جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ بینن کا کامیاب اور بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سےامسال جماعت احمدیہ بیننکو اپنا تیسواں جلسہ سالانہ مورخہ21 تا 23 دسمبر 2018ءمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ جلسہ بینن کے شہر آلاڈا (Allada) کے وسیع میدان Omnisport میں منعقد ہوا جو کہ کوتونو شہر سے شمال کی طرف جانے والی شاہراہ پر 50کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔

حضورِ اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہِ شفقت جلسہ سالانہ 2018ء کا موضوع Religion at the service of Humanityمنظور فرمایا۔

جلسہ گاہ کی تیاری کا عمل ماہِ دسمبر کے آغاز سے ہی شروع کر دیا گیا اور وقارِ عمل کے ذریعہ سے اس کی صفائی کروائی گئی ۔

جلسہ سالانہ کے سلسلہ میں بینن کے ریڈیو اسٹیشن اور ہر ریجن میں موجود مختلف FMریڈیوز میں جلسہ کی بابت اعلانات باقاعدگی سے کیے گئے۔ اس کے علاوہ بعض پروگرامز بھی کروائے گئے جن میں جلسہ کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی گئی ۔ یہ پروگرامز سن کر کئی غیر از جماعت لوگوں نے بھی جلسہ میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا۔جلسے سےقبل جلسے کا پروگرام ،فولڈر ز اور پوسٹرز بھی کثیر تعداد میں شائع کرکے مشنز، مساجد اور پبلک مقامات پر آویزاں کیے گئےتا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس بارے میں آگاہی ہو۔ ان فولڈرز اورپوسٹرز پرشاملین جلسہ کےلیے پروگرام جلسہ کے علاوہ ارشادات حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور ہدایات برائے جلسہ سالانہ درج تھیں۔

نمائش

جلسہ سالانہ کے موقع پر خصوصی اہمیت کی حامل ایک نمائش بھی لگائی گئی جس میں قرانِ کریم کے 70سے زائد زبانوں میں تراجم، جماعت احمدیہ کا تعارف ،حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفاء کے سوانح پر مشتمل Banners اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔ اس کے علاوہ حضرت سر ظفر اللہ خان صاحبؓ اور مکرم ڈاکٹر عبد السلام صاحب کی سوانح اور کارناموں پر مشتمل Bannerبھی آویزاں کیے گئے اور ہیومینیٹی فرسٹ اور IAAAE نے بینن میں جو خدمت انسانیت کے کام کیے ہیں ان کی مختصر تاریخ اور رنگین تصاویر سے مزیّن فلیکسز بھی لگائی گئیں۔اس کے علاوہ جماعت احمدیہ کا لٹریچر جلسہ کے دوران تقسیم کیا گیا۔ اس نمائش میں مسلسل MTAچلانے کا بھی انتظام کیا گیا۔

جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والےاعلیٰ افسران اور مذہبی و سیاسی شخصیات نے اس نمائش کو دیکھا اور اس نمائش کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کی خدمات کوبرملا سراہا۔

پہلا دن۔ 21، دسمبر 2018ءبروز جمعۃالمبارک

بینن کے شمالی اور دور افتادہ علاقوں سے احباب جلسہ میں شمولیت کے لیے ایک دن قبل ہی پہنچ چکے تھے۔جن کا خدام نے والہانہ استقبال کیا ۔

جلسہ کا پہلا دن 21دسمبر 2018ء بروز جمعۃ المبارک 1بجے دوپہر مکرم رانا فاروق احمد صاحب امیر جماعت بینن نے جلسہ کی اہمیت اور برکات کے مضمون پر خطبہ دیا اور نمازِ جمعہ پڑھائی۔

افتتاحی اجلاس

جلسہ کے پہلے روز مورخہ 21، دسمبر 2018ءشام 3 بج کر 45منٹ پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں لوائے احمدیت مکرم امیر صاحب بینن نے بلند کیا جبکہ بینن کے قومی پرچم کو مکرم مصلح بکری صاحب ، نائب امیر بینن نے بلند کیا ۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب بینن نے دعا کروائی۔
افتتاحی اجلاس کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر صاحب بینن کی صدارت میں تلاوتِ قرآن کریم مع فرانسیسی ترجمہ اور نظم سے ہوا جس کے بعد نمائندہ گورنر اٹلانٹک، نمائندہ مئیر آف آلاڈا،اعزازی صدرمسلم کمیٹی بینن و سابق ممبر آف پارلیمنٹ ، امام جابر زانفارا آف جُگو، پاکستانی اور دیگر ممالک کے کونسلر زنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ان سب نے اس بات کا اظہار کیا کہ جماعت احمدیہ ملک بینن میں قیام امن، روا داری ،بھائی چارہ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ آپ جو انسانیت کی فلاح کے لیے کام کرتے ہیں اس کی کسی دوسرے فرقے میں نظیر نہیں ملتی۔

شاملین جلسہ سالانہ بینن

اس کے بعد مکرم امیر صاحب بینن نےReligion at the service of Humanity ‘‘مذہب انسانیت کی خدمت کے لیے ’’کے موضوع پر افتتاحی تقریر کی۔آپ نے آیاتِ قرآنیہ، احادیث نبویؐ، ارشادات حضرت مسیح موعود علیہ السلام و خلفائےکرام کی روشنی میں اپنی تقریر کو آسان اور عام فہم بنا کر پیش کیا۔ آپ نے جماعت احمدیہ کی دنیا بھر میں کی جانے والی خدمات کی تصویر پیش کی جس میں IAAAEاور ہیومینٹی فرسٹ کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی جس کے بعد اس تقریر کا 4مختلف مقامی زبانوں میں ترجمہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد دعا کے ساتھ پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔رات کو کھانے کے بعد شاملین جلسہ کو حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ کی فرانسیسی ریکارڈنگ دکھائی گئی۔

دوسرا دن ۔ 22دسمبر 2018ء بروز ہفتہ

دوسرا اجلاس

مورخہ 22 ، دسمبر 2018ءجلسہ سالانہ کے دوسرےدن کا آغاز حسبِ معمول نمازِ تہجد سے ہوا۔نمازِ فجر کے بعد ‘‘نماز باجماعت کی اہمیت’’ پر درس دیا گیا۔ جلسہ کے دوسرے اجلاس کا آغاز بھی تلاوتِ قرآن کریم مع فرانسیسی ترجمہ سے ہوا اور اس کے بعدنظم مع فرانسیسی ترجمہ پیش کی گئی۔ ا س کے بعد بعض علاقوں کے بادشاہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیاجس میں مانیگری کے بادشاہ جو کہ احمدی ہیں اورآلاڈا کے ایک علاقہ سے آئے ہوئے ایک بادشاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس کے بعد پہلی تقریر ‘‘مذہب بالمقابل مادیت پرستی’’کے موضوع پر پیش کی گئی۔ دوسری تقریر‘‘غربت کے خلاف جہاد میں اسلام کا کردار’’ کے موضوع پر ہوئی۔ اس کے بعد نمازِ ظہر و عصر ادا کی گئیں اور طعام کا وقفہ ہوا۔

دوسرا دن ۔ تیسرا اجلاس

جلسہ کے تیسرے اجلاس کی صدارت مکرم بکری مصلح صاحب، نائب امیر بینن نے کی جس کا آغازتلاوتِ قرآنِ کریم اور نظم سے ہوا ۔ اس کے بعد پہلی تقریر‘‘نظام ِخلافت’’ کے موضوع پر پیش کی گئی۔ دوسری تقریر ‘‘عمر رسیدہ افرادکی نسبت نوجوانوں کی ذمہ داریاں ’’کے موضوع پر ہوئی ۔ اس کے بعد نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ پھر تمام شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور کھانے کے بعد ‘‘جماعت احمدیہ کا تعارف’’ کے موضوع پر ایک پروگرام مقامی زبانوں میں پیش کیا گیا۔

تیسرا دن 23؍ دسمبر2018ء

مورخہ 23، دسمبر 2018ءجلسہ سالانہ کے تیسرےدن کا آغاز نمازِ تہجد سے ہوا۔ اس کے بعد نمازِ فجر ادا کی گئی جس کے بعد ‘‘نمازِ تہجد کی اہمیت’’ پر درس ہوا۔

تیسرا دن ۔ اختتامی اجلاس

جلسے کے اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب بینن نے کی۔ تلاوت اور نظم مع فرانسیسی ترجمہ پیش کی گئیں۔ اس کے بعد پہلی تقریر‘‘اولاد کی تعلیم و تربیت میں والدین کا کردار’’کے موضوع پر ہوئی۔ دوسری تقریر ‘‘ملکی نظام کے بالمقابل مذاہب کی ذمہ داریاں’’کے موضوع پر فرانسیسی زبان میں پیش کی گئی۔ان تقاریر کے تین مختلف لوکل زبانوں میں تراجم بھی ہوئے ۔ اس کے بعد امیر صاحب بینن نے اختتامی کلمات کے ساتھ اس بابرکت جلسہ کا اختتام کیا۔ آپ نے دور دراز علاقوں سے سفر کی تکالیف و اخراجات برداشت کرکے آنے والے شاملین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور دعا کرائی۔ دعا کے بعد جلسہ میں شامل تمام افراد کھڑے ہو گئے اور بآوازِ بلند کلمہ طیبہ لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ خاص افریقن طرز پر پڑھا جس سے ایک عجیب روح پرور فضا قائم ہو گئی اور کافی دیر تک تمام حاضرین بشمول سٹیج پر موجود معزز مہمانان کے ، سب نے کلمےکا ورد کیا۔

جلسہ سالانہ بینن کی خبر مختلف ٹی وی چینلز جن میں سرِِفہرست ORTB ہےنے نشر کی۔ اس کے علاوہ ملک کے سب سے مشہور اخبارات جن میں Le Matinal اور Fraternitéشامل ہیں نے خبر شائع کی۔ ان اخبارات نے جماعت احمدیہ کو 30ویں جلسہ سالانہ کی مبارکباد پیش کی اور جماعت احمدیہ کے اس جلسہ کی خوبصورت تصاویر بھی شائع کیں۔

جلسہ گاہ برائے لجنہ میں ایک LED سکرین کے ذریعہ تمام پروگرامز براہِ راست دکھائے گئے۔

گزشتہ سالوں میں جلسہ پر آ نے والے احباب کو 40 سے 50 فیصد سفر کے اخراجات دیےجاتے تھے۔ تاہم امسال مرکزی مجلس عاملہ بینن کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ اس بار جلسہ پر آنے والے احباب اپنے سفر کے 100 فیصد اخراجات خود برداشت کریں گے۔ چنانچہ اس جلسہ میں خدا تعالی کے فضل سے ملک بھر سے 3813 افراد نے شمولیت اختیار کی۔ فالحمد للّٰہ علٰی ذٰلک۔اللہ تعالیٰ ان تمام شاملین کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا حقدار بنائے اور تمام برکات جو یہ لوگ اس جلسہ سے سمیٹ کر لے کر گئے ہیں ان کو اپنے گھروں اور اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

(رپورٹ مرتبہ مرزا فرحان بیگ۔ مبلغ سلسلہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button