نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب مورخہ 29؍ دسمبر 2018ء

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ مورخہ 29؍دسمبر2018ءکو نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم مرزا عبد الرشید صاحب (واقف زندگی ۔حال یوکے)ابن مکرم مرزا محمد عبد اللہ صاحب۔ دفعدار درویش قادیان کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر:

مکرم مرزا عبد الرشید صاحب (واقف زندگی ۔حال یوکے)ابن مکرم مرزا محمد عبد اللہ صاحب۔ دفعدار درویش قادیان

17دسمبر 2018ء کو لمبی علالت کے بعد 83 سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم نے زندگی وقف کرکے تقریباً 62سال تحریک جدید ربوہ کے مختلف دفاتر میں نیز اکاؤنٹنٹ جامعہ احمدیہ خدمت کی توفیق پائی ۔ مجلس خدام الاحمدیہ اور انصار اللہ میں بھی مختلف عہدوں پر خدمت بجالانے کا موقع ملا۔صوم وصلوٰۃ کے پابند ، بہت ہنس مکھ ، دیندار ، خدمت گزار،نیک اور مخلص انسان تھے۔ مسجد مبارک ربوہ میں درس القرآن اور نماز تراویح میں باقاعدگی سے شمولیت کے علاوہ کئی سالوں تک ربوہ کی مختلف مساجد میں اعتکاف بھی بیٹھتے رہے ۔ چندہ جات ادا کرنے میں باقاعدہ تھے اور بچوں کو بھی بروقت چندہ ادا کرنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔آپ کو اسیر راہِ مولیٰ ہونے کی بھی سعادت حاصل ہوئی اور لمبا عرصہ آپ پر مقدمہ چلتا رہا۔ مرحوم موصی تھی ۔ پسماندگان میں پانچ بیٹے اور دو بیٹیوں کے علاوہ کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یادگار چھوڑے ہیں۔ جن میں سے 14 بچے وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب:

-1مکرم انجینئر ارشاد احمد خان صا حب(سابق امیر جماعت ضلع پشاور و صوبہ سرحد)

25؍ دسمبر2018ءکو79 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نمازوںکے پابند، دعا گو،غریب پرور اور بہت نڈرانسان تھے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اورخلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ مردان اور پشاور میں مختلف تنظیمی اور جماعتی عہدوں پر کام کرنے کے علاوہ آپ نے امیر جماعت ضلع پشاور اور امیر جماعت صوبہ سرحد کے طورپربھی خدمت کی توفیق پائی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور سلسلہ کی کتب پڑھنے کا بہت شوق تھا اوربہت اعلیٰ علمی ذوق رکھتے تھے ۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی طرف سے دعوت الی اللہ کی تحریک پر پورے صوبہ میں کثرت سے رابطے پیدا کیے اور اس کے لیے اکثر میڈیکل کیمپس کا بھی اہتمام کروایا کرتے تھے ۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے بچے بھی کسی نہ کسی رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2مکرم مرزا ناصر احمد صا حب ابن مکرم مرزا عطاء اللہ صاحب (کیلیفورنیا۔امریکہ)

27؍نومبر 2018ءکو بقضائےالٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت بابا ہدایت اللہ صاحب (کوچہ چابک سواراں لاہور )کے پوتے تھے ۔بہت سادہ مزاج، باوقار، مہمان نواز ،مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ کام کے سلسلہ میں پہلے ڈھاکہ میں رہے اورجب وہاں حالات خراب ہوئے تو پھر آپ لاہور آگئے ۔بعدازاں 1997ء میں اپنے بیٹے کے پاس لاس اینجلس (امریکہ )شفٹ ہو گئے ۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دوبیٹیاں اور ایک بیٹا، 7 نواسے نواسیاں اور 3پوتے پو تیاں یاد گار چھوڑے ہیں۔ آپ کی ایک بھتیجی مکرمہ فائزہ وقاص صاحبہ یہاں پرائیویٹ سیکرٹری کی انگلش ڈاک ٹیم میں خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اورانہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button