بیعت کا بابرکت سلسلہ الٰہی نوشتوں کی روشنی میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے1993ء میں شروع فرمایا تھا۔ اس لحاظ سے اس سال جلسہ سالانہ یوکے پر ہونے والی 26 ویں عالمگیر بیعت کی تقریب منعقد ہوئی۔اس خصوصی تقریب کے لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ و السلام کا ایک بادامی رنگ کا کوٹ زیب تن کیا ہوا تھا۔

بیعت لینے سے پہلے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ اِ مسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک سو بیس ممالک سے تین سو قوموں سے تعلق رکھنے والے چھے لاکھ اڑسٹھ ہزار پانچ صد ستائس (668527) افراد نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی صداقت کو قبول کرنے کی توفیق پائی اور احمدیت میں باقاعدہ طور پر شمولیت اختیار کی۔ الحمد للہ رب العالمین۔

اس کے بعد حضورِ انور بیعت کے الفاظ پڑھتے اور تمام حاضرینِ جلسہ یہاں پر اور دنیا بھر کے احمدی لائیواس بابرکت تقریب میں شامل ہوتے ہوئے اپنی اپنی مساجد، سنٹرز اور گھروںمیں حضورِ انور کی اقتدا میں یہ الفاظ دہراتے رہے۔ پہلے حضورِ انورنے عربی عبارت کے بعد انگریزی میں عہدِ بیعت دہرایا اور مختلف زبانوں کے مترجمین ساتھ ساتھ ترجمہ کرتے رہے۔ جبکہ دوسرے مرحلہ پر حضورِ انور نے صرف اردو میں الفاظِ عہدِ بیعت دہرا کر حاضرین و ناظرین و سامعین سے بیعت لی۔

عہدِ بیعت

اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ

آج میں (مسرور) کے ہاتھ پر بیعت کر کے جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہوتا ہوں۔میرا پختہ اور کامل ایمان ہے کہ حضرت محمد رسول اللہﷺ خاتم النبیین ہیں۔ میں حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ الصلوٰۃ والسلام کو وہی امام مہدی اور مسیح موعود تسلیم کرتا ہوں جس کی خوشخبری حضرت محمد رسول اللہﷺ نے عطا فرمائی تھی۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مقرر فرمودہ دس شرائط بیعت کا پابند رہنے کی کوشش کروں گا۔ دین کو دنیا پر مقدم رکھوں گا۔ خلافتِ احمدیہ کے ساتھ ہمیشہ وفا کا تعلق رکھوں گا۔ اور بحیثیت خلیفۃ المسیح آپ کی تمام معروف ہدایات پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا۔

اَسْتَغْفِرُ اللہَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَیْہِ

رَبِّ اِنِّیْ ظَلَمْتُ نَفْسِیْ وَاعْتَرَفْتُ بِذَنْبِیْ فَاغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ فَاِنَّہٗ لَا یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ اِلَّا اَنْتَ

(اے میرے رب میں نے اپنی جان پر ظلم کیا اور میں اپنے گناہوں کا اقرار کرتا ہوں۔ تو میرے گناہ بخش کہ تیرے سوا کوئی بخشنے والا نہیں)

عالمگیر اخوّت کے اس بے نظیر مظاہرہ یعنی عالمی بیعت کی اس نہایت بابرکت تقریب میں اس بات کی یقین دہانی کی گئی کہ عالمی بیعت کے دوران جلسہ گاہ اور اس کے گرد و نواح میں موجود تمام افراد کا امام وقت امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ انسانی زنجیر کے ذریعہ جسمانی رابطہ بھی ہو جائے۔چنانچہ بیعت کے دوران گویا پنڈال میں موجود تمام احمدی اپنے آقا و امام کی معیت میں کئی ہزار جانیں اور ایک وجود کا بے مثال منظر پیش کر تے ہوئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی پیشگوئی کو پورا کرتے نظر آتے تھے کہ آنے والے زمانہ میں تم لوگ ان مسلمانوں سے مل جانا جو ایک ‘جماعت’ ہوں۔

Image result for ‫دس شرائط بیعت‬‎
دس شرائط بیعت

عالمی بیعت کے بعد تمام احباب نے حضور کی اقتدا میں اپنے مولیٰ کریم کے حضور بارہ بج کر 19؍ منٹ پر سجدۂ شکر میں گر گئے اور تکمیلِ سجدہ کے بعد یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ حضورِ انور اس کے فورًا بعد اسٹیج پر تشریف لے گئے جہاں سے نمازِ ظہر و عصر کے لئے اذان کہی گئی۔ بعد ازاں پیارے حضور نے نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں اور اپنے دفتر واپس تشریف لے گئے۔

اللہ تعالیٰ تمام احبابِ جماعت کو بیعت کی حقیقی روح کے مطابق حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی سچی اطاعت کرنے کی توفیق عطا فرمائے کہ

؎ یہ بیعت نہیں ہے یہ سودا ہے دل کا

الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے فی الحال بس اتنا ہی۔ جلسہ سالانہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے الفضل کی ویب سائیٹ www.alfazl.comسے استفادہ کیجیے۔ اور موبائل فون پر الفضل کی ایپلیکیشن انسٹال کرنے کے لیے Google Play Store یا Apple App Store پر جا کر alfazl لکھ کر تلا ش؍ سرچ کیجیے اور جلسے کے متعلق تازہ بتازہ خبروں سے لطف اندوز ہوئیے۔

(رپورٹ: احسن مقصود)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button