افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے مشاکا (Masiaka) ریجن میں مسجد کا افتتاح

احمدی مردو زَن اور بچوں کی جانب سے مسجد کی تعمیر کے دوران مثالی وقارِ عمل

محض اللہ تعالی کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو 7؍ اپریل 2019ء کو ‘مشاکا ’ ریجن کی جماعت ‘روبس1’ (Robis 1) میں ایک خوبصورت مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک۔ یہ مسجد مشاکا (Masiaka) سے روبیرے جنکشن (Rogbere Junction) جاتے ہوئے مرکزی شاہراہ پر واقع ہے اور ہر وہ مسافر جو ملک کے شمالی صوبے کی طرف جا رہا ہو اس کا نظارہ کر سکتا ہے اور یہاں ٹھہر کر نماز ادا کرسکتا ہے۔

اس مسجد کا کل رقبہ پونے 3 ٹاؤن لاٹ (پونے 3 کنال) جبکہ مسقف حصہ 53×45 فٹ ہے۔ اس میں ایک وقت میں 300؍افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔مسجد کا سنگ بنیاد مارچ 2018ء میں رکھا گیا۔ مسجد کی تعمیر پر 70ملین لیونزسے زائد خرچ آیا جو مکرم زرتشت منیر صاحب آف ناروے نے اپنے مرحوم والدین کی طرف سے ادا کیا۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء۔مسجد کے اردگرد بسنے والی7؍ جماعتوں کے احمدی و غیر احمدی احباب یکساں طور پر اس سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔

مسجد کی تعمیر کے دوران گاؤں والوں نے بھرپور وقار عمل کیا۔ اس کی بنیادوں کے لیے عورتوں اور بچوں نے پتھر اکٹھے کیے نیز تعمیر کے دوران پانی کی فراہمی میں بھی خاص کردار ادا کیا۔ اللہ کی فضل سے اس وقارِ عمل سے لاکھوں لیونز کی بچت ہوئی۔ الحمدللہ

مسجد کاافتتاح امیر و مشنری انچارج سیرالیون مکرم محترم مولانا سعید الرحمٰن صاحب نے کیا۔ افتتاحی پروگرام میں تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ پیش کیے جانے کے بعد معزز مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں ریجنل صدر جماعت، ریجنل صدر لجنہ، مقامی چیف امام، اور دو سیکشن چیفس نے تعارفی خطاب کیے۔ پروگرام کے آخر میں مکرم محترم وامیر صاحب نے خطاب فرمایا جس میں آپ نے جماعت احمدیہ کے قیام کی اغراض اور قرآن و سنت و حدیث نبویﷺ کی روشنی میں تعمیر مساجد کے مقاصد بیان فرمائے۔

پروگرام کے بعد مسجد میں نماز ظہر با جماعت ادا کی گئی جس کے بعد شاملین کے لیےظہرانہ کا انتظام تھا۔
اس با برکت تقریب میں ایک ممبر آف پارلیمنٹ آنر ایبل المامی بی کانوصاحب(Hon. Alimany B. Kanu) کونسلر جناب حسن کاربو صاحب (Hassan Kargbo) سیاسی جماعت (SLPP) کے علاقائی چیئرمین جناب ابوبکر بنگورا صاحب (M. Abu Bakar Bangura)، احمدیہ پرائمری سکول کے ہیڈ ٹیچر جناب علی طورے صاحب (Mr. Ali Turay)،احمدیہ سیکنڈری سکول کے پرنسپل جناب ابراہیم ٹی بل صاحب (Mr. Ibrahim T.Bull)، احمدیہ سکولوں کے اساتذہ و طلباء، 65 غیر از جماعت احباب و امام، اور ریجن کی 22 جماعتوں کے بعض احمدیوںسمیت کل 385؍افراد نے شمولیت کی۔اللہ تعالیٰ اس مسجد کی تعمیر ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس کی تعمیر کے مقاصد پورے کرنے کی توفیق بخشے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی، مبلغ سلسلہ سیرالیون)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button