جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ امریکہ کے 71ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ امریکہ کو اپنا 71 واں جلسہ سالانہ مورخہ 12تا14جولائی 2019ء (جمعہ، ہفتہ، اتوار) ہیرس برگ کے فارم شو کمپلیکس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

ہیرس برگ کے اس کمپلیکس میں بہت بڑے بڑے وسیع و عریض ہال ہیں جو جلسہ کی ضروریات کو احسن رنگ میں پورا کرتے ہیں۔ مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ جلسہ گاہ کے علاوہ اس کمپلیکس میں کئی جماعتی سٹالز بھی لگتے ہیں۔

گزشتہ سال کی طرح امسال بھی ڈائننگ ایریا بہت اچھے اور عمدہ طریق پر میز کرسیوں سے اور معذور احباب کے لیے الگ بیٹھنے کے انتظام کے ساتھ تیار کیا گیا تھا۔ یہ حصہ تربیتی و اخلاقی امور پر مشتمل بینرز سے بھی سجایا گیا تھا جس میں نمازوں، ذکر الٰہی، درود و استغفار اور کھانے کے آداب و معاشرتی آداب پر مشتمل قرآن و حدیث اور ملفوظات حضرت مسیح موعودؑ اور خلفاء کے اقوال و ارشادات آویزاں تھے۔ خواتین نے بھی اپنے حصہ کو مختلف بینرز سے سجایا ہوا تھا اور سٹالز بھی لگائے ہوئے تھے۔ امسال جلسہ کا مرکزی موضوع اللہ تعالیٰ کی صفت ‘اَلْوَلِّی’ تھا اس لحاظ سے کئی بینرز اس موضوع سے متعلق بھی لگائے گئے تھے۔

جلسہ کے انتظامات تو کافی عرصہ پہلے سے ہی شروع ہو جاتے ہیں تاہم جلسہ کے 3یا 4 ماہ قبل کاموں میں تیزی آجاتی ہے۔ جلسہ گاہ مسجد بیت الرحمان میری لینڈ (ہیڈکوارٹر جماعت یو ایس اے) سے 2گھنٹہ کی مسافت پر ہے۔ خداتعالیٰ کے فضل سے کارکنان جلسہ بہت محنت سے وہاں جاکر کام کرتے ہیں۔فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کے ایام میں باقاعدہ با جماعت نماز تہجد اور قرآن و حدیث کے درس کا انتظام رہا۔ صرف جلسہ گاہ ہی میں نہیں بلکہ تمام رہائش گاہوں (ہوٹلوں میں جہاں پر احمدی احباب ٹھہرے ہوئے تھے) پر بھی نماز تہجد باجماعت اور نماز فجر نیز درس کا انتظام تھا۔

جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ

جلسہ سالانہ کے انتظامات کے لیے ہیرس برگ کا کمپلیکس شو فارم 9 جولائی بروز منگل مل گیا تھا۔ چنانچہ انتظامات کا معائنہ محترم امیر صاحب امریکہ نے 11جولائی 2019ء جمعرات شام کو فرمایا۔ آپ نےشعبہ جات کا معائنہ فرمایا اورناظمین سے اور ورکرز سے معلومات بھی لیں اور موقعہ پر ہدایات بھی دیں۔ آپ کے ساتھ افسر صاحب جلسہ سالانہ، افسر صاحب جلسہ گاہ اور افسر خدمت خلق بھی تھے۔

محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ امریکہ معائنہ انتظامات کے دوران شعبہ ایم ٹی اےکا جائزہ لے رہے ہیں

معائنہ انتظامات کے بعد سب ورکرز مرد و زن جلسہ گاہ جمع ہوئے ۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد محترم امیر جماعت امریکہ ڈاکٹر مرزا مغفور احمد صاحب نے مختصرخطاب کیا۔ آپ نے سب رضاکاروں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ آپ سب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کو بھی مسکراتے چہروں کے ساتھ خوش آمدید کہیں اور ہر ایک کی ضروریات کا خیال رکھیں۔ مہمان نوازی کے بلند معیار قائم کریں جس طرح کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے کیے ہیں ۔آپ نے لنگر خانے کے منتظمین کو خاص ہدایت فرمائی کہ کسی صورت میں بھی کھانا کم نہ پڑے۔ ہر ایک کی بلاامتیاز خدمت کی جائے۔

آپ نے مزید کہا کہ دعاؤں پر خاص زور دیں اور بعد میں اجتماعی دعا کرائی اور سب کارکنان نے محترم امیرصاحب کے ساتھ اور مہمانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔

جلسہ سالانہ کا پہلا دن

12جولائی بروز جمعۃ المبارک حضور انور کے تازہ خطبہ جمعہ کی ریکارڈنگ جلسہ گاہ میںاحباب کو سنائی گئی۔یاد رہے کہ امریکہ میں صبح 8 بجے حضور انور کا براہ راست خطبہ نشر ہوتا ہے۔ اس دوران اکثر افراد جلسہ کے سفر پر تھے۔ اس لیےاس کی ریکارڈنگ جلسہ گاہ میں سنائی گئی۔

چار بج کر دس منٹ پر محترم مرزا مغفور احمد صاحب امیر جماعت امریکہ نے کمپلیکس کے باہر داخلی دروازے پر لوائے احمدیت لہرایا۔ محترم مشنری انچارج مولانا اظہر حنیف صاحب نے امریکہ کا جھنڈا لہرایا۔ پنسلوینیا سٹیٹ کا جھنڈا صدر جماعت ہیرس برگ مکرم ڈاکٹر مبشر ممتاز صاحب نے لہرایا۔

پہلا سیشن

جلسہ کا پہلا سیشن ٹھیک ساڑھے 4 بجے محترم امیر صاحب کی زیر صدارت مکرم حافظ مبارک احمد صاحب نائیجیرین کی تلاوت قرآن پاک سے شروع ہوا ۔ محترم جنید لطیف صاحب نے آیات قرآنیہ کا ترجمہ انگریزی میں پیش کیا۔ مکرم خالد منہاس صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے منظوم کلام میں سے منتخب اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے۔ جن کا ترجمہ برادر عبداللطیف بینٹ (Benett) نے پیش کیا۔

اس کے بعد محترم امیر صاحب نے حضور انور کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ حضور کا پیغام جلسہ کی تمام سکرینز پر حضور کی تصویر کے ساتھ Display بھی ہوتا رہا۔ (اس پیغام کا اردو ترجمہ صفحہ 9 پر ملاحظہ فرمائیں)

افتتاحی اجلاس جلسہ سالانہ امریکہ کا ایک منظر

……………………………………………………………………

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اس پیغام کے بعد دعا ہوئی جو محترم امیر صاحب نے کرائی اور پھر جلسہ کی بقیہ کارروائی ہوئی۔

اس سیشن میں درج ذیل تقاریر ہوئیں۔

٭…اللہ تعالیٰ کی صفت ’’اِلْوَلِیُّ‘‘ از مکرم عمر شہید صاحب

٭…’’اللہ تعالیٰ کے محبین و مقربین کی خصوصیات‘‘ از مکرم مولانا رضوان خان صاحب

٭…’’دسویں شرط بیعت کی روشنی میں خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنا‘‘ از مکرم ڈاکٹر سید وسیم احمد صاحب

اعلانات کے بعد یہ سیشن اپنے اختتام کو پہنچا۔

جلسہ سالانہ کادوسرا دن بروزہفتہ
پہلا سیشن

اس سیشن کا آغازمکرم ڈاکٹر مسعود ملک صاحب نائب امیر امریکہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سےہوا۔مکرم حافظ احسان شوکت صاحب نے تلاوت کرنےاور محترم خیر البریہ صاحب نے ترجمہ پڑھنے کی سعادت پائی۔نظم مکرم کلیم بھٹی صاحب نے پڑھی اور اس کا ترجمہ مکرم عبدالرحیم لطیف صاحب نے کیا۔

اس اجلاس میں درج ذیل تقاریر ہوئیں:

٭…’’دیار مغرب میں بقاء مومن، وابستگی ایمان سے ہے۔‘‘ ازمکرم حارث راجہ صاحب

٭…’’ہمارا خدا ایک ہے‘‘ از مکرم ڈاکٹر صاحبزادہ عثمان لطیف صاحب

٭… ’’معاشرہ میں غیراخلاقی رجحان سے کس طرح محفوظ رہا جائے‘‘ از مکرم عبدالحئی داؤد باجوہ تھامس صاحب

٭…’’وقف زندگی کی اہمیت‘‘ از مکرم مولانا محمود کوثر صاحب

آخر پر ہیومینٹی فرسٹ میںنمایاں خدمت کرنے والوں میں مکرم ملک مسعود صاحب نائب امیر نے ایوارڈ تقسیم کیے۔

اختتامی اجلاس کا ایک منظر

دوسرا سیشن

کھانے اور نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد ٹھیک 3 بجکر 45 منٹ پر یہ سیشن مکرم ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ صاحب نائب امیر امریکہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ مکرم عدنان ملک صاحب نےتلاوت کرنے اور مکرم طارق شریف صاحب نے متلوآیات کا ترجمہ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ مکرم زبیر عبیداللہ صاحب نے نظم اور اس کا ترجمہ مکرم مصطفیٰ صادق اسد صاحب نے پیش کیا۔ یہ سیشن امریکی مہمانوں کے لیے ہوتا ہے۔ اس اجلاس میںمکرم مجیب اعجاز صاحب نے ’’خدمت انسانیت۔ اسلام کی بنیادی تعلیم‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔

اس کے بعد مکرم امجد محمود صاحب سیکرٹری امور خارجیہ امریکہ نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ ان مہمانوں نے مختصر طور پر اپنے تأثرات کا اظہار کیا ۔ سب نے جماعت کی کارکردگی اور جماعتی خدمات کو سراہا۔

مہمانوں کے نام درج ذیل ہیں:

Mr. KURT J. WERTHMULLER, POLICY ANALYST, U.S. COMMISSION ON INTERNATIONAL RELIGIOUS FREEDOM

REP. ANDREW LEWIS, MEMBER, PENNSYLVANIA HOUSE OF REPRESENTATIVES

SUE HENDERSON, VICE PRESIDENT OF U.S. OPERATIONS, HABITAT FOR HUMANITY

BLAKE STRAYHORN PRESIDENT/EXECUTIVE DIRECTOR, HABITAT FOR HUMANITY DURHAM, NC

.NORMA TORRES, U.S. CONGRESSWOMAN D-CA

.HONORABLE NEFTALY ALDANA HERRERA, JUDGE, CONSTITUTIONAL COURT OF GUATEMALA

HIS EXCELLENCY SIDIQUE ABOU-BAKARR WAI, AMBASSADOR OF SIERRA LEONE TO THE UNITED STATES

RUSHAN ABBAS, EXECUTIVE DIRECTOR, CAMPAIGN FOR UYGHURS

اس سیشن کے شروع ہونے سے قبل ان سب مہمانوں کی خدمت میں محترم امیر صاحب امریکہ کے ساتھ ظہرانہ بھی پیش کیا گیا۔ انہیں جماعتی لٹریچر بھی پیش کیا گیا۔

معزز مہانوں کے خطاب کے بعد مکرم رشید رینو صاحب (Rasheed Reno) نے Compassion in a Time of Crisis کے عنوان پر تقریر کی۔ اعلانات پر یہ سیشن ختم ہوا اس کے بعد سب مہمانوں کو عشائیہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر بھی مکرم ڈاکٹر سید وسیم احمد صاحب نے ان سب کے ساتھ نیز زیرتبلیغ احباب کے ساتھ ایک تبلیغی نشست کا بھی انتظام کیا ہوا تھا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے سب مہمان جماعت احمدیہ کی مہمان نوازی، حسن انتظام اور تعلیمات سے متاثر ہو کر گئے اور اپنے ریمارکس میں جماعت کے اس ماٹو کو بہت سراہا کہ ‘‘محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں’’۔

اس دفعہ جلسہ سالانہ کے موقع پر تین تبلیغی سیشن ہوئے۔الحمدللہ

جلسہ سالانہ کا اختتامی اجلاس 14جولائی بروزاتوار

14جولائی 2019ء بروز اتوار جلسہ سالانہ کا آخری سیشن ٹھیک دس بجے مکرم امیر صاحب امریکہ ڈاکٹر مرزا مغفور احمد صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ مکرم مولانا سلمان طارق صاحب نے تلاوت کرنے اورمتلو آیات کا انگریزی ترجمہ مکرم جلال الدین لطیف صاحب نے پڑھنے کی سعادت پائی۔ نظم مکرم بلال راجہ صاحب نے پڑھی اور ان اشعار کا انگریزی ترجمہ مکرم بشیر اسد صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد ایوارڈ تقسیم ہوئے۔ طاہر اکیڈیمی کا ایوارڈ ،تعلیمی ایوارڈز،مجلس انصاراللہ، مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں مکرم مرزا مغفور احمد صاحب امیر جماعت امریکہ نے ایوارڈ تقسیم کیے۔

بعد ازاں درج ذیل تقاریر ہوئیں:

٭…’’اوائل عمری میں شادی‘‘ از مکرم ڈاکٹر بلال رانا صاحب

٭…’’نسلی تعصب کی بڑھتی ہوئی وبا اور اس کے بچنے کی اسلامی تعلیم‘‘ از مکرم نصراللہ احمد صاحب ملواکی۔

٭…مکرم ڈاکٹر فہیم یونس قریشی صاحب نے صحابی رسول ﷺ حضرت عبداللہ بن جبیرؓ کے بارے میں جنگ احد میں ان کی جانثاری، فدائیت کے واقعات کی روشنی میں احباب کو عمل کی طرف توجہ دلائی۔

٭…مکرم مولانا اظہر حنیف مشنری انچارج اور نائب امیر امریکہ نے ‘‘ذکر ِحبیب’’ کے عنوان سے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی سیرت کے واقعات بیان کیے۔

مکرم محترم امیر صاحب امریکہ مرزا مغفور احمد صاحب نے اختتامی خطاب فرمایا۔

آپ نے سورۃ البقرۃ اور سورۃ الجمعہ کی ابتدائی آیات پڑھ کر ان آیات کے مضمون کی روشنی میں جماعت کو عبادات، مالی قربانی، اخلاص اور عملی حالتوں کو سدھارنے کی طرف خصوصی توجہ دلائی۔

محترم امیر صاحب نے نظام وصیت میں شمولیت کے بارے میں بھی احباب جماعت کو توجہ دلائی ۔

خواتین میں حجاب اور پھر طلاق کے مسئلہ کو بھی آپ نے وضاحت کے ساتھ بیان کیا ۔اوروالدین کو ذمہ داری کے ساتھ ساتھ بچوں کو خداتعالیٰ کے ساتھ، خلافت کے ساتھ اور جماعت کے ساتھ تعلق پیدا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

محترم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جلسہ سالانہ 25دسمبر 1897ء سے کچھ اقتباسات بھی پڑھ کر سنائے ۔

خطاب کے آخر میں محترم امیر صاحب نے احباب کو دعائیں کرنے، نیز کثرت کے ساتھ درود شریف پڑھنے اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کے لیے اور جماعت امریکہ اور پاکستان کے احمدیوں کے لیے خاص طور پر دعائیں کرنے کی تحریک کی۔

دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔

خواتین کا پروگرام

جلسہ سالانہ کے دوسرے دن بروز ہفتہ خواتین نے اپنے دو الگ اجلاسات کیے جن کی صدارت صدر لجنہ اماء اللہ امریکہ نےکی ۔تلاوت اور نظم کے بعد شکاگو کی محترمہ امۃ القدوس صاحبہ نے ’’مذہب اور قوم کے لیے پختہ عہد‘‘ کے عنوان پر تقریرکی اورمحترمہ حاجہ امۃ الرحمان احمد صاحبہ نے ’’آنحضرت ﷺ کے احسانات مسلموں اور غیرمسلموں کے لیے یکساں طور پر‘‘ کے عنوان پر تقریرکی۔ اس کے بعد نظم پڑھی گئی۔ اس کے بعد محترمہ Samanstha Issam صاحبہ نے ’’مرد و عورت ایک دوسرے کا لباس‘‘ کے عنوان پر، ہیوسٹن کی محترمہ حاجہ خدیجہ Ogunbiyi صاحبہ نے اطاعت امام پر تقریر کی۔ اس کے بعد ناصرات میں قرآن کریم کے مقابلہ کے ایوارڈ تقسیم کیےگئے۔

خواتین کا دوسرااجلاس

تلاوت و نظم کے بعد پہلی تقریر محترمہ نازیہ احمد صاحبہ آف واشنگٹن نے ’’حضرت عائشہ کی سیرت‘‘ پر کی۔ محترمہ رابعہ چوہدری صاحبہ آف Silicon Valleyنے ’’موجودہ زمانہ کی ایجادات اوراس کے نقصانات و فوائد ‘‘ پر کی۔ پھر ایک نظم ہوئی جس میں نئے آنے والوں کو خوش آمدید کہا گیا۔ آخر میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ محترمہ Dhiya Tahira Bakr صاحبہ آف زائن نے ’’موجودہ وقت کا پیغام‘‘ پر تقریر کی۔ اعلانات پر یہ سیشن اختتام پذیر ہوا۔

متفرق سٹالز اورنمائش

امسال بھی جلسہ سالانہ کے موقع پر تصاویر کی نہایت دیدہ زیب نمائش لگائی گئی۔ مختلف ممالک میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہ جات خصوصاً امریکہ اور یورپ کے ممالک میں ’’اسلام کی پرامن تعلیمات‘‘ کے بارے میں جو لیکچر اور خطابات ہوئے، ان کی نمائش آویزاں تھی۔

ان کے علاوہ آمین کی تقریب اور وقفِ نو کا پروگرام بھی ہوا۔ رشتہ ناطہ کی ورکشاپ اور ہیومینٹی فرسٹ کا سٹال بھی لگایا گیا تھا۔

احباب کی سہولت کے لیے جلسہ کی تقاریر کا انگریزی سے اردو اور سپینش میں بھی ترجمہ ہوتا رہا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ جلسہ تمام شاملین کے لیے ایک نئی روحانی زندگی کا باعث بنا ہو اور ہم سب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی دعاؤں کے وارث بنیں۔آمین۔

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر ۔ نائب افسر جلسہ گاہ )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button