یورپ (رپورٹس)

مسجد بیت الرحمٰن ویلنسیا میں پِیس سمپوزیم کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے 29؍ نومبر 2018ء کو مسجد بیت الرحمٰن ویلنسیا میں امن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف مذاہب کے راہنما شامل ہوئے۔ پروگرام کا آغاز مکرم ڈاکٹر عطا الٰہی منصور صاحب نائب امیر سپین کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم مع سپینش ترجمہ سے ہوا۔ مکرم رانا شاہ زیب صاحب نے تلاوت اور ترجمہ پیش کرنے کی سعادت پائی۔ اس کے بعد مکرم نائب امیر صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جماعت کا تعارف پیش کیا جس میں دنیا بھر میں جماعت کی امن کے متعلق کوششوں اور خاص طور پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن کے حوالہ سے کاوشوں کا ذکر تھا۔

بعد ازاں بدھ ازم کے نمائندہ مکرم El Lama Trynley Gyamtso صاحب نے اپنے مذہب کے حوالہ سے امن کے متعلق تعلیمات پیش کیں۔بدھ ازم کی طرف سے ایک گروپ اس پروگرام میں شامل ہوا۔
ایک مہمان کی تقریر کے بعد عیسائیت کی نمائندگی میں مکرم Antonio Cortes Ferrando Cristiano نے عیسائیت میں امن کے حوالہ سے تقریر کی اور ساتھ جماعت کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں پروگرام کے مطابق حاضرین کو اپنے تأثرات پیش کرنے کی اجازت دی گئی۔ متعدد حاضرین نے اپنے تأثرات پیش کئے اور اپنے نیک جذبات کا ذکر کیا۔

آخری تقریر مکرم ظفر رشید صاحب مربی سلسلہ نے کی اور قیامِ امن کے حوالہ سے اسلام کی خوبصورت تعلیم پیش کی۔

اس پروگرام میں حاضرین کو سوالات کرنے کا بھی موقع دیا گیا۔حاضرین کی ایک کثیر تعداد نے سوالات پیش کیے اور معزز مقررین نے سوالوں کے جوابات دیے۔

پروگرام کے آخر پر مکرم شمریز رضا صاحب صدر جماعت احمدیہ ویلنسیا نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔کھانے کے بعد مہمانوں کے انٹرویوز لیے گئے اور اُن کے تأثرات کو ریکارڈ کیا گیا۔ اس پروگرام میں 15مہمان شامل ہوئے اور کُل حاضری 40 رہی ۔
قارئین الفضل سے دعاؤں کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ سپین کو روز افزوں ترقیات سے نوازے۔ آمین۔

٭…٭…(رپورٹ کلیم احمد۔ مربی سلسلہ ویلنسیا۔ سپین)…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button